غزہ میں اسرائیلی فوج نے رفیوجی مراکز اور بے گھر خاندانوں کو نشانہ بنایا۔ ان حملوں میں ۹۵؍ فلسطینی جاں بحق ہوگئے۔
EPAPER
Updated: November 21, 2024, 10:02 PM IST | Jerusalem
غزہ میں اسرائیلی فوج نے رفیوجی مراکز اور بے گھر خاندانوں کو نشانہ بنایا۔ ان حملوں میں ۹۵؍ فلسطینی جاں بحق ہوگئے۔
غزہ اور لبنان میں اسرائیل کے فضائی حملے جاری ہیں جس کے باعث علاقائی کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ حال ہی میں اسرائیل نے شام پر بھی فضائی حملہ کیا۔ ذرائع کے مطابق، گزشتہ ۲۴ گھنٹوں میں، غزہ، شام اور لبنان میں اسرائیلی فضائی حملوں میں ۱۴۰ سے زائد ہلاکتوں کی اطلاع ملی ہے۔ اسرائیلی فوج نے غزہ میں رفیوجی مراکز اور بے گھر خاندانوں کو نشانہ بنایا۔ ان حملوں میں ۹۵ فلسطینی جاں بحق ہوگئے۔ متاثریں میں عام شہری، بچے اور خواتین شامل ہیں۔ خان یونس میں خیموں پر اسرائیلی فوج کی گولہ باری کے نتیجے میں ۸ افراد ہلاک ہوئے۔ اسرائیلی فوج نے النصیرات رفیوجی کیمپ میں بے گھر خاندانوں کو پناہ دینے والے اسکول پر بھی حملہ کیا جس میں ۶ ہلاکتوں کی تصدیق کی گئی ہے۔ غزہ پٹی کے دیگر علاقوں رفح، غزہ شہر اور جبالیہ سے اموات رپورٹ کی گئی ہیں جہاں اسرائیلی فوج نے رہائشی مقامات کو نشانہ بنایا۔
یہ بھی پڑھئے: سوڈان: ہیضہ کی وباء میں اضافہ، ۳۲۸؍ نئے معاملات، ایک ہزار سے زائد اموات
لبنان میں طائر ضلع پر فضائی حملوں میں ۹؍ افراد ہلاک اور ۷۰ زخمی ہوگئے۔ مارکہ اور قلیلہ قصبوں پر کئے گئے حملوں میں کافی جانی نقصان ہوا ہے۔ اسرائیلی افواج، دہیہاتوں کی طرف پیش قدمی کرنے کی کوشش کر رہی تھیں لیکن اسے لبنان کی جنوبی سرحد کے قریب شدید جھڑپوں کا سامنا کرنا پڑا۔ شام میں پالمیرا شہر پر فضائی حملے میں زائد از ۳۶ افراد ہلاک اور ۵۰ سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔ رپورٹس کے مطابق، اسرائیلی فوج نے شام میں رہائشی اور صنعتی علاقوں کو نشانہ بنایا جس سے بڑے پیمانے پر مالی نقصان ہوا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل، اسرائیل شام میں ایران اور حزب اللہ سے منسلک فورسیز کو کمزور کرنے کیلئے متعدد مرتبہ حملے کر چکا ہے۔ خبر لکھے جانے تک، اسرائیلی فوج نے تازہ حملے کے متعلق کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔