• Fri, 20 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

کولکاتا میں ممتا بنرجی کا مارچ، حقائق کو چھپانے کا الزام عائد کیا

Updated: August 17, 2024, 12:46 PM IST | Agency | Kolkata

ڈاکٹر کی آبروریزی اور قتل معاملہ میں سیاست پر بی جےپی اور بائیں محاذ کو آڑے ہاتھوں لیا۔میڈکل کالج کے سابق پرنسپل سے سی بی آئی کی پوچھ تاچھ۔

Mamata Banerjee led a march in Kolkata against politics over the RG Karkalj tragedy. Photo: PTI
ممتا بنرجی نےآر جی کرکالج سانحہ پر سیاست کے خلاف کولکاتا میں مارچ کی قیادت کی۔ تصویر: پی ٹی آئی

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نےآر جی کر اسپتال میں  خاتون ڈاکٹر کی آبروریزی اور قتل کے معاملے انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے جمعہ کوکولکاتا میں مولالی سے ڈورینا کراسنگ تک ایک احتجاجی ریلی کی قیادت کی۔ انہوں   نے میڈیکل کالج پر ہونےوالے حملے کا حوالہ دیتے ہوئے الزام لگایا کہ بی جےپی اور بائیں   بازو کی پارٹیاں   اس کے پس پشت حقیقت کو چھپانے کی کوشش کررہی ہیں۔ ریلی میں ترنمو ل کانگریس کےکارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے۔ یاد رہے کہ خاتون پوسٹ گریجویٹ ٹرینی ڈاکٹر کو۹؍اگست کو آر جی کر میڈیکل کالج اور اسپتال کے سیمینار روم میں مبینہ طور پرآبروریزی کے بعد قتل کر دیا گیا تھا۔ اگلے دن اس جرم کے سلسلے میں ایک سیوک پولیس کی گرفتاری ہوئی تھی۔ 

یہ بھی پڑھئے:بنگلہ دیش نے شیخ حسینہ کے مقرر کردہ سفیروں کوواپس بلانا شروع کردیا

آبروریزی اور قتل پر سیاست
 ممتا بنرجی نےآبروریزی اور قتل کی سنگین واردات پر ہونے والی سیاست کی مذمت کرتے ہوئے جمعہ کو مارچ کے دوران بتایا کہ انہوں  نے متاثرہ کے والدین سے قصورواروں کو سزا دینے کا وعدہ کیاتھا۔ وزیراعلیٰ کے مطابق ’’ ہم نے کہاتھا کہ اتوار تک کا موقع دیں ۔ اس کے بعد ہم خود سی بی آئی کو جانچ سونپ دیں گے۔ ہم پر بھروسہ رکھیں مگر سیاست کی گئی اور سی پی آئی ایم اور بی جے پی نے مل کر اس پر سیاست کی۔ کولکاتا پولیس سے جانچ کی ذمہ داری لے کر سی بی آئی کو دیدی گئی۔ ‘‘ ممتا بنرجی نے کہا کہ ’’میں اس پر سیاست نہیں کرسکتی ۔ ‘‘
مرکزی حکومت سے چبھتا ہوا سوال
  ممتا بنرجی نے سوال کیا کہ جب منی پور میں خواتین پر تشدد ہورہا تھا تواس وقت مرکزی حکومت نے کتنی ٹیمیں بھیجی تھیں ؟ وزیراعلیٰ نے کہا کہ’’ میں جانتی ہوں کہ سی پی ایم اور بی جے پی کے لوگوں نے آر جی کر اسپتال میں توڑ پھوڑ کی ہے۔ ‘‘ انہوں نے بی جے پی کے زیر اقتدار گجرات میں گینگ ریپ، اناؤ اور ہاتھرس سانحہ نیز اتراکھنڈ میں نرس کی عصمت دری اور قتل کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کس کے دور میں ہوا؟ممتا نے بائیں  محاذ کے دور اقتدار میں  ہونے والے جرائم کا بھی حوالہ دیا اور موجودہ معاملے پر سیاست کئے جانے کی پرزور مذمت کی۔ انہوں  نے کہاکہ جب اناؤ اور ہاتھرس میں  اس طرح کے واقعات ہوتے ہیں   تو یہ لوگ احتجاج نہیں کرتے۔ راج بھون میں خواتین کو ہراساں  کرنے کے واقعہ کے خلاف بھی کوئی احتجاج نہیں کیا گیا۔ ممتا بنرجی نے عوام کو متنبہ کیا کہ ’’سوشل میڈیا پر آنے والی تمام خبریں سچ نہیں ہوتیں۔ سائبر کرائم ایک بڑا جرم ہے اور بہت سے لوگوں نے پیسہ کمانے اور سیاست کرنے کیلئے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کا استعمال کیا ہے۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے:اقوام متحدہ نے جوہری تجربات پر ہمیشہ کیلئے پابندی عائد کردینے کا مشورہ دیا

کالج کےسابق پرنسپل سے پوچھ تاچھ
اس بیچ سی بی آئی نے جانچ میں  پیش رفت کرتے ہوئے جمعہ کو میڈیکل کالج کے سابق پرنسپل ڈاکٹر سندیپ گھوش سے پوچھ تاچھ کی۔ سی بی آئی ذرائع کے مطابق ڈاکٹر گھوش کو پوچھ تاچھ کیلئے صبح ساڑھے ۸؍ بجے کے آس پاس حراست میں لیاگیا۔ اسپتال کے سابق سپرنٹنڈنٹ سنجیو وششٹھ اور سینےکے امراض کے محکمہ کے سربراہ ارونابھا دت کو پوچھ تاچھ کیلئے سمن کیاگیاہے۔ ا س خبر کے لکھے جانے تک سابق پرنسپل کی گرفتاری عمل میں  آچکی تھی۔ 
ملک بھر میں مظاہروں میں شدت
اس بیچ ملک بھر میں  کولکاتا سانحہ کے خلاف احتجاج میں شدت آگئی ہے۔ سی بی آئی جانچ کا مطالبہ منظور ہوجانے کے بعد بھی ملک گیر سطح پر مظاہروں  میں شدت پر حیرت کااظہار کرتے ہوئے ممتا بنرجی کے اس الزام کی تائید کی جارہی ہے کہ معاملے کا سیاسی فائدہ اٹھانے کی گھنونی سازش رچی جارہی ہے۔ جمعہ کو کولکاتا کی پریسیڈنسی یونیورسٹی کے ۵۰۰؍ طلبہ نے متاثرہ ڈاکٹر اوراس کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے مارچ کیا۔ ۳؍ کلومیٹر طویل اس مارچ کے دوران اس بات پر اطمینان کا اظہار بھی کیاگیا ہے کہ ملک بھر میں  ڈاکٹر اور میڈیکل کالج کے اساتذہ انصاف کیلئے اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK