• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

کنگنا رناوت تھپڑ معاملہ: کلوندر کور کی حمایت میں کسانوں کا انصاف مارچ

Updated: June 09, 2024, 8:53 PM IST | Mohali

کسانوں کی بڑی تعداد زنجیر بنا کر اور کنگنا مردہ باد، کلوندر زندہ باد کے نعرے لگاتے ہوئے مارچ میں آگے بڑھتی ہوئی نظر آئی۔ دوسری جانب کنگنارناوت نےہماچل پولیس کے ڈائریکٹر جنرل سے سیکوریٹی فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔

Farmers` Justice March taken out in support of Kulwinder Kaur. Photo: INN.
کلوندر کور کی حمایت میں نکالا گیا کسانوں کا انصاف مارچ۔ تصویر: آئی این این۔

پنجاب میں موہالی کے گرودوارہ امب صاحب سے کسان تنظیموں نے کلوندر کور کی حمایت میں اتوار کو انصاف مارچ نکالا۔ کسانوں کی بڑی تعداد زنجیر بنا کر اور کنگنا مردہ باد، کلوندر زندہ باد کے نعرے لگاتے ہوئے مارچ میں آگے بڑھتی ہوئی نظر آئی۔ کسانوں نے اتوار کو سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) موہالی کے دفتر تک پیدل انصاف مورچہ نکالنے کا اعلان کیا تھا۔ کسان انصاف مورچہ ایس ایس پی آفس تک نکالا گیا۔ اس دوران انہوں نے کلوندر کور کے خلاف درج ایف آئی آر کو منسوخ کرنے کیلئے ڈیمانڈ لیٹر بھی پیش کیا۔ 
کنگنا رناوت نے ہماچل پولیس کے ڈائریکٹر جنرل سے سیکوریٹی فراہم کرنے کی درخواست کی
اداکارہ سے ایم پی بنی کنگنا رناوت نے حال ہی میں چندی گڑھ ہوائی اڈے پر مبینہ طور پر تھپڑ مارے جانے کے واقعہ کے بعد ہماچل پردیش کے پولیس ڈائریکٹر جنرل سے سیکوریٹی فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔ تھپڑ مارنے کے واقعہ کے بعد ایم پی نے اتوار کو پولیس کے ڈائریکٹر جنرل اتل ورما کو بھیجے گئے ایک ای میل میں درخواست کی کہ خطرے کی سطح کو دیکھتے ہوئے انہیں سیکوریٹی فراہم کی جائے۔ ڈائرکٹر جنرل آف پولیس نے ایم پی کو بتایا کہ خطرے کی سطح کا اندازہ لگانے کے بعد ریاستی امن و قانون کے یونٹ کی طرف سے سیکوریٹی فراہم کرنے کیلئے کارروائی کی جائے گی۔ کنگنارناوت نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر لکھا کہ وہ محفوظ ہیں لیکن واقعہ تشویشناک ہے کیونکہ یہ بڑھتی دہشت گردی اور بڑھتے خطرے کو ظاہر کرتا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ بالی ووڈ اداکارہ کو اسپیتی ضلع کے کازہ میں ایسی ہی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا تھا، جب وہ اپنی انتخابی مہم کے دوران ایک جلسہ عام سے خطاب کر رہی تھیں۔ اس معاملے میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایک عہدیدار کی شکایت پر کانگریس پارٹی کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: کنگنا کو اب اپنی زبان پر قابو رکھنا ہوگا، دہشت گردی والے بیان پر پنجابی لیڈران ناراض

بتادیں کہ ۶؍ جون کو سیکوریٹی اہلکار کلوندر کور نے بالی ووڈ اداکارہ اور ہماچل پردیش کی منڈی کی رکن پارلیمنٹ کنگنا رناوت کو چندی گڑھ ہوائی اڈے پر تھپڑ مارا تھا، جس کے بعد کلوندر کور کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔ کلوندر کور کا کہنا ہے کہ کسان تحریک کے دوران کنگنا نے کہا تھا کہ یہ دھرنے پر تمام خواتین سو سو روپے لے کر بیٹھی ہیں، اس دوران ان کی والدہ بھی وہیں تھیں، جس کی وجہ سے انہیں بہت تکلیف ہوئی تھی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK