• Mon, 23 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

مہاراشٹر میں لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال پر تشویش

Updated: September 04, 2024, 12:21 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے وزیر داخلہ کے استعفیٰ اور پولیس ڈائریکٹر جنرل کو معطل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

Nana Patole addressing the press conference. Photo: INN
نانا پٹولے پریس کانفرنس سے خطاب کرتےہوئے۔ تصویر : آئی این این

ریاستی کانگریس نے مہاراشٹر میں لا ء اینڈ آر ڈر کی خراب صورتحال پر تشویش کااظہار کیا۔ اسی کےپیش نظر وزیر داخلہ کے استعفیٰ اور ڈی جی پی کو معطل کرنے کا مطالبہ کیا۔ منگل کوتلک بھون میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے کہا، ’’مہاراشٹر میں لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال انتہائی خراب ہو چکی ہے۔ قانون اور انتظام کو سنبھالنے میں وزیر داخلہ دیویندر فرنویس ناکام ہو چکے ہیں جبکہ پولیس کی ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی پی) رشمی شکلا بدلاپور واقعے کے ملزمین کو بچانے کی کوشش کر رہی ہیں۔ بدلاپور واقعے کے ملزم آپٹے اور چھترپتی شیواجی مہاراج کے مجسمے کا بنانے والے جئے دیپ آپٹے کو ابھی تک گرفتار کیوں نہیں کیا گیا؟ کیا وہ پاکستان بھاگ گئے ہیں ؟ پونے میں بھی ایک سابق کونسلر کو گولیاں مار کر اور چاقو سے وار کر کے قتل کر دیا گیا۔ ان تمام باتوں کے مدنظر وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے، وزیر داخلہ دیویندر فرنویس کا استعفیٰ لیں اور پولیس ڈائریکٹر جنرل رشمی شکلا کو معطل کریں۔ ‘‘ اس دوران انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا ، ’’بدلاپور میں بچیوں کے ساتھ ۱۵ ؍دنوں تک جنسی استحصال ہونے کا انکشاف ہو چکا ہے۔ اسکول کے ۱۵ ؍ دنوں کے سی سی ٹی وی فوٹیج بھی غائب ہیں۔ بدلاپور پولیس اسٹیشن کی خاتون افسر پر کارروائی کرنے کے بجائے ان کا ممبئی تبادلہ کر کے انہیں انعام دیا گیا ہے۔ یہ اسکول بی جے پی اور آر ایس ایس سے منسلک ہے جس کی وجہ سے اسکول کے ڈائریکٹر آپٹے کو بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے اور پولیس ڈائریکٹر جنرل رشمی شکلا کا اس میں کردار نظر آ رہا ہے۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے:ذات پر مبنی مردم شماری معاملہ، آرایس ایس کے کردار پر اپوزیشن کا سوال

پریس کانفرنس کے دوران نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کے اس بیان کہ ’پوسٹر کو کیا جوتے مارتے ہو، اگر ہمت ہے تو سامنے آؤ‘ سے متعلق پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کانگریس کے ریاستی صدر نے کہا، ’’ اگر اجیت پوار میں ہمت ہے تو انہیں انتخابات کرانے چاہئیں تاکہ عوام سامنے آکر انہیں اپنا فیصلہ بتا سکیں۔ ‘‘
  بی جے پی کے ایم ایل اے نتیش رانے سے متعلق صحافیوں کے سوالات کے جواب میں نانا پٹولے نے کہا، ’’ نتیش رانے پولیس کو گالیاں دیتے ہیں، دھمکیاں دیتے ہیں لیکن ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جاتی۔ کسی کے بھی مذہب کو گالیاں دینے کا کسی کو کوئی حق نہیں ہے لیکن انتخابات کے نزدیک سیاسی روٹیاں سینکنے کی کوشش جان بوجھ کر کی جا رہی ہے۔ ‘‘
 آر ایس ایس کے ذات پر مبنی مردم شماری سے متعلق بیان پر نانا پٹولے نے کہا، ’’ اس میں سیاست نہیں ہے۔ محروم، پسماندہ اور مظلوم سماج کو تعلیمی، سماجی اور اقتصادی فائدہ ملنا چاہئے اور ان طبقات کو معاشرے کے مرکزی دھارے میں لانے کیلئے ذات پر مبنی مردم شماری ضروری ہے۔ ان طبقات کی فلاح و بہبود ہی اس کا مقصد ہے، حالانکہ بی جے پی حکومت پسماندہ سماج کے طلبہ کو اسکالرشپ نہیں دے رہی ہے، ان پر اعلیٰ تعلیم کے دروازے بند کر رہی ہے۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK