• Sat, 25 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

لارنس بشنوئی کا انکاؤنٹر کرنے والے پولیس اہلکار کیلئےنقد انعام: کرنی سینا

Updated: October 22, 2024, 8:01 PM IST | Jaipur

کرنی سینا نے گجرات کی سابر متی جیل میں قید گینگسٹر لارنس بشنوئی کا انکاؤنٹر کرنے والے پولیس اہلکار کیلئے ایک کروڑ، ۱۱؍ لاکھ ۱۱؍ ہزار ۱۱۱؍ روپے کے انعام کا اعلان کیا ہے۔لارنس بشنوئی نے کرنی سینا کے لیڈر گوگامیڑی کے قتل کی ذمہ داری لی تھی۔فی الحال وہ گجرات کی سابر متی جیل میں قید ہے۔

Karni Sena President Raj Shekhawat. Image: X
کرنی سینا کا صدر راج شیکھاوت۔ تصویر: ایکس

کرنی سینا نے گجرات کی سابر متی جیل میں قید گینگسٹر لارنس بشنوئی کا انکاؤنٹر کرنے والے پولیس اہلکار کیلئے ایک کروڑ، ۱۱؍ لاکھ ۱۱؍ ہزار ۱۱۱؍ روپے کا انعام کا اعلان کیا ہے۔لارنس پر حال ہی میں ممبئی میں ہوئے این سی پی لیڈر بابا صدیقی کے قتل میں شامل ہونے کا بھی الزام ہے۔نو بھارت ٹائمس کے مطابق کرنی سینا کے صدر راج شیکھاوت نے ایک ویڈیو پیغام جاری کرکے مرکزی اور گجرات حکومت پر سخت تنقید کی ہے۔اس کا کہنا ہے کہ لارنس ملک کی سلامتی کیلئے خطرہ ہے۔سوشل میڈیا پر اپلوڈ کئے گئے اس ویڈیو میں راج شیکھاوت نے کہا کہ لارنس بشنوئی نے ہمارے انمول رتن سکھدیو سنگھ گوگا میڑی کو شہید کیا۔واضح رہے کہ کرنی سینا کے سربراہ کو ۵؍ دسمبر ۲۰۲۳ء کو جئےپور میں قتل کر دیا گیا تھا، قتل کے چند گھنٹوں کے بعد ہی لارنس بشنوئی نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔اس کے علاوہ ستمبر ۲۰۲۳ء میں خالستانی حامی سکھا دنیکاکے قتل کی بھی ذمہ داری لارنس نے قبول کی تھی۔اسی کے ساتھ ممبئی میں بالی ووڈ اداکار سلمان خان کے گھر پر فائرنگ کی واردات میں درج کی گئی ایف آئی آر میں بھی لارنس کا نام شامل ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: دہلی میں امن و امان کی حالت بد سے بدتر ہوتی جارہی ہے: عام آدمی پارٹی

سلمان خان اور لارنس بشنوئی کا نام اس وقت سامنے آیا جب ۲۰۱۸ء میں لارنس نے جودھپور کی عدالت میں کہا تھا کہ وہ سلمان خان کو قتل کرے گا۔تب سے اب تک سلمان خان کو متعدد مرتبہ جان سے مارنے کی دھمکیاں مل چکی ہیں۔دراصل سلمان خان اور بشنوئی سماج کے درمیان عداوت کی وجہ ۱۹۹۸ء میں سلمان خان کی فلم ’’ ہم ساتھ ساتھ ہیں ‘‘ کی شوٹنگ کے دوران کالے ہرن کا شکار ہے۔ جسے بشنوئی سماج انتہائی مقدس خیال کرتا ہے۔

لارنس بشنوئی فی الحال سابرمتی جیل میں قید ہے جس پر متعدد معاملات درج ہیں جس میں قتل، اقدام قتل، ہفتہ وصولی، مختلف ریاستوں میں منشیات اور ہتھیاروں کی اسمگلنگ شامل ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK