• Fri, 22 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

لکھنؤ: منہدم عمارت سے مزید ۳؍ لاشیں برآمد، مرنے والوں کی تعداد ۸؍ ہوگئی

Updated: September 08, 2024, 12:52 PM IST | Inquilab News Network | Lucknow

گزشتہ دن شام ۵؍ بجے لکھنؤ (اتر پردیش) میں اچانک منہدم ہوجانے والی عمارت کا نام ’ہرمیلاپ بلڈنگ ‘ہے جو دواسازی کے کاروبار کے گودام کے طورپر استعمال ہوتی تھی۔ اس حادثے میں مرنے والی کی تعداد ۸؍ ہوگئی ہے جبکہ درجنوں زخمی ہیں۔ راحت رسانی کا کام اب بھی جاری ہے۔

Photo: INN
تصویر : آئی این این

لکھنؤ میں منہدم ہوئی عمارت کے ملبے سے راحت رسانی کا کام جاری ہے جس میں مزید ۳؍ لاشیں نکالی گئی ہیں۔ اس طرح مرنے والوں کی تعدار ۸ ؍ ہوگئی ہے۔ اس حادثے میں ۲۸؍ افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ٹرانسپورٹ نگر علاقے میں واقع منہدم ہونے والی عمارت میں گودام اور ایک موٹر ورکشاپ تھی۔ ریلیف کمشنر جی ایس نوین نے کے مطابق ریاستی ڈیزاسٹر رسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) کے اہلکاروں نے تین اور لاشیں ملبے سے برآمد کی ہیں جن کی شنا خت راج کشور (۲۷)، رودرا یادو (۲۴) اور جاگروپ سنگھ (۳۵) کے طور پر ہوئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے ایک سینئر اہلکار نے کہا کہ اب توجہ اس بات کو یقینی بنانے پر مرکوز ہے کہ ملبے کے نیچے کوئی اور نہ پھنسے رہے۔ ریسکیو آپریشن اب بھی جاری ہے۔
عمارت کی شناخت ’ہرمیلا پ بلڈنگ ‘کے نام سے ہوئی ہے جو دواسازی کے کاروبار کیلئے گودام کے طورپر استعمال ہوتی تھی۔ یہ عمارت کل شام ۵؍ بجے منہدم ہوئی۔ پولیس نے بتایا کہ چار سال قبل تعمیر کی گئی اس عمارت میںگرنے کے وقت کچھ تعمیراتی کام جاری تھا۔جب حادثہ ہواتب کافی لوگ گراؤنڈ فلور پر کام کررہے تھے۔ زخمی ہوئے افراد کولک بندھو اسپتال سمیت مختلف اسپتالوں میں داخل کیا گیا ہے۔ افسر کے مطابق اس عمارت میں گودام اور ایک موٹر ورکشاپ گراؤ نڈ فلور پر موجود تھا۔ پہلے فلور پر ایک میڈیکل گودام، اور دوسرے فلور پر کٹلری کا گودام تھا۔

یہ بھی پڑھئے:غزہ جنگ بندی کیلئے سی آئی اے اور ایم آئی ۶؍ کا مشترکہ بیان جاری

آکاش سنگھ، جو میڈیکل گودام میں کام کرتے ہیں اور زخمیوں میں شامل ہیں، نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ عمارت کےایک ستون میں شگاف پڑگیا تھا۔ ہم بارش کی وجہ سے گراؤنڈ فلور پر آگئے تھے۔ ہم نے دیکھا کہ عمارت کے ایک ستون میں شگاف پڑگیا ہے۔ اچانک پوری عمارت ہمارے اوپر گر گئی۔ ‘‘ اس ضمن میں اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ضلعی عہدیداروں کو امدادی کارروائیوں میں تیزی لانے اور اس بات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر اسپتال لے جایا جائے اور انہیں مناسب طبی امداد فراہم کی جائے۔ وزیر اعلیٰ کے دفتر (سی ایم او) نے ایکس پر لکھاکہ’’ وزیر اعلیٰ نے ضلع انتظامیہ کے افسران، ایس ڈی آر ایف، اور این ڈی آر ایف کی ٹیموں کو ہدایت دی ہے کہ وہ جائے وقوعہ پر پہنچیں اور امدادی کاموں میں تیزی لائیں، اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ زخمیوں کو فوری طور پر مناسب علاج کیلئےاسپتال لے جایا جائے۔ انہوں نےزخمیوں کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی۔‘‘
دریں اثنا، وزیر دفاع اور لکھنؤ سے لوک سبھا کے رکن راج ناتھ سنگھ نے ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ایکس پر سنگھ نے پوسٹ کیاکہ ’’ لکھنؤ میں ایک عمارت کے گرنے کی خبر انتہائی تکلیف دہ ہے۔ میں نے لکھنؤ کے ضلع مجسٹریٹ سے فون پر بات کی ہے اور موقع پر موجود صورتحال کے بارے میں معلومات حاصل کی ہیں۔ مقامی انتظامیہ موقع پر راحت اور بچاؤ کی کارروائیاں کر رہی ہے اور متاثرین کی ہر ممکن مدد کرنے میں مصروف ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK