مسافروںکاکہنا ہےکہ آف سیزن کے باوجود کمبھ میلے کیلئے اسپیشل ٹرینیں چلائی جانے کےسبب بھیڑبڑھی ہے ، منصوبہ بندی کی جائےتو حادثہ ٹالا جاسکتا ہے
EPAPER
Updated: January 14, 2025, 5:29 PM IST | Saeed Ahmad Khan | Mumbai
مسافروںکاکہنا ہےکہ آف سیزن کے باوجود کمبھ میلے کیلئے اسپیشل ٹرینیں چلائی جانے کےسبب بھیڑبڑھی ہے ، منصوبہ بندی کی جائےتو حادثہ ٹالا جاسکتا ہے
ایل ٹی ٹی میں زبردست بھیڑ بھاڑ ہونے کے سبب حادثے اور باندرہ ٹرمنس جیسی بھگدڑ کا اندیشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ یہ اندیشہ ان لوگوں کی جا نب سے ظاہر کیا گیا ہے جو اپنے رفقاء یا اعزہ کو ٹرین میں سوار کرانے کے لئے پہنچے تھے۔ کچھ مسافروں نے بھیڑ بھاڑ کو کیمرے میں بھی قید کیا۔
خورشید خان نام کے ایک نوجوان نےجو اپنے کسی شناسا کو گزشتہ روز الوداع کہنے گئے تھے، بتایا کہ کشی نگر ایکسپریس میں اور پلیٹ فارم پر بھیڑ بھاڑ دیکھ کر یہ اندازہ لگانا مشکل ہورہا تھا کہ کیا یہ واقعی آف سیزن ہے، اس سیزن میں اتنے لوگ تو سفر نہیں کرتے بلکہ بہت سے لوگ ٹھنڈ سے بچنے کی غرض سے ممبئی آجاتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ الہ آباد میں کمبھ میلہ بھی جاری ہے اور اسپیشل ٹرینیں بھی روانہ کی جارہی ہیں جس سے شاید اور بھیڑ ہوگئی ہے۔ اس لئے سینٹرل ریلوے انتظامیہ کو الرٹ رہنا چاہئے تاکہ باندرہ ٹرمنس پر انتودیا ایکسپریس میں سوار ہونے کی کوشش میں مچنے والی بھگدڑ سے جیسے خطرے سے بچا جاسکے۔ ایک اور شخص وارث علی شیخ نے بتایا کہ یہ بالکل صحیح ہے کہ بہت زیادہ بھیڑ بھاڑ ہے۔ انہوں نے یہ تبصرہ بھی کیا کہ ریلوے انتظامیہ پہلے الرٹ نہیں ہوتا بلکہ حادثے کے بعد اس کی نیند ٹوٹتی ہے۔ اس دوران سینٹرل ریلوے کے چیف پی آر او ڈاکٹر سوپنل نیلا نے نمائندہ انقلاب کے استفسار اور مذکورہ بالا صورتحال پر توجہ دلانے پر بتایا کہ اس جانب بلا تاخیر توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ریلوے پولیس، آر پی ایف کے جوان اور اسٹیشن عملہ بھی حالات پر نگرانی رکھتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: مسافروں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی
رام جی کنوجیا نامی شخص نے بتایا کہ ایل ٹی ٹی پر بھیڑ بھاڑ ریلوے کی بدانتظامی کا ثبوت ہے۔ لوکمانیہ تلک ٹرمنس سے چونکہ ملک کے طول وعرض میں کئی لمبی دوری کی ٹرینیں روانہ کی جاتی ہیں اور ہزاروں مسافر سفر کرتے ہیں، اس لئے بھیڑ بھاڑ پرخاص توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ اس وقت پریاگ راج میں کمبھ میلہ بھی شروع ہے، منصوبہ بندی کی جائے توحادثہ ٹالا جاسکتا ہے۔