مرکز کے زیر انتظام علاقے چندی گڑھ میں یکم جون کو پولنگ ہونے والی ہے۔ یہاں۶؍ لا کھ ۴۷؍ ہزار ۲۹۱؍رجسٹرڈ ووٹرز ہیں ۔۲۰۲۴ء کی انتخابی فہرست کے مطابق کل میں سے ۱۵۰۰۶؍پہلی بار ووٹ دینے والے ہیں جن کی عمریں ۱۸؍ اور۱۹؍سال ہیں جبکہ ایک لاکھ ۳؍ ہزار ۱۴۶؍ رائے دہندگان کی عمر۶۰؍ یا اس سے زیادہ ہے۔
کانگریس امیدوار منیش تیواری ۔ تصویر : آئی این این
مرکز کے زیر انتظام علاقے چندی گڑھ میں یکم جون کو پولنگ ہونے والی ہے ۔ یہاں۶؍ لا کھ ۴۷؍ ہزار ۲۹۱؍رجسٹرڈ ووٹرز ہیں۔۲۰۲۴ء کی انتخابی فہرست کے مطابق کل میں سے ۱۵۰۰۶؍پہلی بار ووٹ دینے والے ہیں جن کی عمریں ۱۸؍ اور۱۹؍سال ہیں جبکہ ایک لاکھ ۳؍ ہزار ۱۴۶؍ رائے دہندگان کی عمر۶۰؍ یا اس سے زیادہ ہے۔۲۰۱۴ء کے عام انتخابات میں اس سیٹ سے بی جے پی کی کرن کھیر نے ۱ء۹۱؍لاکھ ووٹ حاصل کرتے ہوئے کانگریس لیڈر پون کمار بنسل کو شکست دی جنہوں نے ۱ء۲۱؍لاکھ ووٹ حاصل کیے تھے۔ عام آدمی پارٹی کی امیدوار گل پناگ نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور۱ء۰۸؍ لاکھ ووٹ ملے تھے۔ ۲۰۱۹ء میں بی جے پی نے ایک بار پھر کرن کھیر کو نامزد کیا تھا اور وہ ۲ء۳۱؍ لاکھ ووٹوں کے ساتھ جیتی تھیں جبکہ پون کماربنسل کو۱ء۸۴؍ لاکھ ووٹ ملے تھے۔ ۲۰۱۹ء میں عام آدمی پارٹی کے ووٹوں کا تناسب صرف ۳؍ فیصد تک رہ گیا تھا۔ اس کے امیدوار ہر موہن دھون کو۱۳۷۸۱؍ ووٹ ملے تھے ۔جبکہ اس سے قبل ۲۰۱۴ء میں گل پناگ نے ۲۳ء۹۷؍ فیصدووٹ حاصل کئے تھے۔
اس سیٹ سے کانگریس نے سینئر لیڈر منیش تیواری کو میدان میں اتارا ہے جو پنجاب کے آنند پور صاحب کے موجودہ رکن پارلیمنٹ ہیں۔ منیش تیواری وکالت بھی کرچکے ہیں۔ ان کے مقابلے میں بی جے پی کے سنجے ٹنڈن امیدوار ہیں۔کانگریس کی مرکزی انتخابی کمیٹی نے دہلی میں منعقدہ میٹنگ میں تیواری کے نام پر مہر لگائی تھی جبکہ چندی گڑھ کے سابق ایم پی پون کمار بنسل اور چندی گڑھ کانگریس کے صدر ہرموہندر سنگھ بھی ٹکٹ کے خواہشمند تھے۔
یہ بھی پڑھئے: یوپی :ساتویں مرحلے میں کئی سیٹوں پر دلچسپ مقابلہ کا امکان
انڈیا اتحادمیں سیٹوں کے معاہدہ کے تحت عام آدمی پارٹی نے چندی گڑھ کے میئر کے انتخابات میں اپنا امیدوار کھڑا کیا تھا اور چندی گڑھ کی لوک سبھا سیٹ کانگریس کے لیے چھوڑ دی۔ اس طرح تیواری کانگریس اور اے اے پی کے مشترکہ امیدوار ٹھہرے۔ چندی گڑھ ۵۸؍ سالہ منیش تیواری کا آبائی شہر ہے۔ وہ یہیں پیدا ہوئے اور یہیں ان کی پرورش ہوئی۔ ۲۰۱۹ء کے لوک سبھا انتخابات میں منیش تیواری نےآنند پورصاحب سے ۴؍ لاکھ ۲۷؍ ہزار۹۵۵؍ووٹوں کے ساتھ جیت حاصل کی تھی۔ انہوں نے شرومنی اکالی دل کے پریم سنگھ چندومجرا کو شکست دی تھی۔ منیش تیواری کانگریس کے سینئر لیڈر ہیںاورکئی محاذوں پر حکومت کو گھیرتے رہے ہیں۔
منیش تیواری کے مقابلے میں بی جے پی نے۲؍ بار کی ممبر پارلیمنٹ کرن کھیر کی بجائے سنجے ٹنڈن کو اپنا امیدوار بنایا ہے ۶۰؍ سالہ سنجے ٹنڈن پنجاب سے تعلق رکھتےہیں اور چھتیس گڑھ کے سابق گورنر بلرام جی داس ٹنڈن کے بیٹے ہیں۔ وہ ۲۰۱۰ء سے ۲۰۱۹ء تک سب سے طویل مدت تک چندی گڑھ بی جےپی کے صدررہے ہیں۔
ان کی ا میدواری کا اعلان چندی گڑھ بی جے پی میں کئی لیڈروں اور کارکنوں کیلئے حیران کن تھا جو ایک مقامی امیدوار کو کھڑا کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے تھے۔ پارٹی لیڈران سابق صدر ارون سود اور کئی دوسرے خواہشمند تھے۔ کچھ تو ٹنڈن کے خلاف بھی تھے اور دلچسپ بات یہ ہے کہ مقامی بی جے پی کی کمیٹی نے کرن کھیر کا نام تک نہیں اعلیٰ کمان کو نہیں بھیجا تھا۔ بتا دیں کہ سنجے ٹنڈن ہماچل پردیش بی جے پی کے شریک انچارج بھی ہیں۔