• Sun, 24 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

اہم ٹیک کمپنی سیمسنگ کاعالمی سطح پر۳۰؍ فیصد ملازمین کی برطرفی کا منصوبہ، ہندوستانی ملازم بھی متاثر

Updated: September 13, 2024, 2:18 PM IST | Agency | Seoul

اس برطرفی کے منصوبے کا اثر انتظامی، سیلز اور مارکیٹنگ عملہ پر پڑے گا،یہ منصوبہ سال کے آخر تک مکمل ہو سکتا ہے، عالمی کمپنی کے بیان کے مطابق اس فیصلے سے کام کی کارکردگی میں بھی بہتری آئے گی۔

Samsung has decided to lay off employees due to the economic crisis. Photo: INN
سیمسنگ نے معاشی بحران کی وجہ سےملازمین کی بر طرفی کا فیصلہ کیا ہے۔ تصویر : آئی این این

امریکہ سمیت کئی ممالک میں کساد بازاری جاری ہے جس کے پیش نظر کئی بڑی کمپنیاں ملازمین کو نکال رہی ہیں۔ ایسے میں جنوبی کوریا کی بڑی ٹیک کمپنی سیمسنگ بھی عالمی سطح پر بڑا قدم اٹھانے کی تیاری کر رہی ہے۔ سیمسنگ الیکٹرانکس دنیا بھر میں اپنی افرادی قوت میں ۳۰؍ فیصد کمی کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ 
 رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ سیمسنگ کی برطرفی منصوبے کا اثر انتظامی، سیلز اور مارکیٹنگ عملہ پر پڑے گا۔ امریکہ، یورپ، ایشیا اور افریقہ میں اس کا سب سے زیادہ اثرنظر آئے گا۔ کمپنی کا یہ منصوبہ سال کے آخر تک مکمل ہو سکتا ہے۔ سیمسنگ دنیا کی سب سے بڑی اسمارٹ فون بنانے والی کمپنیوں میں سے ایک ہے۔ اس کے ساتھ کمپنی ٹی وی اور میموری چپس بھی تیار کرتی ہے۔ اس سلسلے میں کمپنی نے بتایا کہ کمپنی کے اس فیصلے سے کام کی کارکردگی میں بھی بہتری آئے گی۔ 
 رپورٹس میں یہ دعویٰ بھی کیا جا رہا ہے کہ کمپنی نے عالمی سطح پر ملازمین کونکالنے کا کوئی ہدف مقرر نہیں کیا ہے۔ کمپنی کے پروڈکٹ تیار کرنے والے ملازمین اس منصوبے سے متاثر نہیں ہوں گے۔ رپورٹس کے مطابق سیمسنگ کے دنیا بھر میں ۲؍لاکھ ۶۷؍ ہزار ۸؍ سو ملازمین ہیں جن میں سے نصف سے زیادہ جنوبی کوریا سے باہر کام کرتے ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے:عالمی مارکیٹ میں آنے والی تیزی کا شیئر مارکیٹ پراثر، تقریباً ڈیڑھ فیصد کا اضافہ

سیمسنگ کی سیلز اور مارکیٹنگ ٹیم میں تقریباً ۲۵؍ ہزار ۱۰۰؍ ملازمین ہیں جو کمپنی کا کام دیکھتے ہیں۔ حالیہ رپورٹ کے مطابق سیمسنگ کے انتظامی کاموں میں ۲۷؍ ہزار۸؍سو ملازمین شامل ہیں۔ سیمسنگ کو کچھ عرصے سے بہت سے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑر ہا ہے۔ کمپنی کوگزشتہ۱۵؍ سال میں سب سے کم آمدنی ہوئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی کمپنی کا چپ کا کاروبار بھی متاثر ہواہے جس کی وجہ سے کمپنی کو معاشی بحران کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ 
 رپورٹس میں کہا جا رہا ہے کہ سیمسنگ کے اس منصوبے کا اثر ہندوستان میں بھی نظر آئے گا۔ سیمسنگ ہندوستان میں درمیانے درجے کے ملازمین کو اچھے پیکیج دے رہی ہے۔ یہ دعویٰ بھی کیا جا رہا ہے کہ ہندوستان میں تقریباً ایک ہزار ملازمین کو نکال دیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی چین میں سیمسنگ کمپنی اپنے۳۰؍ فیصد سیلز ملازمین کو برطرف کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ 
سیمسنگ کی جانب سے اتنا بڑا قدم اٹھانے کی وجہ یہ ہے کہ دنیا بھر میں ٹیک پروڈکٹ کی مانگ میں کمی آئی ہے۔ اس کے علاوہ عالمی معیشت بھی سست روی کا شکار ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK