دیوالی کی تعطیلات میں آبائی وطن جانے والوںکو ٹرین کا ٹکٹ ملنا مشکل ہوگیا
EPAPER
Updated: December 06, 2024, 6:42 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai
دیوالی کی تعطیلات میں آبائی وطن جانے والوںکو ٹرین کا ٹکٹ ملنا مشکل ہوگیا
دیوالی کی چھٹیوں میں اترپردیش جانے والے مزدور طبقہ کے افراد اب ممبئی لوٹ رہےہیں جس کی وجہ سے ٹرینوں کا ٹکٹ ملنا مشکل ہوگیا ہے ۔ اسی وجہ سے لکھنؤ سے ممبئی کا ہوائی جہاز کا ٹکٹ ممبئی سے دبئی تک کی قیمت پر دستیاب ہے۔ انقلاب نے جب ۴؍ دسمبر ۲۰۲۴ء کیلئے ایئر انڈیا کے ہوائی جہاز سے ممبئی سے دبئی جانے کی ٹکٹ کا کرایہ آن لائن پتہ کیا تو ۱۷؍ہزار ۵۷۹؍ روپے قیمت بتایا گیا جبکہ اسی تاریخ کیلئے ایئر انڈیا کی لکھنؤ سے ممبئی کے سفر کیلئے ٹکٹ ۱۶؍ہزار ۵۰۲؍ روپے تھا جبکہ الاسکا کے جہاز کا ٹکٹ ۲۱؍ہزار ۵۰۴؍ روپے میں اور انڈیگو کا ٹکٹ ۱۶؍ ہزار ۴۸۹؍ روپے میں دستیاب تھا۔ ممبئی میں کارخانہ چلانے والے فرحان انصاری نے بتایا کہ ان کا ایک کاریگر گزشتہ ماہ یوپی میں اپنے گھر گیا تھا۔ اب اسے واپس آنا ہے لیکن ٹرین کی ٹکٹ دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے وہ وہیں پھنسا ہوا ہے اور یہاں ہمارا کام متاثر ہورہا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ویسٹرن ر یلوے:بلا ٹکٹ مسافرو ں سے ۹۳؍کروڑ ۴۷؍ لاکھ روپے جرمانہ وصول کیا گیا
یو پی سے تعلق رکھنے والے ایک تاجر نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ وہ کچھ روز قبل ایک رشتہ دار کی شادی میں یوپی گئے تھے لیکن واپسی کیلئے ٹرین کا ٹکٹ دستیاب نہیں تھی اور ضروری کام سے ممبئی پہنچنا اشد ضروری تھا اس لئے وہ تقریباً ۲۳؍ ہزار روپے کا ہوائی جہاز کا ٹکٹ لے کر ممبئی پہنچے ہیں۔ ممبئی میں ٹکٹوں کے ایجنٹ کی حیثیت سے کام کرنے والے یوسف منصوری نے اس نمائندے کو بتایا کہ موقع یعنی تہوار یا شادیوں کے سیزن کے اعتبار سے ٹکٹوں کی قیمتیں کم زیادہ ہوتی رہتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حالانکہ حکومت نے یقین دہانی کرائی تھی کہ مسافت کے اعتبار سے ٹکٹوں کی قیمتیں طے کی جائیں گی لیکن اس پر کبھی عملدرآمد نہیں ہوا۔ یہی وجہ ہے کہ لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔