جلگائوں میں مجموعی طور پر ۳۲۷؍ پاکستانی باشندے مقیم ہیں جبکہ پونے میں ان کی تعداد ۱۱۱؍ ہے ، کولہاپور میں بھی ۶۱؍ پاکستانی موجود ہیں
EPAPER
Updated: April 26, 2025, 3:58 PM IST | Mumbai
جلگائوں میں مجموعی طور پر ۳۲۷؍ پاکستانی باشندے مقیم ہیں جبکہ پونے میں ان کی تعداد ۱۱۱؍ ہے ، کولہاپور میں بھی ۶۱؍ پاکستانی موجود ہیں
پہلگام حملے کے بعد مرکزی حکومت نے ہندوستان میں مقیم پاکستانی شہریوں کو ۴۸؍ گھنٹہ میں ملک چھوڑنے کو کہا گیا ہے۔ ان کے ویزا منسوخ کئے جارہے ہیں۔ ملک کے دیگر علاقوں کی طرح مہاراشٹر میں پولیس پاکستانی شہریوں کو تلاش کر رہی ہے اور انہیں واپس بھیجنے کا انتظام کر رہی ہے۔
جلگائوں میں ۳۲۷؍ پاکستانی مقیم ہیں
جلگائوں ضلع میں مجموعی طور پر ۳۲۷؍ پاکستانی باشندے مقیم ہیں۔ یہ سبھی پاکستانی سندھی برداری سے تعلق رکھتے ہیں۔ جلگائوں میں سندھی برداری بڑی تعداد میں آباد ہے اور ان کے جلگائوں شہر و ضلع بھر میں کاروبار ہیں۔ جلگائوں کے ایڈیشنل ایس پی اشوک نکھتے نے میڈیا کو بتایا کہ ان شہریوں کے متعلق حکومت کی جانب سے کوئی ہدایات نہیں ملی ہے۔ جو بھی ہدایات ملتی ہے اس کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ اشوک نکھتے نےکہا کہ ان سبھی افراد کے پاس لانگ ٹرم ویزا (طویل مدتی )سیاحتی ویزا ہے۔ ۳۲۷؍ افراد سے ۱۲؍ افراد نے ویزا کی مدت میں توسیع کی درخواست دی ہے۔ ایڈیشنل ایس پی نے بتایا کہ ان میں سے دو شہریوں کو ہندوستانی شہریت مل چکی ہیں۔ ان دو میں سے ایک انتقال کرچکا ہے۔ اسکے علاوہ ۱۹؍ ایسی درخواستیں جن کی شہریت کی جانچ کرنا ہے جس پر کاروائی جاری ہے۔ واضح رہے کہ مرکزی حکومت نے وزٹ ویزا پر رشتہ داروں سے ملاقات کیلئے آئے افراد کے قلیل مدتی ویزا کو پہلگام حملے کی وجہ سے منسوخ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: اقوام متحدہ کی ہندوستان اور پاکستان کو تحمل سے کام لینے کی اپیل
پونے میں ۱۱۱؍ پاکستانیوں کو مطلع کر دیا گیا
اس دوران پونے کے ضلع مجسٹریٹ جتیندر ڈوڈی نے اطلاع دی ہے کہ پونے میں اب تک ملی معلومات کے مطابق کل ۱۱۱؍ پاکستانی شہری مقیم ہیں۔ ان سبھی کو سرکاری ذرائع سے مرکزی حکومت کے فیصلے کی اطلاع دیدی گئی ہے اور انہیں ملک چھوڑنے کیلئے کہا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک جو فہرست ضلع انتظامیہ کے ہاتھ لگی ہے اس کے مطابق پونے میں مقیم پاکستانیوں کی تعداد ۱۱۱؍ ہے اگر مزید اطلاع ملتی ہے تو یہ تعداد بڑھ سکتی ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ ان میں ۹۱؍ پاکستانی ایسے ہیں جنہوں نے طویل مدتی ویزا حاصل کر رکھا ہے جس کی مدت ۵؍ سال ہوتی ہے جبکہ وزٹ ویزا (قلیل مدتی ) صرف ۹۰؍ دن کا ہوتا ہے۔ یعنی زیادہ تر افراد یہاں کافی عرصے تک رہنے کے ارادے سےآئے ہیں۔ ان میں ۵۶؍ مرد اور ۳۵؍ خواتین ہیں۔ ان لوگوں کو حکومت کے فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔
کولہا پور میں ۶۱؍ پاکستانیوں کا ویزا منسوخ
تاریخ ضلع کولہاپور میں ۶۱؍ پاکستانی شہری پائے گئے ہیں جن میں سے صرف ۳؍ مسلم یہ تینوں خواتین ہیں جبکہ باقی ۵۸؍ ہندو ہیں۔ ان سب کا وزیر ۲۷؍ اپریل سے منسوخ ہو جائے گا یعنی انہیں آئندہ اتوار تک ملک چھوڑا پڑے گا۔ پولیس نے ان تمام کو اس بات آگاہ کر دیا ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ جلگائوں اور پونے کی طرح کولہاپور میں بھی بیشتر پاکستانی باشندے طویل مدتی ویزا لے کر آئے ہیں اور یہاں کئی دنوں سے مقیم ہیں۔
یاد رہے کہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے اعلان کے بعد وزیر اعلیٰ فرنویس نے مہاراشٹر میں مقیم پاکستانیوں کو ملک چھوڑنے کا انتباہ دیا ہے۔ ساتھ ہی پولیس اور ضلع انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ پاکستانی باشندوں کو فوری طور پر ڈھونڈ نکالیں اور انہیں واپس بھیجنے کی کارروائی کریں۔