• Wed, 25 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

جنگ بندی کی درخواستیں بے اثر، اسرائیلی حملے مسلسل جاری

Updated: September 27, 2024, 11:37 AM IST | Agency | Tel Aviv/Beirut/Damascus

حزب اللہ نے ۱۹؍گھنٹے کے وقفے کے بعد اسرائیل پر۴۵؍راکٹ داغے۔ اقوام متحدہ نے کہا کہ بمباری کے سبب اب تک ایک لاکھ لبنانی شہریوں نے نقل مکانی کی۔

A Lebanese man expresses his grief and anger after the Israeli bombardment of his house, including his house, destroyed yesterday. Photo: INN
عقبیہ گاؤں میں اسرائیلی بمباری میںاپنا مکان سمیت کل جمع پونجی برباد ہونے پر ایک لبنانی غم و غصے کا اظہار کررہا ہے۔ تصویر : آئی این این

مختلف ممالک کی جانب سے جنگ بندی کی درخواستوں  کے باوجود اسرائیل کے لبنان پر حملے جاری ہیں۔ غیرملکی خبررساں  ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق بیروت پر صہیونی فوج کے فضائی حملے میں متعدد لبنانی جاں بحق اورزخمی ہوئے ہیں۔ اسرائیل کی آرمی ریڈیو کے مطابق بیروت میں ایک فضائی حملے میں حزب اللہ کے فضائی یونٹ کے سربراہ کو نشانہ بنایا گیا۔ رائٹر زنے سیکورٹی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے یہ بھی بتایا ہے کہ تازہ ترین فضائی حملے کا ہدف حزب اللہ کا ایک سینئر لیڈر تھا، جس نے بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے دحیہ کو نشانہ بنایا جہاں اس گروپ کی موجودگی کے بارے میں پتہ چلا۔ لبنان پر اسرائیلی حملے اورتباہی کےبعدلاکھوں بے گھر لبنانی بیروت کے اسکولوں میں پناہ لینے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ الجزیرہ کے مطابق اب ۵؍لاکھ افراد اپنے گھروں کو چھوڑ کر دوسرے مقامات کی جانب نقل مکانی کرچکے ہیں۔ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کو اسرائیلی حملے میں ۷۲؍ لبنانی شہید اور ۶۵۰؍زخمی ہوئے ہیں۔ 
لبنان سے اسرائیل پرحملہ
 لبنان سے اسرائیل کے ساحلی علاقے عکا میں کی گئی کارروائی حزب اللہ کی اسرائیل پر۱۹؍ گھنٹوں کے وقفے کے بعد ہونے والے حملے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے بتایا ہے کہ لگ بھگ۴۵؍ راکٹ لبنان سے فائر کیے گئے ہیں جن سے کوئی نقصان نہیں ہوا۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق گزشتہ۱۹؍ گھنٹوں کے دوران لبنان پر اسرائیل سے کوئی حملہ نہیں کیا گیا تھا۔ ’ٹائمز آف اسرائیل‘ کے مطابق فوج نے بیان میں کہا ہے کہ ان راکٹوں میں سے بیشتر کو دفاعی نظام کے ذریعے فضا میں ہی تباہ کر دیا تھا جب کہ بعض راکٹ کھلے مقامات پر گرے ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے:فلسطینی صحافی بیسان عودہ اپنی جرأتمندانہ دستاویزی رپورٹ پر ایمی ایوارڈ کی حقداربنی

شام اور لبنان کی سرحد پر اسرائیلی حملے
 اسرائیلی فضائی حملے میں جمعرات کو شام- لبنان سرحد پر مترابہ کراسنگ کے قریب ایک پل کو نشانہ بنایا گیا، جس میں آٹھ افسران سمیت کئی شہری زخمی ہو گئے۔ شام کے سرکاری ٹی وی نے یہ اطلاع دی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ زخمیوں میں سے چار بارڈر کنٹرول پولیس اہلکار ہیں ، جب کہ دیگر چار کسٹم اہلکار۔ اس حملے میں پل کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ اسرائیل کی جانب سے پیر کو لبنان میں اپنی فوجی کارروائی کو آگے بڑھانے کے بعد شام کے سرحدی علاقے پراس کا یہ پہلا حملہ ہے۔ وسطی شامی صوبے حمص میں القصیر کے علاقے کو لبنان سے ملانے والی مترابہ کراسنگ کا استعمال حال ہی میں بے گھر لبنانی افراد کے ذریعہ شام میں پناہ لینے کے لئے بنایا گیا ہے۔ 
پیر سے اب تک ۹۰؍لاکھ لبنانی بے گھر:اقوام متحدہ
 اقوام متحدہ نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل کی پیر کے روز سے شروع ہونے والی بمباری کے نتیجے میں اب تک۹۰؍ہزارسے زائد لبنانی شہری اپنے گھروں کو چھوڑ کر نقل مکانی پر مجبور ہو گئے ہیں ۔ اقوام متحدہ کی طرف سے یہ اعداد و شمار بدھ کے روز پیش کیے گئے ہیں ۔ یو این کے نقل مکانی کرنے والوں سے متعلق ادارے کے مطابق صرف پیر کے روز سے اب تک مجموعی طور پر ۹۰؍ہزارلبنانی بے گھر ہوئے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK