منگل کو کئی سینئر ڈاکٹروں نےان کے ساتھ ۲۴ گھنٹے کی بھوک ہڑتال میں حصہ لیا۔ ان کے علاوہ، احتجاجی مقام پر عام افرد بھی بڑی تعداد میں شامل ہوئے اور انصاف کا مطالبہ کیا۔
EPAPER
Updated: October 08, 2024, 10:13 PM IST | Kolkata
منگل کو کئی سینئر ڈاکٹروں نےان کے ساتھ ۲۴ گھنٹے کی بھوک ہڑتال میں حصہ لیا۔ ان کے علاوہ، احتجاجی مقام پر عام افرد بھی بڑی تعداد میں شامل ہوئے اور انصاف کا مطالبہ کیا۔
منگل کی صبح کولکاتا کے بیشتر حصوں میں شدید بارش کے باوجود شہر کے وسط میں بھوک ہڑتال پر بیٹھے ۷ ڈاکٹروں کے عزم میں کوئی کمی نہیں آئی۔ ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے آر جی کر میڈیکل کالج و اسپتال کے ۵۰ سے زائد سینئر ڈاکٹروں نے منگل کو استعفیٰ دے دیا ہے۔ واضح رہے کہ آر جی کر میڈیکل کالج و اسپتال، کولکاتا کے جونیئر ڈاکٹرز، ۹ اگست کو میڈیکل کالج میں پوسٹ گریجویٹ ٹرینی ڈاکٹر کی عصمت دری اور قتل کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔ بنگال میں صحت عامہ کے نظام میں بہتری لانے کے اپنے مطالبہ پر حکومت کی عدم توجہی کے خلاف جونیئر ڈاکٹرز بھوک ہڑتال پر بیٹھ گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: برطانیہ: نیو نازی گروپ کا عروج جو سفید فاموں کا تسلط چاہتا ہے
ٹیلیگراف کے مطابق، منگل کو متعدد سینئر ڈاکٹروں نے جونیئر ڈاکٹرز کے ساتھ ۲۴ گھنٹے کی بھوک ہڑتال میں حصہ لیا۔ ان کے علاوہ، احتجاجی مقام پر عام افرد بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔ قریبی گرلز کالج کی طالبات بھی اپنے والدین سمیت احتجاج میں شامل ہوئیں اور انصاف کیلئے نعرے بلند کئے۔ احتجاج کر رہے ڈاکٹر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم ریاستی حکومت سے امید نہیں لگا سکتے جو ثبوتوں کو چھپانے اور ان کے ساتھ چھیڑ خانی میں ملوث تھی۔ ہم چاہتے تھے کہ سی بی آئی اس معاملہ کی جانچ کرے لیکن ایجنسی کا اب تک ریکارڈ مایوس کن رہا ہے۔ ہم ان سے انصاف دلانے کی امید نہیں کرسکتے۔
یہ بھی پڑھئے: امریکہ: کملا ہیرس نےغزہ ،امریکی مسلموں اور اسرائیل کے متعلق سوالات نظرانداز کئے
ذرائع کے مطابق، کئی دنوں سے بھوک ہڑتال پر بیٹھے ڈاکٹرز میں کمزوری کی علامات نظر آنے لگی ہیں۔ ان کے ساتھیوں نے بتایا کہ کچھ احتجاجی ڈاکٹرز مسلسل فاقہ کی بدولت جسمانی کمزوری کا شکار ہوگئے ہیں۔ فیڈریشن آف آل انڈیا میڈیکل اسوسی ایشن نے بنگال میں گزشتہ ۵۹ دنوں سے احتجاج کر رہے ڈاکٹرز سے اظہار یکجہتی کیلئے بدھ کو ملک گیر بھوک ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔