اس کیس کی تفتیش کا دائرہ کافی وسیع تھا جس کے دوران ۷۰۰ گواہوں کے انٹرویوز، ۳۰۰ سی سی ٹی وی ریکارڈنگز کا تجزیہ اور ۵ ہزار کال ریکارڈز کی جانچ کی گئی۔
EPAPER
Updated: February 28, 2025, 10:03 PM IST | Inquilab News Network | Bengaluru
اس کیس کی تفتیش کا دائرہ کافی وسیع تھا جس کے دوران ۷۰۰ گواہوں کے انٹرویوز، ۳۰۰ سی سی ٹی وی ریکارڈنگز کا تجزیہ اور ۵ ہزار کال ریکارڈز کی جانچ کی گئی۔
بنگلور کی ایک عدالت نے ایک ۳۶ سالہ ماہر نفسیات رشمی ششی کمار کو ایک نوزائیدہ بچے کو اغوا کرنے اور اسے ۱۵ لاکھ روپے میں فروخت کرنے کے جرم میں ۱۰ سال قید بامشقت کی سزا سنائی ہے۔ جج سی بی سنتوش نے رشمی پر ایک لاکھ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا۔ مجرم، جو ضمانت پر باہر تھی، کو پولیس نے کمرہ عدالت سے فوری طور پر حراست میں لے کر بنگلورو سینٹرل جیل بھیج دیا۔
ذرائع کے مطابق، ۲۹ مئی ۲۰۲۰ء کو چامراج پیٹ کے بی بی ایم پی اسپتال سے ایک نوزائیدہ بچہ چوری ہو گیا تھا۔ بچے کی ماں ڈاکٹر کی تجویز کردہ دوائی لینے کے بعد سو گئی۔ جب وہ ۴۵ منٹ بعد بیدار ہوئی تو اس کا بچہ غائب تھا۔ اس نے پولیس میں شکایت درج کروائی۔ ایک سال بعد، ۲۹ مئی ۲۰۲۱ء کو پولس نے شمالی کرناٹک کے ایک جوڑے سے شیر خوار بچے کو برآمد کیا جسے یہ کہہ کر گمراہ کیا گیا تھا کہ بچے کی پیدائش سروگیسی کے ذریعے ہوئی تھی۔ اس کیس کی تفتیش کا دائرہ کافی وسیع تھا جس کے دوران ۷۰۰ گواہوں کے انٹرویوز، ۳۰۰ سی سی ٹی وی ریکارڈنگز کا تجزیہ اور ۵ ہزار کال ریکارڈز کی جانچ کی گئی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے پولیس نے مشتبہ فرد کا خاکہ بنایا اور رشمی تک پہنچنے اور بچے کو ڈھونڈ نکالنے میں کامیاب رہی۔
یہ بھی پڑھئے: ۸۸؍ فیصد والدین بچوں کا سوشل میڈیا اکاؤنٹ بند کروانے کے حق میں: سروے
چارج شیٹ کے مطابق، رشمی جوڑے کو ۲۰۱۵ سے جانتی تھی جب وہ ہبلی کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں کام کرتی تھی۔ رشمی نے جوڑے کو یقین دلایا کہ سروگیسی کے ذریعہ ان کی صحت مند بچہ پیدا کرنے کی خواہش پوری ہوسکتی ہے۔ ۲۰۱۹ء میں اس نے جھوٹا دعویٰ کیا کہ اسے بنگلور میں سروگیٹ ماں مل گئی ہے اور اس شخص کے حیاتیاتی نمونے لئے۔ رشمی نے مئی ۲۰۲۰ء تک بچہ پیدا ہونے کا وعدہ کرتے ہوئے جوڑے سے سے ۵ء۱۴ لاکھ روپے بھی لئے۔ ڈیڈ لائن قریب آتے ہی اس نے بی بی ایم پی ہسپتال کی کمزور سیکورٹی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بچے کے اغواء کی کارروائی انجام دی جس میں اسپتال کی ایک نرس نے بھی اس کا ساتھ دیا۔
سرکاری وکیل بی ایچ بھاسکر نے بتایا کہ ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعہ بچے کے حیاتیاتی والدین کی تصدیق کرلی گئی ہے۔ مزید برآں، بینک ریکارڈ سے ثابت ہوتا ہے کہ رشمی کو شمالی کرناٹک کے جوڑے سے ۵ء۱۴ لاکھ روپے موصول ہوئے تھے۔