’ہریانہ پردیس بیوپار منڈل‘ کے ریاستی صدر بجرنگ گرگ کے مطابق منڈیوں سے گیہوں اٹھایا نہیں جا رہا ہے جس سے مزید نقصان کا خدشہ ہے۔
EPAPER
Updated: April 19, 2024, 12:12 AM IST | Inquilab News Network | Chandigarh
’ہریانہ پردیس بیوپار منڈل‘ کے ریاستی صدر بجرنگ گرگ کے مطابق منڈیوں سے گیہوں اٹھایا نہیں جا رہا ہے جس سے مزید نقصان کا خدشہ ہے۔
ہریا نہ میں بارش کی وجہ سے لاکھوں ٹن گیہوں اور سرسوں کا نقصان ہوا ہے۔ ا س کے باوجود غلہ نہیں اٹھا یا ہےجس سے کسانوں کا مزید نقصان ہوسکتا ہے۔
اس بارے میں ’ہریانہ پردیس بیوپار منڈل‘ کے ریاستی صدر بجرنگ داس گرگ نے بتایا،’’ گزشتہ دنوں بارش کی وجہ سے کسانوں کے لاکھوں ٹن گیہوں اور سرسوں کو نقصان پہنچا ہے اور محکمہ موسمیات نے مستقبل میں بھی مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ اس کے باوجود منڈیوں سے گیہوں اٹھایا نہیں جارہا ہے۔ گیہوں نہیں اٹھایا گیا تو مزید نقصان ہوسکتا ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: بھوپال بوہرہ کمیونٹی کے سربراہ ’عامل‘ سے مودی کی حمایت میں نعرہ بازی پروضاحت طلب
گزشتہ دنوں انہوں نے آڑھتیوں اور کسانوں سے بات چیت کے بعد کہا تھا،’’ سرکاری افسران اور غلہ اٹھانے والے ٹھیکیداروں کی لاپروائی کی وجہ سے منڈیاں پوری طرح گیہوں سے بھری ہوئی ہیںور باہر اناج سے لدی ٹرالیوں کی لمبی قطاریں لگی ہیں۔ تقریباً ۳۰؍ لاکھ ٹن گیہوں منڈیوں میں پہنچ چکاہے۔ گیہوں اب تک۱۰؍ فیصد بھی نہیں اٹھایا گیا ہے ۔‘‘انہوں نے یہ بھی کہا ،’’ گیہوں اٹھانے کے ٹھیکیدار اضافی رقم کے لالچ میں جان بوجھ کر تاخیر کر رہے ہیں۔ کئی منڈیوں کے ایجنٹوں نے بتایا کہ گیہوں اٹھانے کے نام پر ٹھیکیدار ۳؍ سے ۵؍ روپے فی بوری مانگ رہے ہیں جس کی وجہ سےمشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔‘‘انہوں نے کہا ،’’حکومت فوری طور پر گیہوں کی خریداری کرے اور کاشتکاروں کو گیہوں کی خریداری کی ادائیگی کی جائے جبکہ۷۲؍ گھنٹے میں خریداری، لفٹنگ اور ادائیگی کے حکومت کے تمام دعوے ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ ‘‘
اُن کا یہ بھی کہنا تھا،’’ حکومت نے کسانوں سے پوری سرسوں کو ایم ایس پی پر نہیں خریدا ہے۔ اب کسان سرسوں کے ساتھ گیہوں بیچنے کیلئے منڈیوں کا رخ کر رہے ہیں۔ حکومت کو کسانوں سے سرسوں کی پوری فصل ایم ایس پی۵۶۵۰؍ روپے پر خریدنی چاہئے۔‘‘