• Fri, 18 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

مالونی، ممبرا، بھیونڈی اور شاہ پورمیں وقت ختم ہونے کے بعد بھی پولنگ ہوئی

Updated: May 22, 2024, 10:07 AM IST | Saeed Ahmad Khan/ Iqbal Ansari / Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

سست رفتاری سے پولنگ اورووٹرس کی تعداد زیادہ ہونے پرکئی پولنگ بوتھوں پر رات ۸؍ بجے تک رائے دہندگان نے ووٹ دیا۔ سماجی کارکن نے بدنظمی کی الیکشن کمیشن سےشکایت کا فیصلہ کیا۔

Even after 7 pm, voters are waiting for their turn at Babaji Patilwadi School Polling Center in Mumbra. Image: Revolution
ممبرا کے بابا جی پاٹل واڑی اسکول پولنگ سینٹر میں شام ۷؍ بجے کے بعد بھی ووٹرس اپنی باری کا انتظار کر رہے ہیں۔ تصویر:انقلاب

مالونی، ممبرا، بھیونڈی اور شاہ پور کے چند پولنگ بوتھوں پر ووٹنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد بھی رائے دہندگان نے ووٹ دیا۔ اس کے سبب ووٹروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ رائے دہندگان نے تاخیر کی وجہ سے سست رفتاری بتائی ہے۔ ایک سماجی کارکن نے اس بدنظمی کی شکایت الیکشن آفیسر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 
مالونی میں ۷؍ بجے کے بعد تک ووٹنگ ہوئی
 مالونی گیٹ نمبر ۷؍میونسپل ہندی اسکول بوتھ نمبر ۲۴۱؍ میں پیر کو ووٹنگ کے دن مقررہ وقت شام ۶؍بجے ختم ہوگیا تھا مگر سوا ۶؍بجے کے بعد ۳۷؍ رائے دہندگان اپنی باری کے منتظر تھے، اس بوتھ پر۷؍بجے کے بعد تک ووٹ دینے کا سلسلہ جاری رہا۔ اسی طرح ماؤنٹ میری بوتھ نمبر ۲۹؍پر تاخیر سے ووٹنگ کی شکایت پر مشین کے دیر سے چلنے کا ریٹرننگ آفیسرس نے حوالہ دیا۔ یہاں سابق کارپوریٹر وریندر چودھری بھی پہنچے اور انہوں نے الیکشن عملہ سے کہاکہ اتنی سست روی سے اگر ووٹنگ جاری رہے گی توشاید دوسرے دن صبح تک لوگو ں کوووٹ دینا پڑے گا۔ اس لئے رفتار بڑھائی جائے۔ اس پرعملہ نے جواب دیا کہ مشین جس طرح سے چلے گی، ویسے ہی کام آگے بڑھے گا۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے: ۭبی جے پی اُمیدوار اور سابق جج ابھیجیت گنگوپادھیائے پر ۲۴؍ گھنٹے کی پابندی

بوتھ نمبر ۲۴۱؍پر ووٹ دینے گئے حافظ شمشیر نے نمائندۂ انقلاب کو بتایاکہ ’’پہلے وہ صبح کوگئے تو بھیڑ بھاڑ زیادہ ہونے کے سبب واپس آگئے اور یہ سوچا کہ شام کوچلے جائیں گے۔ سہ پہر کوجب عصر کی نماز سے قبل دوبارہ بوتھ سینٹر پہنچے توبھیڑبھاڑ کا وہی عالم تھا۔ چنانچہ وہ قطار میں کھڑ ے ہوگئے اور ایک گھنٹہ گزر جانے کےبعد پولنگ کا وقت ۶؍بجے ختم ہوگیا مگر نمبر نہیں آیا لیکن وہ قطار میں کھڑے رہےاور تقریباً ۶؍بجکر۲۰؍منٹ پران کو ووٹ دینے کا موقع مل سکا۔ ‘‘ انہوں نےیہ بھی بتایاکہ ’’ اس وقت قطار میں ۳۷؍ لوگ موجود تھے جواپنا نمبرآنے کا انتظارکررہے تھے۔ اس طرح ۷؍بجے کے بعدتک اس بوتھ پرووٹنگ کاسلسلہ جاری رہا۔ اتنی تاخیر کی وجہ یہ بتائی گئی کہ اس بوتھ پر ووٹرس زیادہ تھے۔ ‘‘ 
ممبرا میں سست رفتاری سے ووٹنگ کی شکایت
 ممبرا کے سماجی کارکن عارف عراقی ان ووٹروں میں شامل ہیں جنہوں نے تاخیر سے ووٹ دیا۔ ان سے رابطہ قائم کرنے پر انہوں نے نمائندۂ انقلاب سے بتایا کہ ’’ بابا جی پاٹل واڑی اسکول پولنگ سینٹر میں ہمارا نام ووٹر لسٹ نمبر ۲۷۸؍ میں درج تھا۔ دوپہر ۲؍ بجے پولنگ سینٹر پر کافی بھیڑ تھی لہٰذا شدید دھوپ کی وجہ سے مَیں لوٹ آیا کیونکہ وہاں بیٹھنے اور پانی وغیرہ کا انتظام نہیں تھا۔ مَیں اپنی بیوی کےساتھ شام ۵؍ بجے دوبارہ گیا توبھیڑ دوگنا تھی لیکن مجھے کسی بھی حالت میں ووٹ دینا تھا اس لئے مَیں بھی قطار میں کھڑا ہو گیا۔ سست رفتاری کی وجہ سے شام ۶؍ بجے ۱۰۰؍ سے زیادہ ووٹرس قطار میں کھڑے تھےاور پولنگ اسٹاف آنا کانی کر رہا تھا، البتہ مقامی سوشل ورکر چیتنا دکشت اور دیگر کے اصرار کرنے پر قطار میں کھڑے لوگوں کو پرچہ تقسیم کیا گیا۔ رات تقریباً  ۸؍ بجے میرا نمبرآیا۔ اس وقت میرے پیچھے ۳۰؍ سے زیادہ ووٹرس قطار میں تھے جن کیلئے رات ساڑھے ۸؍ بجے تک پولنگ جاری تھی۔‘‘

عارف عراقی نے شکایت کی کہ بھیڑ کی وجہ سے خواتین اور معمر افراد کا برا حال تھا، نہ بیٹھنے کا کوئی نظم تھا اور نہ ہی پانی کاانتظام، خواتین کیلئے علاحدہ قطار بھی نہیں تھی۔ اس لئے وہ اس بدنظمی کی شکایت تھانے الیکشن آفیسر / ضلع کلکٹر کو ضرور کریں گے۔ 
 سماجی خدمت گار لسان انصاری اور ایاز ( ببلو) نے بھی عبداللہ پٹیل، آئیڈیل میونسپل اسکول، سٹی کانوینٹ اسکول( قادر پیلیس روڈ) پر سست رفتاری سےووٹنگ کی شکایت کی ہے۔ 
بھیونڈی میں ۸؍ بجے تک پولنگ جاری رہی
 بھیونڈی کے بنگال پورہ کے سکینہ پری پرائمری اسکول کے پولنگ بوتھ اور میونسپل اسکول نمبر ۲۰ ؍ کے پولنگ بوتھ میں پونے ۸؍ بجے تک پولنگ ہوئی۔ اسی طرح بھیونڈی دیہی اور شاہ پور کے کچھ پولنگ بوتھوں میں رات ۸؍ بجے تک پولنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK