• Fri, 18 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

مودی کی کابینہ میں یوپی بہار کی نمائندگی سب سے زیادہ، مہاراشٹر سے صرف دو وزراء

Updated: June 10, 2024, 3:56 PM IST | Inquilab News Network | New Delhi

لوک سبھا انتخابات میں این ڈی اے کو مہاراشٹر سے ۴۶؍ سیٹیں ملی ہیں جن میں سے ۲؍ کابینی وزیر نتن گڈکری اور پیوش گوئل کابینی کائونسل میں شامل کئے گئے ہیں۔ گجرات، مدھیہ پردیش اور راجستھان سے پانچ پانچ لیڈران کو وزارتی کائونسل میں جگہ ملی ہے۔

Cabinet Ministers. Photo: INN
کابینہ کے وزراء۔ تصویر: آئی این این

نریندر مودی نے اتوار کی شام حلف برداری کے ساتھ ہی مسلسل تیسری دفعہ وزیراعظم کاعہدہ سنبھال کر ملک کے پہلے وزیراعظم جواہر لعل نہرو کے ریکارڈ کی برابری کرلی ہے۔ مودی کی کابینہ میں ۷۲؍ وزراء اور وزرائے مملکت شامل ہیں جن میں اترپردیش اور بہار سے تعلق رکھنے والے لیڈران کی تعداد زیادہ ہے۔ اترپردیش، جہاں سے ۸۰؍ ممبران پارلیمنٹ منتخب ہوتے ہیں، کے لیڈران کو ۹؍ وزارتیں دی گئی ہیں جن میں ایک کابینی وزارت شامل ہے۔ بہار کے حصہ میں ۴؍ کابینی وزراء سمیت کل ۹؍ وزراتیں آئی ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: عہدہ سنبھالتے ہی پی ایم مودی نے کسان ندھی یوجنا کے فائل پر دستخط کئے

مودی کی کابینہ میں مہاراشٹر، جہاں رواں سال نومبر میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں، کی نمائندگی کم ہے۔ مہاراشٹر کو ۶؍ سیٹیں ملی ہیں جن میں ۲؍ کابینی وزیر شامل ہیں۔ گجرات، مدھیہ پردیش اور راجستھان، ان ریاستوں سے پانچ پانچ لیڈران کو وزارتی کائونسل میں جگہ ملی ہے۔ ہریانہ، آندھرا پردیش اور تمل ناڈو سےتین تین لیڈران کو مودی کی کابینہ میں شامل کیاگیا ہے جبکہ ادیشہ، آسام، جھارکھنڈ، تلنگانہ، پنجاب، مغربی بنگال اورکیرالا ریاستوں سے دو دو لیڈران کابینہ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ 
اترپردیش سے صرف راجناتھ سنگھ کابینی وزیر ہیں جبکہ گجرات سے تعلق رکھنے والے وزیراعظم نریندر مودی، امیت شاہ، من سکھ مانڈویہ اور چندرکانت رگھوناتھ پاٹل، کابینہ میں شامل ہیں۔ بہار کے چار کابینی وزراء میں ریاست کے سابق وزیراعلیٰ جیتن رام مانجھی (ہندوستانی عوام مورچہ۔ سیکولر)، راجیو رنجن سنگھ للن (جنتا دل یونائٹیڈ)، گری راج سنگھ (بی جے پی) اور چراغ پاسوان (لوک جن شکتی پارٹی۔ رام ولاس پاسوان گروپ) شامل ہیں۔ مدھیہ پردیش سے تین لیڈران، ، ریاست کے سابق وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان، وریندر کمار اور جیوترادتیہ سندھیا کوکابینی وزارتیں دی گئی ہیں جبکہ نتن گڈکری اور پیوش گوئل، مودی کی نئی کابینہ میں مہاراشٹر کی نمائندگی کررہے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK