• Sun, 22 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’ہمیں اقتدار میں لائیں، پرانی پنشن اسکیم منظورکرینگے‘‘

Updated: September 16, 2024, 2:00 PM IST | Inquilab News Network | Kopar Village

کوپر گاؤں میں منعقدہ اجلاس میں مہاوکاس اگھاڑی کے لیڈروں کااعلان، ادھوٹھاکرے نے کہا ’’ہمیں اقتدار کی نہیں بلکہ ریاست کے عوام کی فکر ہے۔‘‘

Leaders of Maha Vikas Aghadi show unity at a meeting held in Kopargaon. Photo: INN
مہا وکاس اگھاڑی کے لیڈران کوپرگاؤں میں منعقدہ اجلاس میں اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے۔ تصویر : آئی این این

 یہاں اتوار کو منعقد ہونیوالے اجلاس میں  مہاوکاس اگھاڑی کے لیڈران نے پرانی پنشن اسکیم کی بحالی کا وعدہ کیا ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ اور شیوسینا (یوبی ٹی) کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے  پرانی پنشن اسکیم کیلئے احتجاج کرنیوالے سرکاری ملازمین کی جانب سے منعقدہ اجلاس میں کہاکہ’’لوک سبھا میں  نرملا سیتارمن نے کہا تھا کہ پرانی پنشن اسکیم نافذ نہیں  کی جائے گی، اسلئے اگر مہایوتی حکومت پرانی پنشن اسکیم لاگو کرنے کا اعلان بھی کردے تو بھی آپ لوگوں  کو کچھ نہیں  ملنے والا۔ دہلی سے پوچھے بغیر وہ کچھ بھی نہیں  کرسکتے۔ ‘‘  انہوں  نے کہا کہ ’’میں  ٹوپی نہیں  پہنتا اسلئے لوگوں  کو بھی ٹوپی نہیں  پہناتا، ٹوپی بازی مِندے کو آتی ہے۔ اگر ہم اقتدار میں آئے تو آپ کو جیسی پنشن اسکیم چاہئے، وہ اسکیم دی جائے گی۔ ‘‘ 
 ’مہایوتی ‘کی جانب سے وزیراعلیٰ کے عہدے کے متعلق تنقیدوں  پر جوابی حملہ کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ’’مجھے وزیراعلیٰ بننے کے سپنے نہیں  دکھائی دیتے ہیں۔ ہمیں  اقتدار کی فکر نہیں ہے، ہمیں آپ لوگوں  کی فکر ہے۔ مہاراشٹر کے ہر خاندان کی فکر ہے۔ ہمارے لئے مہاراشٹر مطلب آپ لوگ ہیں۔ ‘‘انہوں  نے وزیر اعلیٰ شندے کے متعلق اشاروں ہی اشاروں  میں کہا کہ’’مجھے دیوار فلم کا ڈائیلاگ یاد آتا ہے، مِندے اور دیگر لوگ کہہ رہے ہیں کہ، میرے پاس پارٹی ہے، میرے پاس اقتدار ہے، تیرے پاس کیا ہے؟تو امیتابھ بچن نے ایسوں کو کہا ہے کہ میرے پاس ماں  ہے، میں کہتا ہوں  کہ میرے پاس ایمان ہے۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے:وزیر اعلیٰ کیجریوال کا ۲؍ دن میں مستعفی ہونے کا اعلان

ادھو ٹھاکرے نے مزید کہا کہ’’ پھوٹ ڈالنے کی سیاست برسراقتدار ٹولہ کررہا ہے، اسلئے وقت آگیا ہے کہ آپ لوگ انہیں  ٹینشن دیں۔ مِندے اورانکے چمچے میری تقریریں  سنتے ہیں، میں  وعدہ کرتا ہوں  کہ اپنی سرکار بننے پر میں آپ کے مطالبات منظور کروں  گا۔ یقین جانئے میرا یہ وعدہ سن کر ان کے پسینے چھوٹ جائیں گے، ممکن ہے کہ وہ ہنگامی طور پر کابینی میٹنگ بلاکر اعلان بھی کردیں ۔ ‘‘ سابق وزیراعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے لاڈلی بہن یوجنا پر تنقید کرتے ہوئے خواتین سےکہا کہ’’آج وہ لوگ دعوے کررہے ہیں کہ ہم آپ کے بھائی ہیں، میں کہتا ہوں  یہ بھاؤ(بھائی) نہیں، پھوکٹ کھاؤ( مفت خور )ہیں۔ ‘‘
   مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے بھی جلسے سے خطاب کیا اور شرکاء کو یقین دلایا ہے کہ ہماری حکومت آتے ہی پہلی کابینہ میٹنگ میں پرانی پنشن اسکیم بحال کی جائے گی۔ نانا پٹولے نے کہا کہ پرانی پنشن اسکیم سرکاری ملازمین کا حق ہے۔ انہوں نے بی جے پی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پرانی پنشن اسکیم کو لاگو کرنے سے خزانہ خالی ہونے کا بہانہ بنایا جارہا ہے۔ نانا پٹولے سوال کیا کہ انل امبانی کے ۱۷۰۰؍ کروڑ روپے کا قرض معاف کرتے وقت کیا خزانے پر کوئی اثر نہیں پڑا؟ انہوں نے کہا کہ ریاست میں ۲ء۵؍ لاکھ سرکاری عہدے خالی ہیں اور مخلوط حکومت ان اسامیوں کو بھرنے میں ناکام ہے، لیکن کانگریس کی حکومت آتے ہی ان عہدوں کو پُر کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس کے دور حکومت میں ولاس راؤ دیشمکھ نے گاؤں گاؤں میں اسکول قائم کیے تاکہ غریبوں کے بچوں کو تعلیم حاصل کرنے کا موقع ملے، مگر آج کی حکومت ان اسکولوں کو بند کر رہی ہے۔ ایم پی ایس سی کے ذریعے بھرتی کرنے کے بجائے طلبہ کے احتجاج کو کچلنے کیلئے پولیس نے لاٹھی چارج کا سہارا لیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہایوتی نے مہاراشٹر کو ترقی کے میدان میں ۱۰؍ سال پیچھے دھکیل دیا ہے۔ اس اجلاس میں سدھاکر آڈبالے، ابھیجیت ونجاری، ستیہ جیت تامبے، کرن سرنائک، روی کانت توپکر اور نتیش کھانڈیکر سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK