• Fri, 08 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’پولیس فائرنگ میں۲؍ مسلمانوں کی ہلاکت شرمسار کرنے والا واقعہ ہے‘‘

Updated: September 15, 2024, 11:27 AM IST | Inquilab News Network | New Delhi

مولانا بدرالدین اجمل کا سخت رد عمل، کہا’’ یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، اس سے پہلے نوگاؤں میں بھی مسلمانوں کو پولیس گولیوں کانشانہ بناچکی ہے۔‘‘

Maulana Badruddin Ajmal. Photo: INN
مولانا بدرالدین اجمل۔ تصویر : آئی این این

سابق رکن پارلیمنٹ اور جمعیۃ علماء صوبہ آسام کے صدرمولانا بدرالدین اجمل نے آسام کے کامروپ ضلع میں پولیس کی فائرنگ میں دو بے گناہ مسلمان کی ہلاکت اور اس پر ریاست کی بی جے پی سرکار کے ظالمانہ رویہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے انسانیت کو شرمسار کرنے والا واقعہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ لوگ تھے جو سرکار کے ذریعہ اپنے گھروں کے توڑے جانے کی مخالفت میں احتجاج کر رہے تھے، اسی درمیان پولیس سے جھڑپ ہو گئی اور پولیس نے ان پر گولی چلا دی جس میں دو مسلم نوجوانوں کی جان چلی گئی۔ 
  مولانابدرالدین اجمل نے مزید کہا کہ ہماری ہدایت پر پارٹی کے ایم ایل اے کی ٹیم جب ہلاک شدگان کے اہل خانہ اور متاثرین سے ملنے گئی تاکہ ان کے حالات سے واقفیت حاصل کرکے ان کی مالی اور قانونی مدد کی جائے مگر پولیس نے نہ صرف انہیں وہاں جانے سے روکا بلکہ ایم ایل اے کے ساتھ پولیس نے دھکا مکی اور بد تمیزی بھی کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ ریاست کے وزیر اعلیٰ خاطی پولیس والوں کی سرزنش کرنے اور ان کے خلاف کارروائی کی بجائے بے چارے غریب متاثرین کو ہی سنگین نتائج کی دھمکی دے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:آخری تاریخ میں تبدیلی، فائدہ اُٹھائیں، آج آخری دِن

مولانا نے کہا کہ یہ پہلا واقعہ نہیں ہے بلکہ اس سے پہلے بھی کچھ سال پہلے ریاست کی پولیس نے نوگائوں میں احتجاج کرنے والے مسلمانوں کو اپنی گولی کا نشانہ بنایا تھا جس میں کئی لوگوں کی جان چلی گئی تھی۔ 
 مولانا اجمل نے ان تمام معاملات کے متعلق وزیر اعظم اوروزیر داخلہ کو خط لکھ کر شدیدتشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیاہے کہ ریاستی سرکار کی اس بابت سرزنش کی جائے اوراسے مسلمانوں کے خلاف متعصبانہ کارروائی سے احتراز کرنے کی ہدایت دی جائے، نیز خاطی پولیس اہلکاروں کو سزا دینے کا بھی حکم دیا جائے تاکہ آئندہ کسی معصوم کی جان لینے کی جرأت نہ کرسکیں۔ مولانا نے کہا ہم سڑک سے لے کر اسمبلی اور عدالت میں بھی ریاستی سرکار کے ظلم کے خلاف لڑائی کو جاری رکھیں گے۔ واضح رہےکہ گزشتہ روز آسام کے کامروپ ضلع میں ضلع انتظامیہ کی جانب سے مبینہ سرکاری زمین پر بسےمسلمانوں کے مکانات پرچلائے جارہے بلڈوزر چلایا جارہا ہے۔ اس کے خلاف احتجاج کرنے والے افراد پر پولیس نے فائرنگ کردی جس میں ۲؍ مسلم نوجوان حیدر علی اور واحدعلی جاں بحق ہو گئے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK