• Fri, 18 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

جنگ کا خدشہ برقرار، ایران اسرائیل کا ایکدوسرے کو انتباہ، یاہواور بائیڈن کی گفتگو

Updated: October 11, 2024, 12:56 PM IST | Agency | Tehran / Tel Aviv / Washington

دشمن(اسرائیل) نے چھوٹی سی غلطی بھی کی تو اسے ہم خاک میں ملا دیں گے:ایرانی جنرل مرتضیٰ میران۔ایران کو ایسا جواب ملے گا کہ اس کے ہوش ٹھکانے آجائیں گے: اسرائیلی وزیردفاع یووا گیلینٹ۔

Hezbollah is launching rocket attacks on Israel. Image of the attack on the Golan Heights. Photo: INN
حزب اللہ کی جانب سے اسرائیل پر راکٹ حملے کئے جارہے ہیں۔گولان پہاڑی پر حملے کی تصویر۔ تصویر : آئی این این

ایران اسرائیل کشیدگی ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہے۔ دونوں ہی ممالک کی جانب سے ایک دوسرے کو انتباہ اور دھمکی دئیے جانے کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ جمعرات کو امریکی صدر جوبائیڈن اور اسرائیلی صدر نیتن یاہو کی اس ضمن میں  ٹیلی فونک گفتگو ہوئی ہے۔ جس کے بعد اسرائیلی حملے اور اس کے جواب میں  ایران کی کارروائی کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ 
بائیڈن اور نیتن یاہو کے درمیان کیا بات چیت ہوئی
  امریکی صدر جوبائیڈن اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے درمیان ٹیلیفونک بات چیت ہوئی ہے، جس میں اسرائیل پر ایران کے حملے کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا ہے۔ امریکی وقت کے مطابق بدھ کی صبح ہونے والی یہ فون کال اگست کے بعد دونوں لیڈران کے درمیان پہلی راست بات چیت ہے۔ ٹیلی فونک گفتگو ایسے وقت کی گئی جب اسرائیل، ایران اور حزب اللہ کے درمیان جنگ بندی کے معاہدہ تک پہنچنے کا کوئی امکان نظر نہیں آرہا بلکہ تنازع میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن اور نیتن یاہو نے تقریباً ۵۰؍منٹ تک ٹیلیفون پر بات کی اور ایران کے خلاف بھرپور جوابی کارروائی کا عہد کیا۔ دونوں لیڈران نے حماس سے جنگ بندی پر کوئی بات نہیں کی، حزب اللہ کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے پر بھی غور کیا گیا۔ 
 وہائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری نے کہا کہ اختلافات کے باوجود جوبائیڈن اور یاہو کے درمیان بات چیت نتیجہ خیز ثابت ہوئی۔ خیال رہے کہ نیتن یاہو نے ایک روز قبل لبنان کو خبردار کیا کہ اگر حالات مزید بگڑے تو اسے بھی غزہ کی طرح تباہی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اپنے ایک حالیہ جاری بیان میں نیتن یاہو نے لبنان کے لوگوں سے مخاطب ہو کر کہا کہ آپ کے پاس موقع ہے کہ لبنان کو ایک طویل جنگ کے دلدل میں جانے سے بچالیں جو ویسے ہی تباہی اور تکلیف لائے گی جیسی ہم غزہ میں دیکھ رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے حزب اللہ کے خلاف اپنی زمینی کارروائیوں کا دائرہ جنوبی لبنان کے ساحلی علاقوں تک پھیلا دیا ہے۔ اسرائیلی فوج نے بدھ کو جنوبی بیروت میں ۴؍رہائشی عمارتوں کو تباہ کردیااور حزب اللہ کے ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا ہے، اور جنوبی بیروت میں بھی حملے کئے۔ 

یہ بھی پڑھئے:عمر عبداللہ نیشنل کانفرنس قانون ساز پارٹی کے لیڈر منتخب ، جلد حکومت سازی کا دعویٰ پیش کرینگے

اسرائیل کی جس جگہ کو چاہیں نشانہ بناسکتے ہیں : ایرانی جنرل
 ایرانی فوج کے جنرل نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ ہم نے جس جگہ کو چاہا اسے نشانہ بنایا اور ہم جس جگہ کو چاہیں نشانہ بنا سکتے ہیں اور اگر دشمن نے چھوٹی سی بھی غلطی کی تو ہم اسے خاک میں ملا دیں گے۔ پاسداران انقلاب کی زمینی کارروائیوں کے کمانڈر جنرل مرتضیٰ میران نے بدھ کو مقامی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم اسرائیل میں کسی بھی مقام کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے یکم اکتوبر کو اسرائیل پر کیے گئے میزائل حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’آپریشن ٹرو پرومس سیکنڈ‘ میں ہم نے دشمن پر حملہ کرنے کی اپنی طاقت کا مظاہرہ کیا۔ واضح رہے کہ یکم اکتوبر کو کیے گئے اس حملے میں ایران پر کم و بیش۱۸۰؍ میزائل فائر کیے تھے البتہ یہ میزائل صہیونی دفاع کو توڑنے اور کوئی نقصان پہنچانے میں ناکام رہے تھے۔ 
 انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں کسی بھی حال میں کسی کی اجازت کی ضرورت نہیں ہے، ہماری انگلیاں ہر وقت ٹریگر پر ہیں تاکہ اگر دشمن چھوٹی سے چھوٹی غلطی بھی کرے تو ہم اسے خاک میں ملا دیں۔ ایرانی جنرل نے اسرائیلی دفاعی نظام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آئرن ڈوم، ڈیوڈز سلنگ اور ’ایرو‘ کے ساتھ ساتھ صہیونی ریاست کی مدد کو ہمہ وقت تیار ممالک کو ہم نے دکھا دیا ہے کہ وہ کچھ بھی کرنے کے قابل نہیں ہیں۔ مرتضیٰ میران نے مزید کہا کہ ایک بہت اہم نکتہ یہ ہے کہ اگر آپ ایک بار حملہ کریں گے تو ہم اس پر دس بار جوابی کارروائی کریں گے، ایک اور نکتہ یہ ہے کہ وہ ہم پر حملہ کریں گے تو جوابی کارروائی کے لیے تیار رہنا ہو گا، جوابی کارروائی یقینی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں اپنی بات دوبارہ دہراؤں گا کہ ہم جواب دیں گے اور خطرہ چاہے کتنی ہی سنگین نوعیت کا ہو، اس کا اسی شدت سے جواب دیں گے۔ 
ہمارا حملہ بہت حیران کن ہوگا: اسرائیلی وزیر دفاع
اسرائیل کے وزیردفاع یووگیلنٹ نے جاری کردہ ویڈیو پیغام میں  ایران کو دھمکی دی ہے اور کہا کہ ایرانیوں کو اسرائیلی جواب سے اندازہ بھی نہیں ہو پائے گا کہ ان کے ساتھ یہ کیا اور کیسے ہو گیا، ہمارا حملہ بہت حیران کن ہو گا جس کے انہیں محض اثرات اور نتائج ہی نظر آئیں گے اسرائیلی وزیر دفاع یاو گیلنٹ نے کہا ہے کہ یکم اکتوبر کے روز ایران کے اسرائیل پر میزائل حملے کا جواب ایران کیلئے انتہائی ہلاکت خیز اور مقرر کردہ نشانوں پر ہو گا۔ وزیر دفاع کا یہ بیان ایک ریکارڈ ویڈیو کی صورت سامنے آیا ہے جس میں گیلنٹ نے مزید کہا کہ ایرانیوں کو اسرائیلی جواب سے اندازہ بھی نہیں ہو پائے گا کہ ان کے ساتھ یہ کیا اور کیسے ہو گیا، ہمارا حملہ بہت حیران کن ہو گا جس کے انہیں محض اثرات اور نتائج ہی نظر آئیں گے۔ 
سعودی ولی عہد اور ایرانی وزیر خارجہ عراقچی کی ملاقات

سعودی عرب میں ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ریاض میں ملاقات کی۔ رپورٹ کے مطابق اس ملاقات میں خطے کی صورتحال اور اس حوالے سے کی جانے والی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ اس دوران سعودی عرب اور ایران کے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا۔ اس اہم ملاقات کے موقع پر سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان، وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، وزیر مملکت، کابینہ کے رکن اور قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر مساعد بن محمد العبیان موجود تھے۔ ایران کی جانب سے مملکت میں ایرانی سفیر علی رضا عنایتی اور ایرانی وزارت خارجہ کے اعلی عہدیدار بھی شریک ہوئے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK