Updated: January 31, 2024, 5:42 PM IST
| Kolkata
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے الزام عائد کیا کہ کانگریس مغربی بنگال میں بی جے پی کو مستحکم کرنے کیلئے سی پی آئی (ایم ) کے ساتھ ٹیم بنا رہی ہےاور کہا کہ کانگریس کو ہم نے مالدہ سےلوک سبھا انتخابات میں ۲؍ سیٹوں پر لڑنے کی پیشکش کی تھی جو اس نے ٹھکرا دی اس لئے ٹی ایم سی نے مغربی بنگال میں لوک سبھا انتخابات تنہا لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی ۔ تصویر: آئی این این
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کانگریس پر ریاست میں آنے والے لوک سبھا انتخابات میںبی جے پی کو مستحکم کرنے کیلئے سی پی آئی کے ساتھ ٹیم بنانے کا الزام عائد کیا ہے۔ ممتا بنرجی نے مغربی بنگال میں عوامی تقسیم کے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹی ایم سی نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ مغربی بنگال میں لوک سبھا انتخابات تنہا لڑے گی جب کانگریس کے ہمارے ۲؍ سیٹوں پر لڑنے کے فیصلے کو مسترد کیا ہے۔ ۔انہوں نے سی پی آئی پر الزام عائدکیا کہ اس نے پچھلے اپنے ۳۴؍ سالہ دور حکومت میں لوگوں کو ’’اذیت پہنچائی ‘‘ ہےجس کیلئے وہ کبھی اسے معاف نہیں کریں گی۔
یہ بھی پڑھئے: میری زندگی میں مغربی بنگال میں کوئی سی اے اے نافذ نہیں کر سکتا: ممتا بنرجی
انہوں نےکانگریس کے تعلق سے کہا کہ کانگریس کا ریاستی اسمبلی میں ایک بھی ایم ایل اے نہیں ہے۔ میں نے انہیں مالدہ میں ۲؍ لوک سبھا سیٹوں کی پیشکش کی تھی جو انہوں نے ٹھکرا دی کیونکہ انہیں مزید سیٹیں چاہئےتھیں۔ میں نے ان سے کہا کہ میں ایک بھی سیٹ ان کے ساتھ شیئر نہیں کروں گی۔سی پی آئی (ایم ) اب ان کا لیڈر ہے۔کیا وہ سی پی آئی (ایم ) کی جانب سے دی جانے والی تکلیفوں کو بھول گئے ہیں؟میں اس کیلئے سی پی آئی (ایم ) کو کبھی معاف نہیں کروں گی ۔ میں انہیں بھی معاف نہیں کروں گی جوسی پی آئی کی حمایت کر رہے ہیں کیونکہ اس طرح وہ بی جے پی کی حمایت کر رہے ہیں۔ میں نے گزشتہ پنچایت الیکشن میں یہ دیکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انہیں کوئی بھی اعتراض نہیں ہوگا اگر مالدہ سے سابق کانگریس کے لیڈر مرحوم غنی خان چودھری کے خاندان سے کوئی انتخابات لڑتا ہےلیکن ٹی ایم سی بھی لڑے گی۔ وہ (کانگریس) سی پی آئی کے ساتھ اکیلے لڑے گی۔صرف ٹی ایم سی ہی ریاست میں بی جے پی کے ساتھ سیاسی جنگ لڑنےکے قابل ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر بی جے پی کے اقتدار والی حکومت نے یکم فروری تک مغربی بنگال کے فنڈز پاس نہیں کئےتو وہ ۲؍ فروری سے دھرنے پر بیٹھ جائیں گی۔
انہوں نے اپنے پارٹی کے کارکنان اور جو فنڈز کی بھرپائی نہ کرنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں ان پر زور دیا کہ وہ بھی دھرنے میں حصہ لیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں نے مرکزی حکومت کو الٹی میٹم دیا ہے کہ وہ یکم فروری تک تمام فنڈز پاس کردے ورنہ میں ۲؍ فروری سے دھرنے پر بیٹھ جاؤں گی۔ اگر فنڈز پاس نہیں کئے گئے تو مجھے معلوم ہے کہ تحریک کے ذریعے اسے کیسے حاصل کرنا ہے۔ میں نے اپنی پارٹی کےلیڈران پر زور دیاہے کہ وہ بھی دھرنے میں حصہ لیں۔ مجھے سب کی حمایت کی ضرورت ہے۔