ہندو جاگرن منچ کے ممبران نے کاسٹیوم کو اپنے پاس رکھ لیا اور ڈیلیوری بوائے سے "جے شری رام" کا نعرہ لگانے کا مطالبہ کیا۔
EPAPER
Updated: December 26, 2024, 10:02 PM IST | Inquilab News Network | Bhopal
ہندو جاگرن منچ کے ممبران نے کاسٹیوم کو اپنے پاس رکھ لیا اور ڈیلیوری بوائے سے "جے شری رام" کا نعرہ لگانے کا مطالبہ کیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایک ویڈیو بڑی تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں ایک ڈیلیوری ایجنٹ کو سانتا کلاز کا سرخ کاسٹیوم اتارنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ یہ واقعہ مدھیہ پردیش کے شہر اندور میں پیش آیا۔ ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ ایک فوڈ ڈیلیوری ایجنٹ کو ایک ہندو گروپ کے اراکین نے روکا اور اس کو سانتا کلاز کاسٹیوم اتارنے پر مجبور کیا جو اس نے کرسمس کی مناسبت سے پہن رکھا تھا اور آرڈر ڈلیور کرنے کیلئے جارہا تھا۔ ہندو جاگرن منچ کے ممبران نے کاسٹیوم کو اپنے پاس رکھ لیا اور ڈیلیوری ایجنٹ سے "جے شری رام" کا نعرہ لگانے کا مطالبہ کیا۔ نعرہ لگانے کے بعد ایجنٹ کو جانے دیا گیا۔
Zomato Delivery man made to remove Santa Claus costume pic.twitter.com/imRTcYZe5W
— Webdunia Marathi (@WebduniaMarathi) December 26, 2024
ویڈیو میں ہندوتوا گروپ کے ممبران نے ایجنٹ سے پوچھا کہ "کیا آپ کبھی دیوالی پر بھگوان رام کا لباس پہن کر لوگوں کے گھر جاتے ہیں؟" ڈیلیوری ایجنٹ، جس کا نام ارجن بتایا جارہا ہے، نے جواب دیا کہ فوڈ ڈیلیوری ایپ زوماٹو نے کرسمس کے موقع پر اس لباس کوڈ کو لازمی قرار دیا تھا اور تعمیل کے ثبوت کے طور پر ڈیلیوری اہلکاروں کو سیلفی بھیجنے کیلئے کہا گیا تھا۔ ارجن نے کہا کہ اگر اس ڈریس کوڈ کی عدم تعمیل کیاجائے تو اس کی تنخواہ میں کٹوتی کی جاسکتی ہے یا اس کی آئی ڈی کو بلاک کیا جاسکتا ہے۔ ویڈیو میں ہندو جاگرن منچ کے اراکین کو کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ "ہم ہندو ہیں۔ ہم بچوں کو کیا پیغام دے رہے ہیں؟ کیا صرف سانتا کلاز کا لباس پہن کر پیغام دینا ضروری ہے؟ اگر آپ واقعی کوئی پیغام دینا چاہتے ہیں تو بھگت سنگھ یا چندر شیکھر آزاد کا لباس پہنیں۔ "
تلنگانہ گِگ اینڈ پلیٹ فارم ورکرز یونین نے اس واقعہ پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور زوماٹو کے سی ای او دیپندر گوئل سے اس واقعہ کا نوٹس لینے اور ڈیلیوری ورکرز کو درپیش چیلنجوں سے نپٹنے کو ترجیح دینے کی تاکید کی ہے۔ یونین نے کہا کہ تہوار کے مواقع، مارکیٹنگ کے لحاظ سے اہم ہوتے ہیں لیکن کارکنوں کے وقار، حفاظت یا آرام کی قیمت پر مارکیٹنگ کو ترجیح نہیں دی جانی چاہئے۔ ڈیلیوری ورکرز کو درپیش مشکلات کو سمجھنا اور ان کے لئے ایک محفوظ، مزید باعزت ماحول پیدا کرنے کے لیے کوشش کرنا بہت ضروری ہے۔
یونین کے بانی اور صدر شیخ صلاح الدین نے بیان دیا کہ میں ڈیلیوری ورکرز کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہوں اور اس طرح کی ہراسانی کی مذمت کرتا ہوں۔ گگ اور پلیٹ فارم ورکرز، عزت اور حمایت کے مستحق ہیں۔ ہم، زوماٹو سمیت دیگر کمپنیوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ مستقبل میں ان کے ملازمین اس قسم کے واقعات سے محفوظ رہیں۔