اجیت پوار کی پارٹی کے رکن اسمبلی امول مٹکری کا سنسنی خیز انکشاف ، کابینہ میں ایک قلمدان پاٹل کیلئے چھوڑا گیا ہے۔
EPAPER
Updated: December 17, 2024, 6:37 PM IST | Agency | Nagpur
اجیت پوار کی پارٹی کے رکن اسمبلی امول مٹکری کا سنسنی خیز انکشاف ، کابینہ میں ایک قلمدان پاٹل کیلئے چھوڑا گیا ہے۔
حال ہی میں دہلی میں اجیت پوار اور امیت شاہ باری باری ، این سی پی کے بانی شرد پوار سے ملنے گئے تھے۔ اس وقت یہ کہا گیا تھا کہ شرد پوار کی پارٹی کےمزید کچھ اراکین انہیں چھوڑ کر مہایوتی میں شامل ہو سکتے ہیں۔ اب این سی پی ( اجیت) کے رکن اسمبلی امول مٹکری نے یہ کہہ کر سنسنی پھیلادی ہے کہ کابینہ میں ایک جگہ جینت پاٹل کے لئے رکھی گئی ہے۔ وہ مناسب وقت میں مہایوتی میں شامل ہو جائیں گے۔ یاد رہے کہ کابینہ میں کل ۴۰؍ اراکین کو حلف اٹھانا تھا لیکن اتوار کو ۳۹؍ لوگوں نے حلف لیا۔ یعنی ایک جگہ خالی چھوڑ دی گئی ہے۔ جب حلف برداری کے تعلق سے میڈیا نے این سی پی کے نوجوان رکن اسمبلی امول مٹکری سے سوال کیا تو انہوں نے کہا ’’کئی لوگ وزارت کا حلف نہیں اٹھا سکے۔ ان کا ناراض ہونا فطری ہے۔ لیکن جلد ہی انہیں کارپوریشن یا دیگر مقامات پر مناسب عہدہ دیا جائے گا۔ ‘‘ کابینہ میں ایک جگہ خالی کیوں چھوڑ دی گئی ہے؟ یہ سوال پوچھے جانے پر امول مٹکری نے کہا ’’ یہ درست ہے کہ کابینہ میں ایک قلمدان خالی چھوڑ دیا گیا ہے۔ اس کیلئے بہت جلد جینت پاٹل حلف لیں گے۔ ‘‘ انہوں نے کہا ’’ جینت پاٹل کیلئے بہت پہلے سے جگہ چھوڑ کر رکھی گئی ہے اور وہ مہایوتی میں شامل ہونا چاہتے تھے لیکن لوک سبھا الیکشن میں مہاوکاس اگھاڑی کی کامیابی کو دیکھ کر انہوں نے اپنے ارادہ تبدیل کر دیا۔ اب وہ جلد ہی مناسب وقت پر مہایوتی میں شامل ہوں گے
یہ بھی پڑھئے: مجھے منوج جرنگے پا ٹل کا مقابلہ کرنے کی سزا دی گئی ہے : چھگن بھجبل
اور وزارت کا حلف اٹھائیں گے۔ امول مٹکری کے اس بیان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے این سی پی (شرد) کے رکن جتیندر اوہاڑ نے کہا ’’ یہ بے بنیاد باتیں ہیں۔ جینت پاٹل پوری مضبوطی کے ساتھ مہا وکاس اگھاڑی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ امول مٹکری کا یہ بیان جینت پاٹل کو بدنام کرنے کیلئے دیا۔ مناسب وقت پر قدم یاد رہے کہ ممبئی میں اسمبلی کے خصوصی اجلاس کے دوران مہایوتی کو مبارکبار پیش کرتے ہوئے جینت پاٹل نے اپنی تقریر میں کہا تھا ’’ میں ۱۹۹۰ء میں پہلی بار صدر بنا تھا ....‘‘ اس پر اجیت پوار نے انہیں ٹوکا تھا ’ صدر نہیں، رکن اسمبلی...‘‘ جینت پاٹل نےاس کے جواب میں کہا تھا ’’ دیکھ لیجئے دادا کی مجھ پر گہری نظر ہے۔‘‘ اجیت پوار نے اس کے آگے کہا ’’ میری نظر تو آپ پر ہے لیکن آپ کب اس کا جواب دیں گے؟‘‘ اس پر جینت پاٹل نے معنی خیز انداز میں کہا تھا ’’ میں مناسب وقت پر آپ کا جواب دوں گا۔‘‘ ان کی اس تقریر پر خوب تبصرے ہوئے تھے۔اطلاع کے مطابق جینت پاٹل اسی ’مناسب وقت‘ کی طرف اشارہ کر رہے تھے جسکا تذکرہ مٹکری نے کیا ہے۔