• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

یوپی میں پانچواں مرحلہ، راہل، اسمرتی، راجناتھ اور نرنجن جیوتی کی قسمت کا فیصلہ

Updated: May 20, 2024, 12:29 PM IST | Agency | Lucknow

اترپردیش میں لوک سبھا الیکشن کے پانچویں مرحلے میں وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ، مرکزی وزیر داخلہ اسمرتی ایرانی، کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اورسادھوی نرنجن جیوتی سمیت۱۴۴؍ امیدواروں کے قسمت کا فیصلہ ہوگا۔

Rahul Gandhi. Photo: INN
راہل گاندھی ۔ تصویر : آئی این این

اترپردیش میں لوک سبھا الیکشن کے پانچویں مرحلے میں وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ، مرکزی وزیر داخلہ اسمرتی ایرانی، کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اورسادھوی نرنجن جیوتی سمیت۱۴۴؍ امیدواروں کے قسمت کا فیصلہ ہوگا۔ ریاست میں ۲۰؍مئی کو صبح۷؍بجے سے شام۶؍بجے کے درمیان۱۴؍ سیٹوں کیلئے ووٹ ڈالے جائیں گے۔ اس کے علاوہ لکھنؤ مشرق اسمبلی حلقے کے لئے ضمنی الیکشن بھی ہوگا جو بی جےپی کے موجودہ ایم ایل اے اشوتوش ٹنڈن گوپال جی کے انتقال کے بعد خالی ہوگئی تھی۔ چیف الیکشن افسر رندیپ رنوا نے بتایا کہ اس مرحلے میں جن۱۴؍ لوک سبھا سیٹوں پر ووٹنگ ہوگی وہ ۲۱؍اضلاع میں پھیلے ہوئے ہیں جن میں لکھنؤ، سیتا پور، رائے بریلی، امیٹھی، سلطانپور، جالون، جھانسی، کانپور دیہات، للت پور، ہمیر پور، مہوبہ، باندہ، چترکوٹ، فتح پور، کوشامبی، پرتاپ گڑھ، بارہ بنکی، ا یودھیا، گونڈہ، بہرائچ اور بلرامپور شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: پونے: کلیانی نگر میں کار نےموٹرسائیکل کو ٹکر ماری، ۲؍افرادکی موت، نابالغ گرفتار

اس مرحلے میں ۱ء۴۳؍ کروڑ مرد اور۱ء۲۷؍کروڑ خواتین سمیت ۲ء۷؍ کروڑ رائے دہندگان امیدواروں کے قسمت کا فیصلہ کریں  گے۔ اس مرحلے میں وزیر دفاع راجناتھ سنگھ، مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی، کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اورسادھوی نرنجن جیوتی سمیت کئی سیاسی لیڈروں کے قسمت کا فیصلہ ہوگا۔ وزیر دفاع راجناتھ سنگھ لکھنؤ سے تیسری بار الیکشن لڑرہے ہیں جو۱۹۹۱ء سے بی جےپی کا رسوخ والا علاقہ ہے۔ انہیں سماجوادی پارٹی(ایس پی) کے موجودہ ایم ایل اے روی داس مہروترا چیلنج دے رہے ہیں۔ راج ناتھ لکھنؤ سے دو بار ۲۰۱۴ء اور۲۰۱۹ء میں منتخب ہوئے ہیں۔ اس سیٹ کی نمائندگی کبھی سابق وزیر اعظم آنجہانی اٹل بہاری واجپئی کرتے تھے۔ 
 دلچسپ مقابلہ رائے بریلی میں دیکھنے کو مل رہا ہے جہاں کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کو یوگی آدتیہ ناتھ حکومت میں وزیر دنیش پرتاپ سنگھ چیلنج دے رہے ہیں۔ ۲۰۱۹ء کے الیکشن میں راہل گاندھی امیٹھی میں بی جےپی کی اسمرتی ایرانی سے ہار گئے تھے۔ اس بار وہ اپنی ماں سونیا گاندھی کی روایتی سیٹ رائے بریلی سے انتخابی میدان میں ہیں۔ ان کی بہن اور پارٹی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا راہل کی حمایت میں بڑے پیمانے پر انتخابی مہم چلا رہی تھیں۔ سونیا گاندھی نے بیٹے راہل کی حمایت میں جذباتی اپیل کرتے ہوئے اہل رائے بریلی سے کہا کہ اپنے بیٹے کو آپ کے سپرد کررہی ہوں۔ 
 امیٹھی میں مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی کا مقابلہ گاندھی پریوار کے نزدیکی اور کانگریس امیدوار کشوری لال شرما سے ہے۔ ۲۰۱۹ءکے الیکشن میں اسمرتی ایرانی نے اس سیٹ پر راہل گاندھی کو شکست دی تھی۔ شرما کا گاندھی کنبہ سے ایک لمبا رشتہ رہا ہے۔ انہوں نے تقریباًایک دہائی تک رائے بریلی میں سونیا گاندھی کے مقامی نمائندے کے طور پر کام کیا ہے۔ 
 فتح پور میں موجودہ بی جے پی ایم پی سادھوی نرنجن جیوتی کو ایس پی کے سابق ریاستی صدر اور پارٹی امیدوار نریش اتم پٹیل چیلنج پیش کررہے ہیں۔ ملائم سنگھ حکومت میں نائب وزیر اعلی رہے ایس پی امیدوار اکھلیش یادو کے بھی کافی قریبی ہیں۔ اسی طرح رام مندر کی تعمیر کے بعد بی جےپی کیلئے اہم سیٹ فیض آباد پر موجودہ ایم پی للو سنگھ دوسری مدت کے خواہشمند ہیں حالانکہ اس بار انہیں موجودہ ایم ایل اے اور ایس پی کےبانی ممبر اودھیش پرساد سے چیلنج مل رہا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK