• Wed, 05 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

درانداز اور زیادہ بچے والوں سے میری مراد غریب تھے، مسلمان نہیں: وزیراعظم مودی

Updated: May 15, 2024, 4:45 PM IST | New Delhi

نیوز ۱۸؍ کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے راجستھان میں دیئے گئے بیان کی وضاحت کی جس میں انہوں نے کانگریس پر الزام لگایا تھا کہ وہ عوام کی دولت دراندازوں اور زیادہ بچے والوں میں تقسیم کر دے گی۔ مودی نے کہا کہ اس سے ان کی مرادغریب تھی نہ کہ مسلمان۔ انہوں نے کہا ان کی شبیہہ کو ان کے مخالفین نے داغدار کیا ہے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ دراندازوں اور زیادہ بچوں والے خاندانوں کے بارے میں ان کے حالیہ تبصرہ تمام غریب خاندانوں کےحوالے سے تھے نہ کہ خاص طور پر مسلمانوں کے۔ نیوز ۱۸؍کو انٹرویو دیتے ہوئے مودی نے کہا کہ میں ووٹ بینک کے لیے کام نہیں کرتا، میں سب کا ساتھ، سب کا وکاس میں یقین رکھتا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جس دن میں ہندو مسلم کرنا شروع کر دوں گا، میں عوامی زندگی کے لائق نہیں رہ جاؤں گا۔مودی نے کہا کہ زیادہ بچے والے خاندانوں پر ان کے تبصرے غربت کے تعلق سےتھے نہ کے مذہب کے. انہوں نے کہا، "آپ کو کس نے بتایا کہ جب بھی کوئی زیادہ بچوں والے لوگوں کے بارے میں بات کرتا ہے، تو اس کا اشارہ مسلمان کی ہی جانب ہوتا ہے؟ غریب خاندانوں میں بھی، ان کے سماجی حلقے سے قطع نظر، یہی صورت حال ہے۔میں نے کہا ہے کہ ایک کے اتنے بچے ہونے چاہئیں جتنے آپ سنبھال سکتے ہیں۔ ایسی صورتحال پیدا نہ ہونے دیں جہاں حکومت کو آپ کے بچوں کی دیکھ بھال کرنی پڑے۔

یہ بھی پڑھئے: ؕناندیڑ: ای وی ایم کی تبدیلی کیخلاف ونچت بہوجن اگھاڑی کا احتجاج

۲۰۰۲ءکے گجرات فسادات کی عکاسی کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ مسلمانوں میں ان کی شبیہ کو ان کے مخالفین نے ’داغدار‘ کیا ہے۔ یہ مسئلہ مسلمانوں کا نہیں ہے، میرے گھر میں میرے آس پاس تمام مسلمان گھرانے ہیں، ہمارے گھر میں عید منائی جاتی تھی، اور ہمارے گھر میں اور بھی تہوار ہوتے تھے، میرے گھر تمام مسلمان گھرانوں سے کھانا آتا تھا۔۲۰۰۲ءکے بعد، میری تصویر کو داغدار کیا گیا۔یہ پوچھے جانے پر کہ کیا آئندہ لوک سبھا انتخابات میں مسلمان انہیں ووٹ دیں گے، مودی نے کہا کہ ملک کے لوگ مجھے ووٹ دیں گے۔مودی نے راجستھان میں ایک ریلی میں لگائے گئے الزامات کا بھی جواب دیا، جہاں انہوں نے کانگریس پر الزام لگایا کہ وہ دولت کو دوبارہ تقسیم کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے، بشمول سونا اور جائیداد، زیادہ بچے رکھنے والوں میں۔ انہوں نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ ان کے بیانات کانگریس کے ارادوں کے بارے میں رپورٹوں پر مبنی ہیں۔
اسی دن پی ایم مودی نے لگاتار تیسری میعاد کے لیے اتر پردیش کی وارانسی لوک سبھا سیٹ کے لیے اپنے کاغذات نامزدگی داخل کیے۔ ان کے ساتھ کئی این ڈی اے لیڈر بھی تھے، جنہوں نے حمایت کا بھرپور مظاہرہ کیا۔واضح رہے کہ وارانسی میں لوک سبھا انتخابات کے ساتویں اور آخری مرحلے میں یکم جون کو ووٹ ڈالے جائیں گے، ووٹوں کی گنتی ۴؍جون کو ہوگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK