Updated: March 25, 2025, 2:40 PM IST
| Mumbai
ودھان بھون میں جاری بجٹ اجلاس کے آخری ہفتہ میں پیر کو رکن اسمبلی امین پٹیل نے ڈرگس کی سپلائی کی روک تھام کے قانون کو سخت کرنے ، اس تعلق سے مقدمہ کو غیر ضمانتی بنانے ، سماعت فاسٹ ٹریک کورٹ میں چلانے اور ممبئی میں ری ہیب سینٹر قائم کرنے کا مطالبہ کیا۔
ودھان بھون میں جاری بجٹ اجلاس کے آخری ہفتہ میں پیر کو رکن اسمبلی امین پٹیل نے ڈرگس کی سپلائی کی روک تھام کے قانون کو سخت کرنے ، اس تعلق سے مقدمہ کو غیر ضمانتی بنانے ، سماعت فاسٹ ٹریک کورٹ میں چلانے اور ممبئی میں ری ہیب سینٹر قائم کرنے کا مطالبہ کیا۔ امین پٹیل کے سوالا ت کاجواب دیتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ یوگیش کدم نے یقین دلایا کہ ڈرگس کے قانون سخت کئے جائیں گے اور ری ہیب سینٹر قائم کرنے کیلئے ضرور ی اقدام کئے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھئے: ’’روزہ رکھنے سے روحانی تازگی کا احساس ہوتاہے‘‘
توجہ طلب نوٹس کے تحت رکن اسمبلی امین پٹیل نے کہاکہ’’ آج ڈرگس چھوٹے چھوٹے اسکولو ں میں پہنچ گیا ہےاور معصوم بچوں میں اسے سپلائی کیاجا رہا ہے جس سے ہماری نئی نسل تباہ وبرباد ہو گئی ہے اور یہ ایک انتہائی سنگین معاملہ بن گیا ہے۔بچے پہلے اس کے عادی ہو جاتے ہیں اور ا س کے بعد اسے سپلائی بھی کرنے لگتے ہیں۔ان طلبہ کو اس لعنت سے بچانے کیلئے ڈرگس کی سپلائی کو روکنے کیلئے جو قوانین بنائے گئے ہیں، انہیں سخت کرنے کی اشد ضرورت ہے کیونکہ اگر کوئی شخص ۵۰؍ گرام سے کم منشیات کے ساتھ پکڑا جاتا ہے تو اس کی ضمانت ہو جاتی ہے اور وہ دوبارہ یہی کاروبار کرنے لگتا ہے۔ ‘‘انہوںنے مطالبہ کیاکہ ڈرگس سپلائی میں ملوث افراد کےخلاف غیر ضمانتی مقدمہ درج کیا جاناچاہئے اور اگر کہیں ڈرگس کا کاروبار جاری ہے تو مقامی پولیس اسٹیشن کو اس کا ذمہ دارقرار دینا چاہئے۔اس کے علاوہ ڈرگس کی کم مقدار (۱۰؍ گرام تک )ملنے پر فوراً ضمانت مل جاتی ہےلیکن اسے مزید سخت کر کے اسے غیر ضمانتی جرم کرنا چاہئے۔ان کے مقدمات کو فاسٹ ٹریک کورٹ میں چلایا جائے اور عادی بچوں کو منشیات کی لت سے باہر نکالنے کیلئے ممبئی میں ری ہیب سینٹر قائم کیا جائے۔
امین پٹیل کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ یوگیش کدم نے کہاکہ ’’ہماری حکومت نے ڈرگس کے معاملے میں ’زیرو ٹولرینس‘ کا رویہ اختیار کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اگر کوئی پولیس اہلکار ڈرگس کی سپلائی میں تعاون کرتے ہوئے بھی پایاجاتا ہے تو اسے برخاست کیا جائے گا۔ ‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’ یہ سچ ہے کہ موجودہ قانون میں کچھ کمیاں ہیں جس کے تحت ۱۰؍ گرام سے زیادہ ڈرگس ملنے پر متعلقہ شخص کو ’ڈرگ پیڈلر‘ قرار دیا جاتا ہے۔۵۰؍ گرام سے زیادہ ڈرگس ملنے پر اس کے خلاف ۲؍ تا ۳؍ سال کی سزا ہو سکتی ہے ۔ البتہ ان قوانین کو سخت کرنے کیلئے اقدام کئے جائیں گے ۔‘‘ انہوں نے ممبئی جیسے شہروں میں ری ہیب سینٹر کی ضرورت کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ چند دنوں میں ریب ہیب سینٹر قائم کرنے کیلئے ضروری کارروائی کی جائے گی۔