کانگریس ترجمان رندیپ سرجے والا کی ممبئی میں پریس کانفرنس، ریاست میں نظم ونسق ، قتل، بشنوئی گینگ کی دھمکیوں اور فائرنگ کے حوالے سے شندے حکومت پرسخت تنقید کی،ممبئی میںٹول بند کرنے کو ’لالی پاپ ‘ قراردیا۔
EPAPER
Updated: November 18, 2024, 12:44 PM IST | Agency | Mumbai
کانگریس ترجمان رندیپ سرجے والا کی ممبئی میں پریس کانفرنس، ریاست میں نظم ونسق ، قتل، بشنوئی گینگ کی دھمکیوں اور فائرنگ کے حوالے سے شندے حکومت پرسخت تنقید کی،ممبئی میںٹول بند کرنے کو ’لالی پاپ ‘ قراردیا۔
بی جے پی کی شندے حکومت کے دوران ممبئی اور مہاراشٹر میں غنڈہ گردی بڑھ گئی ہے اور بدنام زمانہ مجرم آزاد گھوم رہے ہیں ۔ لارنس بشنوئی سابرمتی جیل سے بالی ووڈ کو دھمکیاں دے رہے ہیں، فیس بک لائیو پر قتل کے ویڈیوز شیئرکئے جا رہے ہیں، تھانے میں کھلی فائرنگ ہو رہی ہے اور سابق وزیر بابا صدیقی کا قتل جیسے سنگین واقعات ہو چکے ہیں۔ وزیر اعلیٰ کی سرکاری رہائش گاہ بدنام زمانہ غنڈوں کا گڑھ بن چکی ہے اور بدمعاش وزارت میں دخل اندازی کر رہے ہیں۔ نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کے بیٹے کی بدنام زمانہ گینگسٹر گجا مارنے سے ملاقات سیاسی لیڈروں اور غنڈوں کے بدعنوان اتحاد کا نتیجہ ہے۔
آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سیکریٹری رندیپ سنگھ سرجے والا نے ر یاست کی مہایوتی حکومت پر شدید حملہ کیا ہے اور کہا ہے کہ مہایوتی حکومت کے دوران سیاسی آشیرباد سے مہاراشٹر میں بندوق کا کلچر اور غنڈہ گردی کا آغاز ہوا۔
یہ بھی پڑھئے:کمشنر اور ڈی آئی جی نے جھانسی سانحہ کی رپورٹ حکومت کو سونپی
تلک بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رندیپ سنگھ سرجے والا نے کہا کہ مہاوتی حکومت کی `’بی کمپنی‘ نے ریاست میں ٹینڈر اور ٹھیکے دینے میں بڑے پیمانے پر بدعنوانی کی ہے۔ اس بی کمپنی نے مہاراشٹر کی صنعتی ترقی میں رکاوٹ ڈالی ہے اور ریاست کی صنعتیں، سرمایہ کاری اور نوکریاں دوسرے علاقوں میں منتقل کر دی ہیں۔ اس کے علاوہ مہنگائی کو بڑھا کر عوام کی زندگی اجیرن بنا دی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس `بی کمپنی نے ممبئی کو گروی رکھ لیا ہے اور۲۰۲۰ء میں ای ڈی اور سی بی آئی کی کارروائی کے ذریعے ممبئی ایئرپورٹ اڈانی کے حوالے کر دیا۔ اب دھاراوی کی زمین اڈانی کے گلے میں ڈالی جا رہی ہے، دھاراوی کی۴۲۹؍ ایکڑ زمین کے بدلے اڈانی کو ممبئی میں کرلا ڈیری، مٹی آئی لینڈ، مولنڈ، کانجور مارگ، دیونار ڈمپنگ گراؤنڈ، اور میٹھاگرچی سمیت۹۹۰؍ ایکڑ زمین دی جا رہی ہے۔ اڈانی کو دھاراوی بحالی پروجیکٹ کے تحت۷۸۶؍ لاکھ مربع فٹ زمین الاٹ کی گئی ہے۔ ممبئی اب اڈانی کی ریاست بن چکا ہے، اور اس شہر میں کسی بھی بلڈر کو۴۰؍فیصد ٹی ڈی آر اڈانی سے لینا پڑے گا۔ الیکشن سے پہلے ایکناتھ شندے نے ممبئی کے داخلی دروازے پر پانچ دروازوں پر چھوٹی گاڑیوں کے لیے ٹول بند کرنے کا اعلان کیا تھا، لیکن یہ محض ایک لالی پاپ ثابت ہوا۔ ٹول معافی دینے کے ساتھ ہی ایکناتھ شندے نے ۳۵؍ سال تک ٹول وصولی کا معاہدہ کر لیا ہے۔ ایم ایم آر ڈی کے علاقے میں سڑکوں کا ٹھیکہ جینت مہیسکر کی کمپنی کو دیا گیا ہے، جو اب دیوالیہ ہو چکی ہے۔ سوالات اٹھ رہے ہیں کہ کیا اس ٹول معافی کے ذریعے مہیسکر کی کمپنی کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے؟