• Wed, 20 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ووٹ دینے کیلئے مدارس میں آج تعطیل

Updated: November 20, 2024, 12:01 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

علماء اور ذمہ دارانِ مدارس نے کہا: طلبہ اور اساتذہ جوش وخروش سے حصہ لیں گے۔

Photo: INN
تصویر : آئی این این

ووٹ دینے کیلئے مدارس دینیہ میں بدھ ۲۰؍نومبر (آج)کو عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ اساتذہ اور طلبہ جوش وخروش کے ساتھ اس جمہوری عمل میں حصہ لیں گے۔اس تعلق سے علماء اور ذمہ داران مدارس نے کہا کہ اس جمہوری عمل میں ہم سب پورے اہتمام سے حصہ لیں گے اور اوّل مرحلے میں اس عمل کو پورا کریں گے‌۔
 رابطہ مدارس دینیہ ممبئی اور تھانے کے ترجمان مولانا عبدالقدوس شاکر حکیمی نے نمائندۂ انقلاب کو بتایا کہ اس تعلق سے پہلے ہی ذمہ داران مدارس کے ہمراہ میٹنگ میں بات چیت کی جاچکی ہے، ووٹنگ والے دن عام تعطیل رہے گی۔ ووٹ دینے والے طلبہ اور اساتذہ سے کہا گیا ہے کہ وہ پہلی فرصت میں ووٹ دیں، ووٹ دینا ایک ذمہ دار اور بیدار شہری کی پہچان ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ملک کی آزادی میں ہمارے اکابرین اور علماء نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور ملک کو غلامی کی زنجیروں سے آزاد کرایا ۔اسی طرح حق رائے دہی ایسا عمل ہے جس سے ملک میں بسنے والے ووٹ کی طاقت کے ذریعے عوامی مفاد میں کام کرنے والی حکومت کا انتخاب کرتے ہیں۔ اس میں ہمیں اوروں سے پیچھے نہیں آگے رہنا چاہئے اور یہ تبھی ممکن ہے جب ایک ایک شخص ووٹنگ میں حصہ لے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم اساتذہ اور طلبہ ہی نہیں عوام الناس سے بھی یہ امید کرتے ہیں کہ آج وہ اپنے دن کا آغاز حق رائے دہی سے کریں گے اور ووٹ کی طاقت کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے ایسے امیدواروں کا انتخاب کریں گے جو ۵؍ سال تک عوامی مفاد میں اپنی ذمہ داری ادا کرتے رہیں گے اور کمزوروں کی آواز بنیں گے۔

یہ بھی پڑھئے:بیسٹ کی۲۰؍ فیصد بسیں الیکشن ڈیوٹی میں استعمال ہوں گی

 جامعہ رحمانیہ (کاندیولی) کے سربراہ مولانا الطاف رحمانی نے کہا کہ ادارے میں آج (بدھ کو) عام تعطیل رہے گی تاکہ طلبہ اور اساتذہ اہتمام سے ووٹنگ میں حصہ لے سکیں۔ یہ انتہائی اہم موقع ہے ۔ اس موقع پر خود بیدار رہتے ہوئے دوسروں کو بھی متوجہ کرنا ہے تاکہ ہر شہری ووٹنگ میں حصہ لے سکے۔

 دارالعلوم حنفیہ رضویہ (قلابہ) کے نائب ناظم قاری نیاز احمد قادری نے کہا کہ مدرسے میں پہلے ہی تعطیل کا اعلان کیا جاچکا ہے۔ ہم سب ووٹ دینے میں کسی سے پیچھے نہیں رہیں گے۔ یہ ہمارا پیغام ہے ۔ ہمارے بزرگوں کی قربانیوں سے ملک آزاد ہوا۔ اس لئے جمہوری نظام کے استحکام کے لئے ہم سب کی عملی طور پر شرکت بھی اتنی ہی ضروری اور اہم ہے اور یہ حق رائے دہی سے ہی ممکن ہے، لہٰذا ہم اس ذمہ داری کو محسوس کریں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK