ولادی ووستوک میں جاری چار روزہ مشرقی اقتصادی فورم سے روسی صدر ولادیمیر پوتن کا خطاب۔ عالمی لیڈروں اور تاجروں کی شرکت۔
EPAPER
Updated: September 06, 2024, 1:37 PM IST | Agency | Vladivostok
ولادی ووستوک میں جاری چار روزہ مشرقی اقتصادی فورم سے روسی صدر ولادیمیر پوتن کا خطاب۔ عالمی لیڈروں اور تاجروں کی شرکت۔
روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے جمعرات کو کہا کہ روس شمالی سمندری راستے پر کارگو ٹریفک میں اضافہ جاری رکھے گا۔ پوتن نے مشرقی اقتصادی فورم (ای ای ایف) کے اجلاس کے دوران کہاکہ ’’ ہم سمندری راستے سے سامان کی آمدورفت میں اضافہ کریں گے۔ اسی طرح ماسکو شمالی سمندری راستے کی حدود میں روسی بندرگاہوں کی صلاحیت کو بھی بڑھانا جاری رکھے گا۔ شمالی سمندری راستے پر کیبوٹیج کے سفر کا آغاز دو سال پہلے کیا گیا تھا، آج یہ اسکیم۱۴؍ بندرگاہوں پر محیط ہے۔ میں یہ بتانا چاہوں گا کہ گزشتہ سال کے آخر تک شمالی سمندری راستے کی حدود میں روسی بندرگاہوں کی گنجائش ۴۰؍ ملین ٹن سے تجاوز کر گئی تھی، ہم سمجھتے ہیں کہ یہ صرف شروعات ہے اور ہم کارگو کی ترسیل کو جدید بناتے ہوئے ان کی صلاحیتوں میں اضافہ کر رہے ہیں۔ مختصر اور طویل فاصلے تک ریلوے تک رسائی کو بڑھانا جاری رکھیں گے۔ ‘‘
یہ بھی پڑھئے:شملہ میں مسجد کے نام پر ماحول بگاڑنے کی کوشش
ایسٹرن اکنامک فورم منگل کو شروع ہوا اور جمعہ تک جاری رہے گا۔ اس کی میزبانی روس کے بحر الکاہل کے ساحلی شہر ولادی ووستوک میں فار ایسٹرن فیڈرل یونیورسٹی کر رہی ہے۔
مشرقی اقتصادی فورم ایک ایسے وقت منعقد کیا جا رہا ہے، جب یوکرین پر حملے کے جواب میں روس کیخلاف اقتصادی پابندیوں میں سختی کی جا رہی ہے۔ یادرہےکہ ایسٹرن اکنامک فورم کا آغاز ۲۰۱۵ء میں ہوا۔ اس کا مقصد مشرق بعید کی معیشت کو ترقی دینا ہے۔ ۴؍ روزہ فورم میں ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم اور چین کے نائب صدر ہان ژینگ اور دیگر عالمی لیڈروں نے کی شرکت کی۔ ۴۰؍ سے زائد کاروباری شخصیات نے بھی اس فورم میں شرکت کی ہےجن میں ہندوستان اور چین کے بھی تاجر شامل ہیں۔ ماسکو بظاہر ایسے ممالک کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مستحکم کرنا چاہتا ہے جنہوں نے اس کے خلاف پابندیاں عائد نہیں کی ہیں۔