داؤدی بوہرا کمیونٹی نے ملک بھر میں ’’سیو آور اسپروز (SOS)‘‘ کے نام سے ایک مہم شروع کی ہے جس کے تحت گھریلو چڑیوں (گوریا)کے تحفظ کیلئے کولکاتااور اس کے آس پاس تقریباً۵؍ہزار ۳۰۰؍ برڈ فیڈرز نصب کئے گئے ہیں۔
EPAPER
Updated: March 20, 2025, 3:31 PM IST | Kolkata
داؤدی بوہرا کمیونٹی نے ملک بھر میں ’’سیو آور اسپروز (SOS)‘‘ کے نام سے ایک مہم شروع کی ہے جس کے تحت گھریلو چڑیوں (گوریا)کے تحفظ کیلئے کولکاتااور اس کے آس پاس تقریباً۵؍ہزار ۳۰۰؍ برڈ فیڈرز نصب کئے گئے ہیں۔
ایک ایسی کمیونٹی جو کاروباری مہارت اور فلاحی کاموں کیلئے مشہور ہے، نے گھریلو چڑیوں (گوریا)کے تحفظ کیلئے اقدامات کئے ہیں کیونکہ شہری علاقوں میں ان کی تعداد مسلسل کم ہو رہی ہے۔ داؤدی بوہرا کمیونٹی نے ملک بھر میں ’’سیو آور اسپروز (SOS)‘‘ کے نام سے ایک مہم شروع کی ہے۔ یہ مہم پہلی بار۲۰۱۱ء میں متعارف کرائی گئی تھی اور اس سال اسے۶؍ مارچ سے دوبارہ شروع کیا گیا۔
مہم کے اقدامات
کولکاتااور اس کے آس پاس تقریباً۵؍ہزار ۳۰۰؍ برڈ فیڈرز نصب کئے گئے ہیں۔ یہ فیڈرز بوٹینیکل گارڈن، سینٹرل پارک (سالت لیک)، ایڈن گارڈنز، ناخدا مسجد اور کئی رہائشی عمارتوں میں لگائے گئے ہیں۔ دی ہیریٹیج، ڈان باسکو پارک سرکس، کولکاتا انٹرنیشنل، سیفی گولڈن جوبلی انگلش پبلک اسکول، نارائنا جیسے اسکولوں میں بھی برڈ فیڈرز رکھے گئے ہیں۔ چڑیوں کی خوراک کیلئے ان فیڈرز میں جوار اور باجرا کے بیج ڈالے گئے ہیں۔ ۶؍ مارچ کو شروع ہونے والی یہ مہم۲۰؍ مارچ، عالمی یوم چڑیا (World Sparrow Day) پر مکمل ہو گی۔
یہ بھی پڑھئے: ناگپور :حالات پُرامن، کچھ علاقوں میں کرفیو برقرار، گرفتاریوں کا سلسلہ دراز
مہم کی اہمیت اور مقاصد
یہ مہم پروجیکٹ رائز (داؤدی بوہرا کمیونٹی کے عالمی فلاحی شعبے) کے تعاون سے کی جا رہی ہے اور برہانی فاؤنڈیشن (کمیونٹی کی ماحولیاتی تنظیم) اس کی قیادت کر رہی ہے۔ ۵۳؍ ہزار برڈ فیڈرز گھروں، اسکولوں، پارکوں اور کمیونٹی سینٹرز میں تقسیم کئےجا چکے ہیں۔ اس مہم کا مقصد چڑیوں کی تیزی سے کم ہوتی ہوئی تعداد پر روشنی ڈالنا اور ان کے رہائشی علاقوں کے تحفظ کی ضرورت کو اجاگر کرنا ہے۔
چڑیوں کی تعداد میں کمی کی وجوہات
اگرچہ گھریلو چڑیا معدومیت کے خطرے سے دوچار نہیں لیکن شہری علاقوں خصوصاً میٹرو شہروں میں ان کی تعداد کم ہو رہی ہے۔ ۲۰۲۰ءمیں شائع شدہ ’’اسٹیٹس آف انڈین برڈز‘‘ رپورٹ کے مطابق کیڑے مکوڑوں کی تعداد میں کمی (جو چڑیوں کے بچوں کی خوراک کا اہم جزو ہے) ایک بڑی وجہ ہو سکتی ہے۔ چڑیوں کے گھونسلے بنانے کیلئے موزوں مقامات کی قلت بھی ایک ممکنہ عنصر ہے۔ موبائل فون ٹاورز کی شعاعوں کے اثرات کے بارے میں عام نظریہ سائنسی طور پر ثابت نہیں ہو سکا ہے۔