• Sun, 22 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

منی پور میں حالات پھر کشیدہ، امت شاہ کی ریلیاں منسوخ، دہلی روانہ

Updated: November 17, 2024, 3:59 PM IST | Imphal

منی پور میں حالات پھر خراب ہونے پر وزیر داخلہ امت شاہ نے مہاراشٹر کی ریلیاں منسوخ کر کے دہلی کا رخ کیا اور سی آر پی ایف کے ڈی جی امپھال روانہ ہو گئے۔ کئی اضلاع میں کرفیو ہے اور انٹرنیٹ معطل کر دیا گیا ہے۔

Amit Shah has canceled the Maharashtra election rallies. Photo: INN.
امیت شاہ نے مہاراشٹر کی انتخابی ریلیاں منسوخ کردی ہیں۔ تصویر: آئی این این۔

منی پور میں حالات مسلسل کشیدہ ہو رہے ہیں۔ اتوار کو منی پور کی صورتحال کے پیش نظر مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے مہاراشٹر کے ودربھ میں اپنی طے شدہ ریلیاں منسوخ کر کے دہلی واپسی کی۔ دوسری جانب سی آر پی ایف کے ڈائریکٹر جنرل انیش دیال کو فوری طور پر منی پور روانہ کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق یہ قدم ریاست کی خراب امن و امان کی صورتحال اور بڑھتی ہوئی تشدد کی سرگرمیوں کے بعد اٹھایا گیا ہے۔ منی پور کے جری بام اور فیرازول اضلاع میں اتوار کو انٹرنیٹ اور موبائل ڈیٹا معطل کر دیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق، میتئی اور کوکی برادریوں کے درمیان نسلی تنازعے کے باعث کشیدگی شدت اختیار کر گئی ہے۔ سی آر پی ایف کیمپ پر شدت پسندوں کے حملے کے بعد جھڑپوں میں اضافہ ہوا ہے، جس سے متاثرہ علاقوں میں خوف کی فضا قائم ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: الیکشن کمیشن نے باہمی شکایتوں پر بی جے پی اور کانگریس سے جواب طلب کیا

صورتحال اس وقت مزید بگڑ گئی جب جریبام کے بارک دریا سے چھ لاپتہ افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں۔ ان واقعات کے بعد مشتعل مظاہرین نے سنیچرکو ۳؍ وزراء اور۶؍ ارکان اسمبلی کے گھروں پر حملے کئے۔ حالات کے پیش نظر حکومت نے پانچ اضلاع میں کرفیو نافذ کر دیا ہے اور حساس علاقوں میں انٹرنیٹ سروس معطل کر دی گئی ہے۔ اہلکاروں کے مطابق، سنیچرکو برآمد ہونے والی لاشوں میں دو خواتین اور ایک بچہ شامل تھے، جبکہ جمعہ کی رات تین مزید لاشیں ملیں جن میں ایک خاتون اور دو بچے شامل تھے۔ ان تمام لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے آسام کے سلچر میڈیکل کالج بھیج دیا گیا ہے۔ بتا دیں کہ چند دن قبل منی پور میں سکیوریٹی فورسیز نے ایک بڑی کارروائی کے دوران کم از کم گیارہ مسلح کوکی شدت پسندوں کو ہلاک کیا تھا، جو جری بام کے بوروبکرا میں پولیس اسٹیشن پر حملہ کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ مرکزی حکومت منی پور کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور امن قائم کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK