بی جے پی لیڈر نے کہا کہ تاریخ میں کسی بھی قسم کی تحریف" کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ تاریخی حقائق کو "صحیح طریقے سے" پیش کیا جانا چاہئے۔
EPAPER
Updated: February 19, 2025, 8:04 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai
بی جے پی لیڈر نے کہا کہ تاریخ میں کسی بھی قسم کی تحریف" کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ تاریخی حقائق کو "صحیح طریقے سے" پیش کیا جانا چاہئے۔
مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے منگل کو بتایا کہ انہوں نے ریاست کی سائبر پولیس کو آن لائن انسائیکلو پیڈیا ویب سائٹ وکی پیڈیا سے رابطہ کرکے ۱۷ ویں صدی کے مراٹھا حکمران سنبھاجی کے متعلق مبینہ طور پر قابلِ اعتراض مواد حذف کرنے کی ہدایت دی ہے۔ فرنویس نے ممبئی میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم وکی پیڈیا پر چھترپتی سنبھاجی مہاراج کے متعلق لکھی گئی متنازع باتوں کی مذمت کرتے ہیں۔ ہم نے سائبر سیل کے انسپکٹر جنرل کو ہدایت دی ہے کہ وہ وکی پیڈیا سے رابطہ کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ اس طرح کے تمام بیانات کو وکی پیڈیا سے ہٹا دیا جائے۔
بی جے پی لیڈر نے کہا کہ تاریخ میں کسی بھی قسم کی تحریف" کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ تاریخی حقائق کو "صحیح طریقے سے" پیش کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں کو اظہار رائے کی آزادی حاصل ہے لیکن اس آزادی کی اپنی حدود ہیں۔ جب بے حیائی اپنی حدوں کو پار کر لیتی ہے تو اس کے خلاف کارروائی کرنا ضروری ہو جاتا ہے۔ ہم مرکزی حکومت کے ساتھ گفتگو کر رہے ہیں کہ آیا اس سلسلے میں رہنما خطوط وضع کئے جا سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: ۲۰۲۴ءلوک سبھا انتخابات سے قبل کل سیاسی عطیات کا ۵۵؍ فیصد حصہ تنہا بی جے پی کوملا
مہاراشٹر حکومت نے منگل کو انفارمیشن ٹکنالوجی ایکٹ کے تحت وکی پیڈیا کو ایک نوٹس جاری کیا جس میں دعویٰ کیا گیا کہ پلیٹ فارم پر سنبھاجی کے متعلق کچھ حوالہ جات غلط تھے اور آرٹیکل میں "مناسب حوالہ جات یا ذرائع" کی کمی تھی۔ نوٹس میں مزید کہا گیا کہ یہ مواد نفرت کو ہوا دے رہا ہے کیونکہ چھترپتی سنبھاجی مہاراج ہندوستان میں انتہائی قابل احترام حیثیت رکھتے ہیں۔
سماجی تنظیموں کے ذریعہ اس طرف تحریری طور پر توجہ دلائے جانے کے بعد ریاستی حکومت نے وکی پیڈیا کو نوٹس جاری کیا۔ دی انڈین ایکسپریس کے مطابق، کچھ کارکنوں نے مواد کو نہ ہٹائے جانے کی صورت میں احتجاج کا انتباہ دیا ہے۔ سنبھاجی کی زندگی پر مبنی ہندی فلم `چھاوا` کی ریلیز کے بعد یہ تنازع سامنے آیا ہے۔ اس سے قبل، کچھ گروپس کے اعتراض کے بعد فلم سازوں نے فلم سے مراٹھا حکمراں کے رقص کا منظر نکال دیا تھا۔
واضح رہے کہ وکی پیڈیا باہمی تعاون پر مبنی ایک مفت اور آن لائن انسائیکلوپیڈیا ہے جس میں رضاکاروں کے ذریعہ ترامیم کی جاتی ہیں۔ اس کی ملکیت کے حقوق امریکہ میں قائم غیر منافع بخش وکی میڈیا فاونڈیشن کے پاس محفوظ ہیں۔