Updated: February 08, 2025, 6:16 PM IST
| Thiruvandpuram
کیرالاکی حکومت نے جاپان میں جاری منکا رینوویشن اسکیم سے متاثر ہوکر ریاست کے چار اضلاع میں بھی اس کے آغاز کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت سیاحتی مراکز کے اطراف خالی پڑے مکانات سیاحوں کو سستے کرایہ میں مہیا کیا جائےگا۔یہ منصوبہ فن لینڈ، فرانس اور نیوزی لینڈ میں کامیابی سے جاری ہے۔
کیرالا کی حکومت نے جاپان کی منکا رینوویشن اسکیم سے متاثر ہوکر ، جس کے تحت ثقافتی ورثے کے تحفظ کے ساتھ خالی پڑے مکانات کو سستی رہائش میں تبدیلی کردیا جاتا ہے، ساحلی ریاست میں سیاحت کے شعبے کوازسر نو فروغ دینےکیلئے،ریاست میں متعارف کرانے کا اعلان کیا۔ کیرالاکے وزیر خزانہ کے این بالاگوپال نے کیرالہ میں ’’ کے ہوم ‘‘نام سےاس اسکیم کے نفاذ کا اعلان کیا ہے۔یہ اسکیم ابتدائی طور پر چار اضلاع میں نافذ کی جائے گی۔ اس اسکیم کا مقصد سیاحوں کو سستی رہائش فراہم کرکے خالی پڑے مکانات کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرنا ہے، اس طرح سیاحت کو تقویت ملے گی۔ تجرباتی طور پر یہ اسکیم مشہور سیاحتی مقامات جیسے فورٹ کوچی، منار، کمارکوم، اور کوولم کے ۱۰؍کلومیٹر کے دائرے میں واقع علاقوں پر توجہ مرکوز کرے گی۔
یہ بھی پڑھئے: ہم اپنے ساحلی ہوٹل اور خطہ خود تعمیر کرلیں گے: غزہ کے باشندوں کا ٹرمپ کو پیغام
میڈیا رپورٹ کے مطابق کے ہوم اسکیم جاپان کے منکا رینوویشن اسکیم جیسے بین الاقوامی اقدامات کے انتظامی طریقوں سے استفادہ کرے گی۔ یہ منصوبہ فرانس، فن لینڈ اور نیوزی لینڈ میں بھی کامیاب رہا ہے۔
یہ منصوبہ خالی جائیدادوں کے تحفظ اوردیکھ بھال کو بھی یقینی بنائے گا، جس سے گھر کے مالکان کیلئےاضافی آمدنی کا ذریعہ بھی پیدا ہوگا۔ اسکیم کے نفاذ کیلئے ابتدائی طور پر ۵؍کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔واضح رہے کہ کیرالا میں ۲۰۲۳ء میں دو کروڑ ۲۰؍ لاکھ سیاحوں نے دورا کیا۔ رپورٹ کے مطابق ریاست میں تقریباً ۱۵؍ لاکھ مکانات خالی ہیں، جوسیاحت کے بنیادی ڈھانچے کے وسائل کے طور پر کام کر سکتے ہیں۔اس کے علاوہ حکومت سیاحت کے فروغ کیلئے بڑے کنونشن مرکزتیار کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔کیرالا فنانشل کارپوریشن ہوٹل تعمیراتی منصوبوں کیلئے۵۰؍ کروڑ روپے تک کے قرضے پیش کرنے کیلئے ایک مخصوص اسکیم شروع کرے گی۔ اس کے علاوہ، بجٹ میں کوچی-موزیریس بینالے کے ۲۰۲۵-۲۶ءایڈیشن کیلئے ۷؍کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔