مسجد کے ٹرسٹیان نے شرکاء کا استقبال کیا۔ ریلی کے ذمہ داران کا فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینے اور بابا صاحب امبیڈکر کے ’پڑھو اور آگے بڑھو‘ `کے پیغام کوعام کرنے کا عزم۔
EPAPER
Updated: April 14, 2024, 11:19 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
مسجد کے ٹرسٹیان نے شرکاء کا استقبال کیا۔ ریلی کے ذمہ داران کا فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینے اور بابا صاحب امبیڈکر کے ’پڑھو اور آگے بڑھو‘ `کے پیغام کوعام کرنے کا عزم۔
ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کی ۱۳۴؍ ویں جینتی کے موقع پراتوار کو مالونی میں پولیس الرٹ رہی۔ اس موقع پر ڈاکٹر امبیڈکر کے بڑے بڑے کٹ آؤٹ اور بینر آویزاں کئے گئے تھے اور ان کو خراج عقیدت پیش کیا گیا تھا۔دریں اثناء فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو مستحکم کرنے کی اس انداز میں کوشش کی گئی کہ انجمن جامع مسجد گیٹ نمبر۷؍ کے ٹرسٹیان نے ریلی نکالنے والے ذمہ داران سے بات چیت کی اور بھائی چارہ کو فروغ دینے کی خاطر ان کا استقبال بھی کیا۔ جواباً ریلی نکالنے والوں نے بھی استقبال کیا۔
ریلی کے منتظمین میں شامل رام داس بھیسارے نے کہا کہ یہ ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کی جینتی ہی نہیں ہے بلکہ اس مہان شخصیت کو ہم سب خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں جس نے سمویدھان کے ذریعے ہر ہندوستانی کو اس کے بنیادی حقوق کو تحفظ فراہم کیا ۔ آج کچھ طاقتیں اسی سمویدھان کو بدلنے کا خواب دیکھ رہی ہیں لیکن ہمیں یقین ہے کہ وہ کبھی کامیاب نہیں ہوں گی اور نہ ہی ان کا یہ خواب شرمندۂ تعبیر ہوگا ۔ بابا صاحب نے ہر ہندوستانی کو ایک اہم منتر دیا ہے کہ `’پڑھو اور آگے بڑھو‘ ہمیں اسے اپنا کر گھر گھر پہنچانا بھی ہوگا تاکہ ہر ہندوستانی تعلیم سے آراستہ ہو اور وہ اپنے حق اور سمویدھان کی حفاظت کیلئے کھڑا ہوسکے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مسجد ہو یا مندر ، گرودوارہ ہو یا چرچ سبھی کا سمّان کیا جاتا ہے لیکن کچھ لوگ ایسے ہیں جو مالونی کا پرامن ماحول خراب کرنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔ ہمیں ان سے ہوشیار رہنا ہے اور مل جل کر پیار و محبّت اور بھائی چارے کے ذریعے ایسی طاقتوں کے منصوبوں کو ناکام بنانا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: سلمان خان کی رہائش گاہ کے باہر فائرنگ معاملہ پر سیاست گرم
انجمن جامع مسجد کے صدر اجمل خان نے کہا کہ ریلی نکالنے والے کچھ دلت ذمہ داران سے رابطہ قائم کیا تو انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ہم سب ایک ہیں اور ریلی ہو یا کوئی اور موقع ہمیں کوئی ایسا کام یا حرکت نہیں کرنی ہے جس سے کسی کو شکایت کا موقع ملے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جب ہم نے ریلی نکالنے والے ذمہ داران کا انجمن جامع مسجد ٹرسٹ کی جانب سے استقبال کرنے کی خواہش ظاہر کی تو انہوں نے متاثر ہو کر کہا کہ ہم بھی آپ کا استقبال کریں گے، یہی بھائی چارہ اور ایک دوسرے کا احترام مالونی ہی نہیں پورے ملک کی پہچان ہے۔
اجمل خان نے یہ بھی بتایا کہ گڑبڑ امبیڈکر جینتی کی ریلی میں نہیں ہوتی اور نہ ہی امبیڈکر جینتی کی ریلی میں شامل لوگ مسلمانوں کے خلاف دل آزار نعرے لگاتے ہیں بلکہ رام نومی کے جلوس میں جان بوجھ کر شر انگیزی کی جاتی ہے اور دل آزار نعرے بلند کئے جاتے ہیں ۔ اس جانب پولیس کو توجہ دینے کی سخت ضرورت ہے۔
دلت لیڈر شیام جھلکے نے کہا کہ ہم سب بابا صاحب کے سپاہی ہیں، ان کے نظریات کو عام کرنا اور اس کی مخالف کرنے والی طاقتوں سے لڑنا ہم سب کی ذمہ داری ہے ، اسی میں ملک کا مفاد ہے۔ اس ریلی کے ذریعے بھی ہم سب اسی پیغام کو عام کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔