• Mon, 23 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ملاڈ: قتل کے بعد معمر خاتون کے ممبئی کی امیرترین بھکاری ہونے کا پتہ چلا

Updated: May 27, 2024, 9:36 AM IST | Samiullah Khan | Malad

شانتابائی کوراڈے ۳۵؍ سال سے بھیک مانگ رہی تھی۔وہ ہرماہ واشم میں اپنے خاندان کو کم از کم ۲۵؍ ہزار روپے بھیجتی تھی۔ ۳؍گھر اور۳؍ایکڑ زمین کی مالکن بھی تھی۔

Shantabai Korade. Photo: INN
شانتابائی کوراڈے۔ تصویر : آئی این این

۶۹؍سالہ شانتا بائی کوراڈے جنہوں نے ممبئی کی سڑکوں پر۳۵؍ سال بھیک مانگتے ہوئے گزارے تھے، گزشتہ ہفتے ملاڈ مغرب کے چنچولی بندر کے وٹھل نگر میں اپنے کرایے کے مکان میں مردہ پائی گئی۔ اسے قتل کردیا گیا تھا اور پولیس نے ملزم کو گرفتار بھی کرلیا ہے۔ 
  پولیس ذرائع کے مطابق اپنے شوہر کی موت کے بعد وہ نہ صرف اپنی اکلوتی بیٹی کی شادی کرنے میں کامیاب ہوئی بلکہ مہاراشٹر کے ضلع واشم میں اپنے خاندان کو۲۵؍ سے۳۰؍ ہزارروپے ہر ماہ باقاعدگی سے بھیجتی تھی۔ وہ ایک گھر بنانے اور ۳؍ گھر خریدنے میں بھی کامیاب رہی۔ ۳؍ ایکڑ زمین کا ٹکڑابھی اسی کی ملکیت ہے جس کی مالیت کروڑوں میں ہے۔ آج اس کے ۲؍ نواسے اس پلاٹ کی بدولت لاکھوں کماتے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق کوراڈے کی لاش ۱۷؍مئی کی صبح اس کے گھر سے ملی۔ ملاڈ پولیس نے تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت کیس درج کیا۔ گزشتہ روز پیر کوتفتیش شروع کے بعد آخر کار پولیس نے ملزم بیجو مہادیو مکھیا(۴۵) کو پکڑ لیا جو اس مکان کا سابق کرایہ دار تھا جہاں شانتابائی کرایہ پر رہ رہی تھی۔ مالک مکان نے اسے گزشتہ ماہ کرایہ کی عدم ادائیگی کی وجہ سے نکال دیا تھا اور اس کا سامان بھی اپنے پاس رکھ لیا تھا کیونکہ اس نے اپنے واجبات ادا نہیں کئے تھے۔ پولیس کے مطابق واقعہ کی رات بیجو مکھیا نے اپنا سامان نکالنے کیلئے گھر میں داخل ہونے کیلئے لوہے کی شیٹ ہٹائی۔ جب وہ اندر گھساتو اس نے شانتابائی کو سوتاہوا پایا اور قریب ہی پیسوں کا تھیلا رکھادیکھاجسے اس نے چرانے کی کوشش کی۔ اسی وقت شانتابائی کی آنکھ کھل گئی اوراس نے شور مچانا شروع کر دیا۔ اسے روکنے کیلئے بیجو مکھیانے اس کے منہ میں کپڑا ٹھونسنے کی کوشش کی اور اس کے سر پر مارا۔ اسے قتل کرنے کے بعد وہ فرار ہو گیا۔ 

یہ بھی پڑھئے: `’’مولانا مستقیم اعظمی ہمہ جہت شخصیت کے مالک تھے‘‘

پولیس کی تفتیشی ٹیم نے سی سی ٹی وی کے ۵۰؍سے زیادہ فوٹیج کا جائزہ لیا جس میں واقعہ کی رات علاقے میں بغیر چپل کے ایک مشتبہ شخص کا پتہ چلا۔ بیجو مکھیا کو وجے واڑہ علاقہ سے گرفتار کیا گیا۔ ملاڈ پولیس سٹیشن کے ایک افسر نے بتایاکہ ابتدائی طور پر اس نے اس معاملہ میں کسی بھی طرح ملوث ہونے سے انکار کیا لیکن بعد میں اس نے جرم کا اعتراف کر لیا اور بتایا کہ اس نے قتل کیسے کیاتھا۔ 
 بیجومکھیادر اصل بہار کارہنے والا ہے اور گزشتہ ایک دہائی سے ممبئی میں مقیم ہے۔ وہ یومیہ اجرت پر کام کرتا ہے۔ ایک پولیس افسر نے بتایا کہ ’’اس نے وہی گھر کرایہ پر لیا تھا جہاں شانتابتائی رہتی تھی۔ کرایہ کی عدم ادائیگی کی وجہ سے مالک مکان نے اسے بے دخل کر دیا اور ۱۵؍ ہزار روپے ڈپازٹ اور۴؍ہزار روپے ماہانہ کرایہ لے کر شانتابائی کو مکان کرایہ پر دے دیاتھا۔ 
 مقتولہ شانتابائی کوراڈے کی بیٹی اور نواسیوں سے بات کرنے کے بعد پولیس کو معلوم ہوا کہ وہ تقریباً ۳۵؍سال قبل ممبئی آئی تھی۔ اس وقت اس کا شوہر اس کے آبائی گاؤں میں اس کی چھوٹی سی زمین پر کام کرتا تھا جسے بعد میں اس نے اسے بیچ دیا۔ ضلع واشم کے منورا تعلقہ کی رہنے والی شانتابائی کی کمائی ہوئی رقم اس کے نواسے جن کی عمریں ۳۱؍ اور ۲۷؍ سال ہیں، نے ۳؍ ایکڑ زمین خریدنے کیلئے استعمال کی جس پر کپاس اور سویا بین کی کاشت ہوتی ہے۔ کبھی کبھارشانتابائی اپنی بیٹی اور نواسے کو دیکھنے کیلئے اپنے گاؤں بھی جاتی تھی کیونکہ اس کے داماد کا انتقال ہو گیا تھا۔ پولیس افسر نے مزید کہاکہ وہ مختلف دنوں میں مختلف مندروں، مساجد اور درگاہوں کے باہر بھیک مانگتی تھی اور جو کچھ بھی کماتی تھی، وہ اپنی بیٹی کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کر دیا کرتی تھی۔ ملزم بیجومکھیا نے پولیس کو بتایا کہ اس نے شانتا بائی کے تقریباً۱۵؍ ہزار روپے چرائے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK