• Mon, 30 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

کیجریوال کی طرح ہیمنت سورین کی گرفتاری کیخلاف بھی۲۱؍ اپریل کو رائے رانچی میں ’انڈیا‘ اتحاد کی ریلی

Updated: April 13, 2024, 12:07 PM IST | Agency | New Delhi

سابق وزیراعلیٰ کی اہلیہ کلپنا سورین سرگرم، ملکارجن کھرگے، راہل گاندھی، لالو پرساد یادو، تیجسوی یادو اور اروند کیجریوال کی اہلیہ سنیتا کیجریوال کی شرکت متوقع، ممتا بنرجی پہلے سے طے شدہ پروگراموں کی وجہ سے شریک نہیں ہوں گی۔

Hemant Soren. Photo: INN
ہیمنت سورین۔ تصویر : آئی این این

وزیراعلیٰ اروند کیجریوال کی گرفتاری کے خلاف بطور احتجاج رام لیلا میدان میں’انڈیا‘ کی عظیم الشان ریلی کے بعد اپوزیشن اتحاد اب اسی طرز کی ریلی جھارکھنڈ کےسابق وزیراعلیٰ ہیمنت سورین کی حمایت میں  بھی کرنے جا رہاہے۔ اس کیلئے ہیمنت سورین کی اہلیہ کلپنا سورین جو ہیمنت کی گرفتاری کے بعد سیاست میں  سرگرم ہوگئی ہیں، نے اس کیلئے اپوزیشن اتحاد کے سینئر لیڈروں کومکتوب لکھ کر مذکورہ ریلی میں مدعوکرنا بھی شروع کردیاہے۔ یہ ریلی ۲۱؍ اپریل کو رانچی میں  منعقد کی جائے گی۔ یاد رہے کہ کیجریوال کی طرح ہی ہیمنت سورین سے بھی جب ای ڈی نے پوچھ تاچھ کی تو وہ وزیراعلیٰ کے عہدہ پر فائز تھے، ای ڈی کے گرفتاری کے فیصلے کے پیش نظر انہوں نے عہدہ سے استعفیٰ دے دیاتھا۔ 

یہ بھی پڑھئے:’’۴۰۰؍ سیٹوں کا دعویٰ کرنےوالے اِتنے خوفزدہ ہیں کہ وزیراعلیٰ کو قید کر رکھا ہے‘‘

رانچی کی ریلی میں  کانگریس صدر ملکارجن کھرگے، پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی، آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو، سابق نائب وزیراعلیٰ تیجسوی یادو، دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال کی اہلیہ سنیاکیجریوال اور دیگر سینئرلیڈروں کی شرکت متوقع ہے۔ مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی اپنی پہلے سے طے شدہ انتخابی مصروفیات کی وجہ سے شریک نہیں  ہوسکیں گی مگر وہ اپنا نمائندہ بھیجیں گی۔ قوی امکان ہے کہ ان کی نمائندگی کیلئے ٹی ایم سی لیڈر ڈیرک او برائن کو روانہ کیا جائےگا۔ 
۳؍ ہفتوں میں انڈیا اتحاد کی یہ دوسری مشترکہ ریلی ہوگی۔ اس سے قبل اروند کیجریوال کی گرفتاری کے خلاف دہلی کے رام لیلا میدان میں  ۳۱؍ مارچ کو انڈیا اتحاد کی ریلی منعقد ہوئی تھی تو جھارکھنڈ مکتی مورچہ کی نمائندگی ہیمنت سورین کی اہلیہ کلپنا سورین نے کی تھی۔ سونیا گاندھی کے ساتھ کلپنا سورین اور سنیتا کیجریوال کی تصویریں اس وقت موضوع بحث آگئی تھیں۔ بطور خاص سونیا گاندھی نے جس اپنائیت سے کیجریوال کی اہلیہ سے ملاقات کی تھی اس کی پزیرائی کی جارہی تھی۔ 
رانچی میں’انڈیا‘ اتحاد کی یہ ریلی ۱۹؍ اپریل کو عام انتخابات کیلئے پہلے مرحلے کی پولنگ کے ۲؍ دن بعد منعقد ہوگی۔ جھارکھنڈ میں   لوک سبھا الیکشن کیلئے ۱۳؍ سے ۲۵؍ مئی کے دوران تیسرے، چوتھے اور پانچویں  مرحلے میں  ووٹ ڈالے جائیں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK