• Fri, 27 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

عہدہ سنبھالتے ہی پی ایم مودی نے کسان ندھی یوجنا کے فائل پر دستخط کئے

Updated: June 10, 2024, 2:53 PM IST | Inquilab News Network | New Delhi

وزیراعظم نریندر مودی نے کسان سمان ندھی یوجنا کے فائل پر دستخط کرتے ہوئے کہا کہ اس اسکیم سے ملک کے ۳ء۹؍ کروڑ کسانوں کو فائدہ پہنچے گا جن میں ۲۰؍ ہزار کروڑ روپے تقسیم کئے جائیں گے۔ واضح رہے کہ حالیہ پارلیمانی انتخابات میں بی جے پی اور این ڈی اے اتحاد کو دیہی علاقوں میں کم ووٹ ملے ہیں۔

Prime Minister Narendra Modi. Photo: INN
وزیر اعظم نریندر مودی۔ تصویر : آئی این این

اتوار کومسلسل تیسری میعاد کیلئے وزیراعظم بننے کے ایک دن بعد ۱۰؍ جون بروز پیر، نریندر مودی نے پردھان منتری کسان سمان ندھی یوجنا کے تحت کسانوں کو دی جانے والی رقم کی۱۷؍ ویں قسط اداکرنے کے حکمنامہ پر دستخط کئے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ اس اسکیم سے ملک کے ۳ء۹؍ کروڑ کسانوں کو فائدہ پہنچے گا۔ پی ایم اسکیم کے تحت کسانوں میں ۲۰؍ ہزار کروڑ روپے تقسیم کئے جائیں گے۔ واضح رہے کہ ۹؍ جون بروز اتوار وزیراعظم کے عہدے کی حلف برداری کے بعد نریندر مودی پیر کو دفتر پہنچے اور عہد ہ سنبھالا۔ 
مودی نے اس موقع پر کہا کہ حکومت بننے کے بعد ہم نے کسانوں کو فائدہ پہنچانے والی اسکیم پر دستخط کئے ہیں۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ این ڈی اے حکومت، کسانوں کی بھلائی کیلئے پرعزم ہے۔ ہم آئندہ بھی کسانوں اور زرعی شعبہ کی بہتری کیلئے کام کرتے رہیں گے۔ فیصلہ سےاین ڈی اے حکومت کی کسانوں کے تئیں سنجیدگی ظاہر ہوتی ہے۔ حالیہ پارلیمانی انتخابات میں بی جے پی اپنے بل بوتے پر واضح اکثریت نہیں حاصل کرپائی لیکن اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر حکومت بنانے میں کامیاب ہوگئی ہے۔ اسے خصوصاً دیہی علاقوں میں کم ووٹ ملے ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: ملی جلی سرکار کی واپسی، مودی تیسری بار وزیراعظم،۷۲؍ وزراء شامل، کئی چیلنج درپیش


یاد رہے کہ پردھان منتری کسان سمان یوجنا مرکزی حکومت کی اسکیم ہے جس کے تحت، ملک میں قابل کاشت زمین کے مالک اور اہل کسان گھرانوں کو مالی امداد فراہم کی جاتی ہے۔ اس امداد کے ذریعہ، کمزور کسان زراعت اور اس سے جڑے کاموں اور گھریلو ضرورتوں کو پورا کرسکتے ہیں۔ پی ایم کسان اسکیم کا آغاز فروری ۲۰۱۹ء میں ہوا تھا جب ۲۰۱۹ ء کے پارلیمانی انتخابات قریب تھے۔ اس اسکیم کے تحت کسانوں کےآدھار سے منسلک بینک کھاتوں میں سالانہ کل ۶؍ ہزار روپے، ۲؍ ہزار روپے کی تین قسطوں میں ادا کئے جاتے ہیں۔ اس اسکیم کے تحت صرف زمین رکھنے والے کسانوں کو ہی امداد فراہم کی جاتی ہے۔ پی ایم کسان پورٹل پر کل ۵۳ء۹؍ کسانوں کی زمینوں کی تفصیلات منسلک کی جاچکی ہے۔ پی ایم کسان اسکیم کے لئے اہل کسان گھرانوں کا انتخاب کرنے اوربینک کھاتے سمیت ان کی صحیح تفصیلات، پی ایم کسان پورٹل پر اپلوڈ کرنے کی ذمہ داری ریاستی حکومتوں کو دی گئی ہے۔ اسکیم کے ذریعے اب تک ۱۱؍ کروڑ استفادہ کنندگان کو متعدد قسطوں میں ۴۲ء۲؍ کروڑ روپے تقسیم کئے جاچکے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK