منوج جرنگے کی ایک بار پھر دیویندر فرنویس پر تنقید ، سوال کیا ’’ سنتوش دیشمکھ قتل معاملے میں ہر بات کیلئے احتجاج کرنا پڑ رہا ہے تو آپ نے حکومت کے طور پر کیا کیا ؟‘‘
EPAPER
Updated: February 27, 2025, 5:10 PM IST | Mumbai
منوج جرنگے کی ایک بار پھر دیویندر فرنویس پر تنقید ، سوال کیا ’’ سنتوش دیشمکھ قتل معاملے میں ہر بات کیلئے احتجاج کرنا پڑ رہا ہے تو آپ نے حکومت کے طور پر کیا کیا ؟‘‘
مراٹھا سماجی کارکن منوج جرنگے نے بیڑ میں یہ کہہ کر مہایوتی میں کھلبلی مچادی کہ ’ کاش اس وقت ایکناتھ شندے کی حکومت ہوتے، وہ اب تک سب ( سنتوش دیشمکھ کے قاتلوں ) کو جیل میں ڈال چکے ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ آپ نے اب تک ۹؍ لوگوں کو جیل میں ڈالا ہے، وہ بھی سنتوش دیشمکھ کے اہل خانہ کے احتجاج کی وجہ سے۔ ‘‘ منوج جرنگے منگل کی رات بیڑ کے مساجوگ گائوں میں مظاہرین سے خطاب کر رہے تھے جنہوں نے اپنے مطالبات کیلئے بھوک ہڑتال کر رکھی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ہندی زبان ’’تھوپنے‘‘ کی کوششوں پر جنوبی ہند میں سخت برہمی
یاد رہے کہ منوج جرنگےنے جب مراٹھا ریزرویشن کیلئے تحریک چھیڑ رکھی تھی اس وقت بھی وہ دیویندر فرنویس کو نشانہ بنایا کرتے تھے۔ جبکہ ایکناتھ شندے کے تعلق سے ان کا رویہ نرم تھا۔ اب جبکہ دونوں کے عہدے بدل گئے ہیں۔ فرنویس نائب وزیر اعلیٰ سے وزیر اعلیٰ ہو گئے ہیں اور ایکناتھ شندے وزیر اعلیٰ کے عہدے سے ہٹاکر نائب وزیر اعلیٰ بنا دیئے گئے ہیں، اب بھی جرنگے کا نشانہ فرنویس کی طرف ہے۔ منوج جرنگے نے کہا ’’سنتوش دیشمکھ قتل معاملے میں ہرایک بات کیلئے احتجاج کرنا پڑ رہا ہے۔ اب تک آپ (فرنویس) نے ۹؍ لوگوں کو گرفتار کیا ہے وہ بھی اس لئے کہ سنتوش دیشمکھ کے اہل خانہ نے احتجاج کیا۔ ایک حکومت کے طور پر آپ نے کیا کیا ہے؟ ‘‘ جرنگے نے پھر فرنویس پر مراٹھا دشمنی کا الزام لگاتے ہوئے کہا ’’ آپ کے اندر کتنی نفرت بھری ہوئی ہے اس بات سے اندازہ ہو جاتا ہے۔ آپ نے جب وزیر اعلیٰ ( ایکناتھ شندے ) کی چلنے نہیں دی تو اب نائب وزیر اعلیٰ کی کیا چلنے دیں گے؟ ‘‘ منوج جرنگے نے کہا ’’کاش اس وقت ایکناتھ شندے کی حکومت ہوتی، وہ سب کو جیل میں ڈال دیتے۔ ‘‘ انہوں نے کہا ’’ دیویندر فرنویس تو یہاں آئے تک نہیں، یہاں کے ضلع کلکٹر کو، یا پولیس سپرنٹنڈنٹ کو کسی طرح کا اختیار نہیں ہے۔ صرف لیڈران یہاں آتے ہیں۔ کاغذات جمع کرتے ہیں اور تقریر کرکے چلے جاتے ہیں۔ ‘‘
یہ بھی پڑھئے: ہندی زبان ’’تھوپنے‘‘ کی کوششوں پر جنوبی ہند میں سخت برہمی
اس دوران منوج جرنگے نے بیڑ کے ضلع کلکٹر اور پولیس سپرنٹنڈنٹ کو فون لگایا اور کہا کہ مساجوگ گائوں کے لوگ اس وقت تک اپنا احتجاج جاری رکھیں گے جب تک کہ ان کے مطالبات پورے نہیں ہو جاتے۔ یہ لوگ کسی کی نہیں سنیں گے۔ یاد رہے کہ سنتوش دیشمکھ کے گائوں مساجوگ میں لوگوں نے منگل سے کھانا پینا ترک کر دیا ہے۔ انہوں نے انتظامیہ کو اپنے کچھ مطالبات پیش کئے ہیں جن کے پورے ہونے تک وہ بھوکے رہیں گے اور ۳؍ دنوں کے اندر مطالبات پورے نہ ہوئے تو پانی پینا بھی ترک کر دیں گے۔
منگل کی شام منوج جرنگے ان لوگوں سے یکجہتی کا اظہار کرنے کیلئے منوج جرنگے مساجوگ پہنچے تھے۔ گائوں والوں کے مطالبات میں مفرور ملزم کرشنا اندھارے کی گرفتاری اور اس معاملے میں اجول نکم کو وکیل استغاثہ مقرر کرنا بھی شامل ہے۔ ساتھ ہی فاسٹ ٹریک کورٹ میں مقدمہ چلانے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔