مختلف سیاسی اور سماجی تنظیموں کی متحدہ کمیٹی کی ایس آئی ٹی کو ودہشت نہ پھیلانے کی تلقین، برتھ سرٹیفکیٹ کے تعلق سے عوام کی رہنمائی
EPAPER
Updated: January 28, 2025, 6:00 PM IST | Inquilab News Network | Malegaon
مختلف سیاسی اور سماجی تنظیموں کی متحدہ کمیٹی کی ایس آئی ٹی کو ودہشت نہ پھیلانے کی تلقین، برتھ سرٹیفکیٹ کے تعلق سے عوام کی رہنمائی
صنعتی شہر مالیگائوں ان دنوں شرپسندوں کے نشانےپر ہے مختلف بہانوں سے یہاں جانچ اور کارروائی کے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ ساتھ ہی شہر کے خلاف اشتعال انگیز بیانات جاری کئے جا رہے ہیں ۔ اب مالیگائوں کے سیاسی اور سماجی کارکنان نے اس شرپسندی کا مقابلہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس کیلئے سابق رکن اسمبلی شیخ آصف کی قیادت میں ’مائناریٹی ڈیفنس کمیٹی‘ قائم کی گئی ہے جس میں مختلف سیاسی پارٹیوں کے لیڈران اور سماجی کارکنان شامل ہیں ۔
۲۶؍ جنوری کو اس تعلق سے شہر کے دگڑو آئل مل پر ایک پریس کانفرنس منعقد کی گئی ۔ اس میں شیخ آصف نے بتایا کہ ’’ پارلیمانی الیکشن میں کانگریس امیدوار شوبھا بچھاؤ کو مالیگاؤں شہر سے یک طرفہ ووٹ ملنے کے بعد سے مالیگاؤں فرقہ پرستوں کی نظر میں کھٹک رہا ہے اسی لئے فرقہ پرست طاقتیں مالیگاؤں کو بدنام کررہی ہیں ۔ ‘‘ انہوں نے کہاکہ بی جے پی لیڈر کریٹ سومیا مسلسل مالیگاؤں کو بدنام کررہے ہیں کبھی ووٹ جہاد کا الزام تو کبھی لینڈ جہاد اور اب روہنگیائی اور بنگلہ دیشیوں کے برتھ سرٹیفکیٹ کا الزام لگا کر مالیگاؤں کی شبیہ مسخ کرنے کی سازش ہورہی ہیں ۔ اس ظلم کے خلاف شہر کے تحفظ کیلئے ہم نے مائناریٹی ڈیفنس کمیٹی کا قیام عمل لایا ہے ۔ شیخ آصف کے مطابق ’’کمیٹی کاپہلا ایجنڈا یہ ہے کہ برتھ سرٹیفکیٹ معاملہ میں ایس آئی ٹی کی تشکیل و جانچ پڑتال کا قانونی و جمہوری طور پرسامنا کیا جائے۔ دوسرا یہ کہ وقف بورڈ کے نئے قانون کے خلاف عوامی سطح پر بیداری پیدا کی جائے۔
یہ بھی پڑھئے: مدارس میں یوم جمہوریہ پر آئین کے تحفظ کا عزم
انہوں نے بتایا کہ اس کمیٹی میں ان ہندو مسلم بھائیوں کو شامل کیا گیا ہے جو مائناریٹی طبقہ سے تعلق رکھتی ہیں ان میں سماجوادی پارٹی، کمیونسٹ پارٹیاں ، بہوجن اگھاڑی ، راشٹریہ جنتا دل کو ساتھ لیا گیا ہے ۔ کہ پیر کو ایس آئی ٹی سے ملاقات کرکے آئندہ کی تحریک کا الٹی میٹم بھی دیا گیا ۔ اس موقع ایس آئی ٹی کے اراکین سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ جو بھی جانچ کرنی ہے وہ قاعدہ کے مطابق کرے، لوگوں کے گھروں پر جا کر خوف ودہشت کاماحول پیدا نہ کرے۔ ساتھ ہی مالیگائوں کے باشندوں سے اپیل کی گئی ہے کہ جن کے برتھ سرٹیفکیٹ کسی وجہ سے نہیں بنے ہیں وہ ۶؍ فروری تک ضروری دستاویز لے کر مائناریٹی ڈیفنس کمیٹی کے اراکین سے ملیں ۔ انتظامیہ کو خبردار کیا گیا ہے کہ اگر خوف و دہشت پیدا کرنے والے اقدامات بند نہیں کئے گئے تو ۷؍ فروری کو کمیٹی کے اراکین عوام کے ساتھ مل کر بڑے پیمانے پر احتجاج کریں گے۔