• Thu, 26 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

کرناٹک: دھوتی کرتہ پہنے کسان کو داخلہ نہ دینے پرمال کو ایک ہفتہ بند رکھنے کا حکم

Updated: July 18, 2024, 10:28 PM IST | Bangluru

کرناٹک کے شہر بنگلورو کے جی ٹی مال میں ایک کسان کو روایتی لباس دھوتی اور کرتہ پہن کر آنے پر داخلے کی اجازت نہ دینے پر حکومت نے مال کو سات دن بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ خیال رہے کہ اس مال پر ایک کروڑ ۷۸؍ لاکھ کا پراپرٹی ٹیکس بقایا ہے۔

Karnataka Assembly. Photo: INN
کرناٹک اسمبلی۔ تصویر : آئی این این

کرناٹک حکومت نے  ۱؍ کروڑ ۷۸؍ لاکھ روپئے پراپرٹی ٹیکس نہ بھرنے کی پاداش میں جی ٹی ورلڈ مال کو ایک ہفتے کیلئے بند کرنے کا حکم دیا ہے۔یہ حکم اس واقع کے دو دن بعد آیا جس میں دھوتی کرتا پہنے ایک کسان کواس کے لباس کے سبب مال میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔حکام کے مطابق مگاڈی مین روڈپر واقع اس مال نے ۲۰۲۳ء-۲۴ء مالی سال کا پراپرٹی ٹیکس نہیں چکا یا ہے، حالانکہ بروہاٹ بینگلورو مہانگر پالیکا کی جانب سے نوٹس بھی بھیجا گیا تھا۔

واقعہ یہ ہے کہ منگل کوایک بوڑھا کسان فقیر اپاہاویری ضلع سے اپنے بیٹے اور بیوی کے ہمراہ مال میں فلم دیکھنے آیا تھا ، اطلاعات کے مطابق اس نے پوری آستین کی قمیص اور دھوتی زیب تن کی تھی،لیکن حفاظتی عملہ نے اسے اور اس کے بیٹے کو دھوتی پہن کر مال میں داخلہ دینے سے انکار کر دیا ، اوراسے پینٹ پہن کر آنے کو کہا۔ حکومت نے اسے قانون کی خلاف ورزی اور عزت نفس کی توہین قرار دیا اور کہا کہ اسے نظرانداز نہیں کیا جائے گا ، شہری ترقیاتی وزیر بائیرتھی سریش نے اسمبلی میں کہا کہ’’ انہوں نے مہا نگر پالیکا کے کمشنر سے مشاورت کی کہ اس معاملے میں کیا کیا جا سکتا ہے ، حکومت کے پاس اس معاملے پر کا رروائی کرنے کا اختیار ہے۔ جی ٹی مال کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ مال ایک ہفتہ کیلئے بند رہے۔‘‘  

یہ بھی پڑھئے: غزہ: اسپتالوں اور ہیلتھ کیئر سینٹرز کو جنگ کا حصہ نہیں بنایا جانا چاہئے: یو این

کرناٹک اسمبلی کے اسپیکر یو ٹی قادر نے کہا کہ’’ حکومت کو اس معاملے میں کارروائی کرنے کی ضرورت ہے، میں نے میڈیا میں پورا واقعہ دیکھا ہے،گائوں سے ایک  فردبینگلورو آتا ہے ، اس کا بیٹا اس کی تفریح کی خاطر اسے مال لے کر آتا ہے،محض روائتی لباس کی بدولت مال میں داخلے سے انکار کر دی جاتا ہے جوناقابل قبول ہے، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ مال کامالک کون ہے، کارروائی ہونی چاہئے، یہ واقعہ دوسروں کیلئے باعث نصیحتثابت ہوگا۔‘‘  شہری ترقیاتی وزیر بائراتھی سریش نے اعلان کیا کہ حکومت مال کو سات دنوں کیلئے بند رکھنےکا حکم دے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK