کانگریس،سماجوادی، جے ڈی یو اور ’آپ‘کےا راکین نے اسرائیل کی مذمت کی، حکومت ہند سے امن کیلئے مداخلت کی اپیل۔
EPAPER
Updated: August 26, 2024, 10:14 AM IST | Agency | New Delhi
کانگریس،سماجوادی، جے ڈی یو اور ’آپ‘کےا راکین نے اسرائیل کی مذمت کی، حکومت ہند سے امن کیلئے مداخلت کی اپیل۔
کانگریس، سماجوادی، جےڈی یو اور ’آپ‘سمیت کئی پارٹیوں کے اراکین پارلیمان نے غزہ میں نسل کشی اور فلسطینیوں پر ظالمانہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے حکومت ہند سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ متاثرین کیلئے انصاف اور امن کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کرے۔
فلسطین کیلئے حمایت کے اظہار کے مقصد سے اتوار کوسماجوادی پارٹی کے جاوید علی اور محب اللہ ندوی، ’آپ‘ کے سنجے سنگھ، جے ڈی یو کے کے سی تیاگی اورکانگریس کے دانش علی نے دہلی میں ’’لیگ آف پارلیمنٹیرینس فار القدس‘‘کے جنرل سیکریٹری محمد مکرم بلاوی کی میٹنگ میں شرکت کی۔
یہ بھی پڑھئے: مودی حکومت کی یونیفائیڈپنشن اسکیم کو کانگریس نے ایک اور یوٹرن قراردیا
بلاوی نے تفصیل سے بتایا کہ اسرائیل کس طرح عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئےعام شہریوں کو نشانہ بنارہاہے اور غزہ پر ظلم ڈھا رہاہے۔ انہوں نے متوجہ کیا کہ اسرائیلی حملوں میں جاں بحق ہونے والے ۴۰؍ ہزار سے زائد افراد میں آدھے سے زیادہ بچے اور خواتین ہیں۔
میٹنگ میں شریک مختلف پارٹیوں کے نمائندوں نے ایک زبان ہوکر کہا کہ وہ بلا کسی پس وپیش کے ’’صہیونی جارحیت‘‘ اور ’’اسرائیل کے ذریعہ فلسطینی عوام کی ظالمانہ نسل کشی ‘‘کی مذمت کرتے ہیں۔ بیان میں اس قتل عا م کو امن وانصاف کے اصولوں اور عالمی قوانین کے منافی قرار دیتے ہوئے فلسطین کیلئے ہندوستان کی تاریخی حمایت کا بھی حوالہ دیاگیا۔