کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن(کے ڈی ایم سی ) کے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ کے ڈپٹی میونسپل کمشنر ایکشن موڈ میں نظر آرہے ہیں۔
EPAPER
Updated: August 26, 2024, 1:02 PM IST | Ejaz Abdul Gani | Kalyan
کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن(کے ڈی ایم سی ) کے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ کے ڈپٹی میونسپل کمشنر ایکشن موڈ میں نظر آرہے ہیں۔
کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن(کے ڈی ایم سی ) کے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ کے ڈپٹی میونسپل کمشنر ایکشن موڈ میں نظر آرہے ہیں۔ گزشتہ روز ڈپٹی میونسپل کمشنر نے مختلف وارڈوں میں صاف صفائی کے کاموں کا جائزہ لیا اور کئی جگہوں پر کچرے کا انبار دکھائی دینے پر ۳ ؍سینیٹری انسپکٹر اور تاخیر سے آنے والے صفائی ملازمین کو وجہ بتاو نوٹس جاری کیا۔
کے ڈی ایم سی کی میونسپل کمشنر اندورانی جھاکھڑ کی ہدایات پر عمل در آمد کرتے ہوئے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے ڈپٹی میونسپل کمشنر اتل پاٹل نے مختلف وارڈوں میں ہونے والی صاف صفائی اور کچرے کو اٹھانے کے کاموں کاجائزہ اور سینیٹری انسپکٹرز کی روز مرہ کی سرگرمیوں کا بھی معائنہ کیا۔ اس دوران ڈپٹی میونسپل کو وارڈ ’ای‘ اور `’جی‘ کے بیشتر علاقوں میں کوڑا کرکٹ سڑک کے کنارے اور کچھ جگہوں پر گندگی کا انبار نظر آیا۔ وارڈ کی سطح پر صاف صفائی کے فقدان کی پاداش میں ۳؍سینیٹری انسپکٹر اور تاخیر سے کام پر آنے والے ۹ ؍ملازمین کو شو کاز نوٹس جاری کیا۔
عیاں رہے کہ کے ڈی ایم سی کی حدود میں یومیہ ۶۷۰ ؍میٹرک ٹن کچرا جمع ہوتا ہے۔ امبرڈے، باراوے، مانڈا اور ڈومبیولی میں نصب پلانٹ میں کچرے پر سائنسی طریقہ سے پروسیس کرکے اسے ٹھکانے لگایا جاتا ہے۔ تقریباً ۲۳۰۰؍ صفائی ملازمین اور ۹۵؍ گھنٹہ گاڑیوں کی معرفت کچرا جمع کیا جاتا ہے۔ شہر کے بیشتر علاقوں میں `کچرا کنڈی مکت مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔
اس ضمن میں ڈپٹی میونسپل کمشنر اتل پاٹل نے بتایا کہ کے ڈی ایم سی کے مختلف وارڈوں میں صاف صفائی اور کوڑا کرکٹ سے متعلق سرگرمیوں کا روزانہ جائزہ لیا جارہا ہے۔ اس کام میں تساہلی برتنے والے افسران اور ملازمین کو وجہ بتاو نوٹس جاری کیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اگر محکمہ کا کوئی بھی افسر یا ملازم روزمرہ کے کاموں کو انجام دینے میں لاپروائی برتےگا تو اس کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔