• Sun, 22 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ماہم: میلہ کے دوران صوتی آلودگی اور ٹریفک کے مسئلہ پر قابو کی پولیس سے اپیل

Updated: December 11, 2024, 6:48 PM IST | Nadeem Asran | Mahim

۱۶؍ دسمبرسے ۲۴؍ دسمبر تک جاری رہنے والے ماہم میلے کے پیش نظر ماہم درگاہ کے اطراف کے مکینوں نے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس ، مہاراشٹر کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی ) ، کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے علاقے میں صوتی آلودگی ، صاف صفائی اور ٹریفک کے مسائل پر قابو پانےکی اپیل کی ہے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

یہاں  ۱۶؍ دسمبرسے ۲۴؍ دسمبر تک جاری رہنے والے ماہم میلے کے پیش نظر ماہم درگاہ کے اطراف کے مکینوں نے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس، مہاراشٹر کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی )، علاقے کے ڈی سی پی اور ماہم کے سینئر پولیس انسپکٹر کے علاوہ بی ایم سی وارڈ آفیسر کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے علاقے میں صوتی آلودگی، صاف صفائی اور ٹریفک کے مسائل پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ مجرمانہ اور شر پسندانہ سرگرمیوں پر قدغن لگانے کے لئے ٹھوس انتظامات کرنے کی اپیل کی ہے۔

 ۱۰؍ دن تک جاری رہنے والے ماہم کے میلے کے دوران ڈھول تاشوں کے سبب مکینو ں کو صوتی اور فضائی آلودگی سے پریشانی کاسامنا کرنا پڑتا ہے اور ٹریفک کا سنگین مسئلہ بھی پیش آتاہے۔اس سلسلہ میں  مقامی مکینو ں نے ریاستی وزیر اعلیٰ،وزیر داخلہ کے علاوہ مہاراشٹرکے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس، ممبئی پولیس کمشنر، بی ایم سی کمشنر، جوائنٹ پولیس کمشنر ٹریفک اور بی ایم سی جی نارتھ کے اسسٹنٹ کمشنر کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے میلہ کے دوران ماہم درگاہ اور اس کے اطراف کے مکینوں کو ہونے والی پریشانی سے انہیں راحت دلانے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے درگاہ کی زیارت کرنے اور میلہ میں آنے والے زائرین کی سہولت کے لئے ٹریفک کی آمد و رفت کو بحال رکھنے اور صاف صفائی کے پیش نظر بڑی تعداد میں بی ایم سی اور پولیس کے عملے کو تعینات کرنے کی اپیل کی ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: جموں میں رہنے تک روہنگیا کو پانی اور بجلی فراہم کرنا ہمارا فرض ہے: فاروق عبداللہ

مکینو ں کی جانب سے مکتوب روانہ کرنے والے فاروق ڈھالا، عرفان مچھی والااور سماجی کارکن رضوان مرچنٹ نے اس نمائندے کو بتایا کہ ماہم  میلہ اور مخدوم شاہ ماہمی ؒکی درگاہ کی زیارت کے لئے بڑی تعداد میں عقیدت مند آتے ہیں ۔ اس موقع پر مجرمانہ اور شرپسندانہ سرگرمیوں کا اندیشہ رہتاہے، اس پر قابو پانے کیلئے جہاں پولیس سے سی سی ٹی وی کیمرے اور بڑی تعداد میں پولیس اہلکار تعینات کرنے کی اپیل کی گئی ہے وہیں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے لئے ٹریفک پولیس سے بھی آمد و رفت کو بحال رکھنے کی درخواست کی گئی ہے۔

 انہوں نے یہ بھی کہا کہ خصوصی طور پر صوتی اور فضائی آلودگی پر قابو پانے اور ٹریفک کے مسئلہ سے بچنے کے لئے صندل نکالنے والوں کو مختصر راستوں سے گزارنے کی ہدایت جاری کرنے کی بھی درخواست کی گئی ہے ساتھ ہی بیت الخلا ء کے بہتر انتظامات کرنے کی بھی اپیل کی گئی ہے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK