Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

کرناٹک :اقلیتی ٹھیکیداروں کا ریزرویشن باقاعدہ منظور

Updated: March 22, 2025, 9:45 AM IST | Bangalore

بی جے پی تلملاگئی، اسمبلی میںبل منظور ہوتے ہی بی جے پی اراکین کا شدید ہنگامہ ، ایک ایک رُکن کو اٹھا کراٹھاکر باہر کیا گیا ،۱۸؍ اراکین ۶؍ ماہ کیلئے معطل۔

BJP members suspended from the Karnataka Assembly for 6 months are being marshaled out of the House. Photo: INN
کرناٹک اسمبلی سے ۶؍ ماہ کے لئے معطل کئے گئے بی جے پی اراکین کو مارشل اٹھاکر ایوان سے باہر لے جارہے ہیں۔ تصویر: آئی این این

کرناٹک حکومت کی جانب سے اقلیتی ٹھیکیداروں کو سرکاری ٹھیکوں میں۴؍ فیصد  ریزرویشن دینے کی تجویز پر بی جے پی پہلے ہی برافروختہ ہے اور جمعہ کو جب سدارمیا حکومت نے اسمبلی میں یہ بل منظور کروالیا تو بی جے پی اراکین ہتھے سے اکھڑ گئے اور ایوان میں ہی ہنگامہ کرنے لگے۔ ان کا ہنگامہ اور نعرے بازی اتنی بڑھ گئی کہ مجبوراًبی جے پی کے اراکین کو مارشلوں کی مدد سے اٹھاکر اٹھاکر ایوان سے باہر نکالنے کی نوبت آگئی۔ اس کے بعد اسپیکر نے کارروائی کرتے ہوئے بی جے پی کے ۱۸؍ اراکین کو ۶؍ ماہ کے لئے اسمبلی سے معطل کردیا۔

یہ بھی پڑھئے: دہلی ہائی کورٹ کے جج کی رہائش گاہ سے ۱۵؍ کروڑ کی برآمدگی پر تنازع

دراصل کرناٹک کی سیاست میں ہلچل مچانے والے اقلیتی ریزرویشن کے ایشو پر جمعہ کی صبح سے ہی اسمبلی کی کارروائی میں زوردار ہنگامہ  جاری تھا۔ صبح ایوان کی کارروائی شروع ہوتے ہی اپوزیشن نے پہلے ہنی ٹریپ کا ایشو اٹھایا اور اعلیٰ سطحی جانچ کے مطالبہ پر زور دیا۔ بعد میں وزیر اعلیٰ نے بھی اس پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے  ناراضگی ظاہر کی۔ اس کے بعد حکومت نے مسلم ریزرویشن بل پر بحث آگے بڑھائی۔ اس درمیان بی جے پی اراکین اسمبلی  نعرے بازی کرنے لگے۔  انہوںنے بل کی کاپیاں پھاڑ کر اسپیکر کی طرف پھینک دیں، اور ’ہنی ٹریپ حکومت‘ جیسے نعرے لگائے۔ اس درمیان اسپیکر نے اراکین اسمبلی سے صبر کی تلقین کی اور کارروائی میں رخنہ پیدا نہ کرنے کی اپیل بھی کی لیکن  بی جے پی اراکین نے اپنا ہنگامہ جاری رکھا۔ ہنگامہ اس قدر شدید تھا کہ ایوان کی کارروائی میں رخنہ اندازی کرنے کے الزام میں بی جے پی کے ۱۸؍ اراکین اسمبلی کو معطل کرنا پڑا۔ اسمبلی اسپیکر یو ٹی قادر نے  بی جے پی کے ۱۸؍ اراکین اسمبلی پر کارروائی میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کارروائی کرتے ہوئے سبھی کو ۶؍ ماہ کے لئے معطل کردیا ۔اسپیکر یو ٹی قادر نے بی جے پی اراکین اسمبلی کے ذریعہ ہنگامہ کرنے پر شدید ردعمل ظاہر کیا اور کہا کہ’’ اسپیکر کی کرسی پر بیٹھے قادر آپ کو معاف کر سکتے ہیں لیکن چیئر کی بے عزتی کرنے والوں کو قطعی معاف نہیں کیا جا سکتا۔‘‘ اس تبصرہ کے بعد اسپیکر قادر ایوان سے معطل کئے گئے اراکین کے نام ایک ایک کر لیتے گئے اور اسمبلی میں موجود مارشلوں نے  ان اراکین کو ایک ایک کر کے اٹھایا  اورباہر لے جانے لگے۔ یہ منظر بی جے پی لیڈر شپ کیلئے بھی شرمناک تھا ۔بی جے پی کے معطل اراکین اسمبلی کے جو نام سامنے آئے ہیں، ان میں ڈوڈان گوڑا پاٹل، ڈاکٹر اشوتھ نارائن، برتی بسوراج، ڈاکٹر شیلندر بیلڈلے، منی رتن، دھیرج، منی راجو، بی پی ہریش، ڈاکٹر بھرت شیٹی، چندرو لمانی، اوماناتھ کوٹین، سی کے رام مورتی، بسوراج، ایس آر وشوناتھ شامل ہیں۔ان سبھی کو ۶؍ ماہ کے لئے معطل کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK