• Tue, 24 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

کلیان: شیو سینا (شندے) اور بی جے پی میں تنازع بڑھنے کے آثار

Updated: July 29, 2024, 11:27 AM IST | Ejaz Abdul Gani | Kalyan

بی جے پی کور کمیٹی کی میٹنگ، کابینی وزیر رویندر چوہان نے کلیان ، ڈومبیولی، الہاس نگر اور امبرناتھ اسمبلی حلقوں پر دعویٰ پیش کیا۔

A large number of BJP workers participated in the meeting held in Kalyan. Photo: INN
کلیان میں منعقدہ میٹنگ میں بڑی تعداد میں بی جے پی کارکنان نے شرکت کی۔ تصویر : آئی این این

’’تیار رہو، ایک بار پھر جیت کا پرچم بلند کرو‘‘ نعرے کیساتھ بی جے پی کورکمیٹی کی میٹنگ کلیان مشرق کے رکن اسمبلی گنپت گائیکواڑ کے دفتر میں منعقد کی گئی۔ اس موقع پر کابینی وزیر رویندر چوہان سمیت بی جے پی کے سبھی اعلیٰ لیڈران نے کلیان پارلیمانی حلقہ میں آنے والے ۴؍ اسمبلی حلقوں اور کلیان مغرب کی ایک سیٹ پر اپنا دعویٰ پیش کیا۔ کابینی وزیر رویندر چوہان نے کہا کہ کلیان مشرق کے رکن اسمبلی گنپت گائیکواڑ ہیں اس لئے یہ سیٹ بی جے پی سے کوئی چھین نہیں سکتا۔ 
 دریں اثناء بی جے پی کی میٹنگ کے پیش نظر کلیان مشرق میں جگہ جگہ گنپت گائیکواڑ کی بیوی سلبھا گائیکواڑ نے بینر لگائے تھے۔ عیاں رہے کہ شیوسینا(شندے) گروپ کے شہر پرمکھ مہیش گائیکواڑ پر پولیس اسٹیشن میں فائرنگ کرنے کے الزام میں بی جے پی کے رکن اسمبلی گنپت گائیکواڑ تلوجہ جیل میں بند ہیں۔ اگر اسمبلی انتخابات سے قبل گنپت گائیکواڑ جیل سے رہا نہیں ہوتے تو بی جے پی کے ٹکٹ پر ان کی بیوی سلبھا گائیکواڑ الیکشن لڑسکتی ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے:بھیونڈی: ۵؍عمارتیں منہدم کرنے کا ہائی کورٹ نے حکم دیا

عنقریب مہاراشٹر میں ہونے والے ودھان سبھا انتخابات کیلئے سبھی پارٹیوں نے تیاریاں شروع کردی ہیں۔ کچھ روز قبل بی جے پی کے رکن پارلیمان نارائن رانے نے تمام ۲۸۸؍ سیٹوں پر الیکشن لڑنے کا شوشہ چھوڑا تھا۔ ۲؍ روز قبل کلیان بی جے پی کے صدر نانا سوریہ ونشی نے بھی کلیان مغرب، کلیان مشرق، کلیان گرامین، ڈومبیولی اور امبرناتھ اسمبلی حلقوں پر اپنا دعویٰ پیش کیا تھا۔ 
 اتوار کو رکن اسمبلی گنپت گائیکواڑ کے دفتر میں منعقدہ میٹنگ میں بی جے پی کے رکن اسمبلی اور کابینی وزیر وریندر چوہان نے بھی کلیان پارلیمانی حلقہ کی ۵؍ سیٹوں پر الیکشن لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ بی جے پی کو زیادہ سے زیادہ سیٹیں ملے تاہم اس کا فیصلہ ہائی کمان ہی کرے گا۔ ایک سوال کے جواب میں رویندر چوہان نے کہا کہ کلیان مشرق کی سیٹ پر گنپت گائیکواڑ کا مضبوط دعویٰ ہے اور اس سیٹ پر بی جے پی ہی اپنا امیدوار کھڑا کرے گی۔ اس میٹنگ میں گنپت گائیکواڑ کی حمایت میں زبردست نعرے بازی بھی کی گئی۔ 
 بہرحال بی جے پی کے اس جارحانہ تیور اور کلیان۔ ڈومبیولی کی ۵؍ اسمبلی سیٹوں پر دعویٰ پیش کرنے سے شیوسینا (شندے) اور بی جے پی کے رشتوں میں کڑواہٹ آنے کا قوی امکان ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ گنپت گائیکواڑ کے جیل جانے کے بعد شیوسینا(شندے) کے کئی لیڈر کلیان مشرق اسمبلی حلقے اسمبلی الیکشن لڑنے کا دعویٰ کر رہے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK