• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

کشمیر: بارہمولہ میں پانی کے متعلق احتجاج پُرتشدد ہوگیا، پتھراؤ اورلاٹھی چارج

Updated: July 20, 2024, 5:36 PM IST | Sri Nagar

کشمیر کے بارہمولہ ضلع کے چینبل پتان گائوں میں پانی کی کمی کے تعلق سے مظاہرہ جاری تھا جس میں پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں ہوئیں۔ ایک طرف جہاں مظاہرین نے پتھراؤ کیا، وہیں دوسری جانب پولیس نے انہیں منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس کے گولے داغے۔متعدد افراد زخمی۔

A scene from the Baramulla protest. Photo: PTI
بارامولا احتجاج کا ایک منظر۔ تصویر : پی ٹی آئی

شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع کے پتان چینبل میں پانی کی کمی کے متعلق مظاہرہ نے تشدد کی شکل اختیار کرلی۔ مظاہرین نے پانی کے مسئلے کے حل کے مطالبے کے تعلق سے بارہمولہ-سری نگر شاہراہ بند کر دی۔ مقامی خبروں کے مطابق حالات اس وقت بگڑ گئے جب مظاہرین نےگاؤں میں فوری طور پر پانی کی فراہمی کا مطالبہ کرتے ہوئے پولیس پر پتھرائو شروع کر دیا، جس کے جواب میں پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس کےگولے داغے۔ سوشل میڈیا پر گردش کررہے ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہائی وے پر پولیس مظاہرین کو ڈنڈوں سے پیٹ رہی ہے جبکہ پولیس کی گاڑیوں پر پتھرائو کیا جارہا ہے۔زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ امول ناگپور نے اسپیکر پر گائوں والوں کو مخاطب ہو کرکہا کہ’’پانی ایک اہم ضرورت ہے، میں اور آپ بنا پانی کے نہیں رہ سکتے، یہ مسئلہ بات چیت سے ہی حل ہو سکتا ہے ،میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ کسی کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوگی،آپ سے اپیل کرتا ہوں کسی پتھرائو کرنے والوں میں شامل مت ہوئیے۔‘‘اس تصادم کے نتیجے میں کئی لوگ زخمی ہوئے جبکہ متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔جموں کشمیر پیپلس کانفرنس کے سجاد لون نے ایکس پر ایک بیان شائع کیا کہ ’’ یہ چینبل پتان کی زمین پر کیا ہو رہا ہے، عوام پانی کو لے اپنا احتجاج درج کرا رہے ہیں۔‘‘انہوں نے مزید لکھا  کہ ’’اور جموں کشمیر پولیس کا جواب کیا تھا،جیسے وہ انکائونٹر کی جگہ پر ہوں،کیا آپ برائے مہر بانی عوام کی فریا د سنیں گےاور انسانوں سے انسانوں جیسا برتائو کرنے کی عظیم قربانی پیش کریں گے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: گرانٹ روڈ: سائی دھونیشا بلڈنگ کا ایک حصہ گرنے سے ایک خاتون ہلاک، ۴؍ افراد زخمی

اس معاملے میں کشمیر میں بھارتی جنتا پارٹی کے میڈیا انچارج ایڈوکیٹ یوسف شاہ اور سوشل میڈیا انچارج ساحل بشیر بھٹ پر حملہ کیا گیا ،جس میں دونوں زخمی ہیں۔ مقامی میڈیاکے مطابق دونوں کو اسپتال میں داخل کیا گیا ہے اور معاملے کی تفتش کی جا رہی ہے۔پولیس نے بھی اس معاملے کی تصدیق کی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK