• Sun, 06 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

کسارا : درخت اورمٹی کا تودہ پٹری پرگرا، ٹرین خدمات متاثر، مسافربے حال

Updated: July 08, 2024, 12:07 PM IST | Saeed Ahmed Khan/ Ejaz Abdul Gani | Kasara

آٹ گاؤں اور تانشیٹ اسٹیشنوں کے درمیان واقعہ ہوا۔ واسند اورکھڑولی اسٹیشنوں کے درمیان اوور ہیڈ وائر سسٹم‌ خراب ہوگیا۔ لوکل ٹرینوں کو ٹٹوالا تک چلایا گیا۔ ۱۰؍گھنٹے بعد حالات معمول پر آئے۔

Debris is being cleared from the track near Autgaon station. Photo: INN
آٹ گاؤں اسٹیشن کے قریب پٹری پرگرنے والے مٹی کے تودے کو صاف کیا جارہا ہے۔ تصویر : آئی این این

کسارا سیکشن پرلگاتار تیز بارش کے سبب اتوار کی صبح دو الگ الگ حادثات میں لوکل اور طویل مسافتی ٹرین خدمات بری طرح متاثر ہوئیں جس سے مسافروں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا اور کلیان‌ اسٹیشن پر مسافروں کا اژدہام ہوگیا۔ تقریبا ۷؍گھنٹے کے بعد ٹرینوں کی آمد و رفت شروع ہوئی مگر اسے معمول پر آنے میں ۱۰؍ گھنٹے لگے۔ مسافروں کو آمدرفت کی سہولت فراہم کرنے کیلئے ۶؍اضافی بسیں چلائی گئی لیکن یہ بسیں ناکافی ثابت ہوئیں۔ آج ٹرین خدمات معمول کے مطابق رہنے کی توقع ہے۔ 
 دونوں حادثات کس وقت پیش آئے؟
 پہلا حادثہ آٹ گاؤں اور تانشیٹ ریلوے اسٹیشنوں کے درمیان اتوار کی صبح ۶؍بجے درخت اور مٹی کا تودہ ڈاؤن ریلوے پٹری پر گرا۔ اس کے سبب کلیان کسارا لوکل ٹرینوں کی خدمات تقریبا ۲ ؍گھنٹے تک متاثر رہیں۔ صبح ۸ ؍بجے ریلوے پٹری سے درخت اور ملبہ ہٹایا گیا۔ ابھی یہ کام کیا ہی گیا تھا اور ٹرینوں کو معمول کے مطابق گزارنے کی کوشش جاری تھی کہ دوسرا حادثہ واسند اور کھڑولی ریلوے اسٹیشنوں کے درمیان صبح ۶؍ بجکر ۳۰؍منٹ پر پیش آیا۔ یہاں اوورہیڈ وائر کا کھمبا ٹیڑھا ہوگیا جس سے اوورہیڈ نظام بری طرح متاثر ہوگیا۔ اسی اثناء میں آنے والی پنجاب میل کو کسی صورت بمشکل گزارا گیا۔ اس کے بعد اس روٹ پر ٹرینوں کی آمدورفت پھر ٹھپ پڑ گئی۔ اس درمیان سی ایس ایم ٹی سے کسارا جانے والی لوکل ٹرینوں کو ٹٹوالا ریلوے اسٹیشن تک ہی چلایا گیا۔ 

یہ بھی پڑھئے:سید عارف کے قاتلوں کیخلاف کارروائی کیلئے جن آکروش مورچہ

 پٹری کو۱۲؍بجکر ۳۰؍منٹ پر محفوظ قرار دیا گیا 
 صاف صفائی اور مرمت کے کاموں کے بعد ۱۲؍بجکر ۳۰؍ منٹ پر مینٹیننس عملہ کی جانب سے پٹری کو محفوظ قرار دیا گیا۔ اس کے کچھ دیربعد محدود رفتار میں ٹرینوں کو گزارنا شروع کیا گیا۔ پہلی ٹرین ودربھ ایکسپریس کو گزارا گیا۔ 
۲۱؍طویل مسافتی ٹرینیں جو متاثر ہوئیں 
متاثر ہونے والی ٹرینوں میں سی ایس ایم ٹی لکھنؤایکسپریس، ایل ٹی ٹی اگرتلہ ایکسپریس اور ایل ٹی ٹی بھاگلپور ایکسپریس کو براہ دیوا وسئی روڈ جلگاؤں روٹ پر موڑ دیا گیا۔ چھپرا ایل ٹی ٹی ایکسپریس، پریاگ راج ایل ٹی ٹی ایکسپریس، پٹنہ واسکوڈی گاما ایکسپریس اور بریلی جنکشن ایل ٹی ٹی ایکسپریس کے روٹ کو بدل کر جلگاؤں وسئی روڈ دیوا ہو کر گزارا گیا۔ بنارس ایل ٹی ٹی ایکسپریس، پاٹلی پتر ایل ٹی ٹی ایکسپریس، ہٹیا ایل ٹی ٹی ایکسپریس، گورکھپور ایل ٹی ٹی ایکسپریس کو منماڑ ڈونڈ چورڈ لائن پونے کے راستے موڑا گیا۔ 
 اگت پوری ایکسپریس کو منسوخ کر دیا گیا۔ جالنہ سی ایس ایم ٹی وندے بھارت ایکسپریس اور منماڑ سی ایس ایم ٹی ایکسپریس کو اگت پوری تک چلایا گیا۔  دھولیہ سی ایس ایم ٹی کو ناسک روڈ تک چلایا گیا۔ بھساول اگت پوری میمو سروس کو منماڑ تک چلایا گیا۔ ناگپور سی ایس ایم ٹی کو دیولالی تک چلایا گیا۔ شالیمار ایل ٹی ٹی ایکسپریس کو اگت پوری تک چلایا گیا۔ اسی طرح کچھ اور ٹرینوں کو جالنہ اور ناسک روڈ تک ہی چلایا گیا۔ 
۶؍اضافی بسیں 
 لوکل ٹرین اور طویل مسافت کی گاڑیوں کے مسافروں کیلئے شاہ پور ڈپو نے آٹ گاؤں ریلوے اسٹیشن سے کلیان تک ۶؍ اسپیشل بسیں چلائیں مگر پریشان حال مسافروں کی کثرت کے سبب یہ بسیں ناکافی ثابت ہوئیں۔ 
آج ٹرینیں معمول کے مطابق چلائی جائیں گی
 سینٹرل ریلوے کے سینئر پی آر او اے کے جین نے نمائندہ انقلاب کو مذکورہ بالا تفصیلات کے ساتھ یہ بھی بتایا کہ پیر (آج) تمام لوکل اور طویل مسافتی ٹرینیں معمول کے مطابق اپنے روٹ پر چلائی جائیں گی۔ نگرانی کے لئے گھاٹ سیکشن پر عملہ مامور کیا گیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK