• Sun, 24 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ورلی میں بی ایم ڈبلیو کار سےکچل کرخاتون ہلاک، شندے سینا کا لیڈرحراست میں لیا گیا

Updated: July 08, 2024, 10:59 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

۲۴؍ سالہ بیٹا جو حادثے کے وقت کار میں تھا اور ممکنہ طورپر ڈرائیونگ بھی کررہاتھا فرار ہوگیا، فوت ہونےوالی خاتون ۱۰۰؍ میٹر تک کار کے ساتھ گھسٹتی ہوئی گئی۔

Police inspecting the BMW car while media representatives are also present. Photo: INN
پولیس بی ایم ڈبلیو کار کا معائنہ کرتےہوئے جبکہ میڈیا کے نمائندےبھی موجود ہیں۔ تصویر : آئی این این

ممبئی میں علی الصباح ورلی میں شیوسینا شندے گروپ کے لیڈر راجیش شاہ کے بیٹے کی بی ایم ڈبلیو کار سے ٹکر لگنے کے بعد ایک خاتون کی موت نے پونے میں پورشے کار حادثے کی یاد تازہ کردی ہے۔ حادثے کی نوعیت سے ظاہر ہے کہ بی ایم ڈبلیو کار انتہائی لاپروائی سے چلائی جارہی تھی جس نے اسکوٹر پر سوار پردیپ ناکوا اور ان کی بیوی کاویری ناکوا کوٹکر ماری۔ حادثہ کے بعد رُکنے کےبجائے کار ڈرائیور نے بھاگنے کی کوشش کی اور خاتون کاویری ناکوا جو کار میں  پھنس گئی تھی کم از کم ۱۰۰؍ میٹر تک گھسٹتی ہوئی چلی گئی۔ ناکوا کی موت ہوگئی جبکہ شوہر اسپتال داخل ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے:’’شرم آتی ہے کہ دُنیا کی سب سےبڑی جمہوریت کاوزیراعظم ایسی زبان کا استعمال کرتا ہے‘‘

ورلی پولیس شیوسینا( شندے) کے لیڈر راجیش شاہ کوحراست میں  لے کر پوچھ تاچھ کررہی ہے جبکہ کار میں موجود ڈرائیور کو بھی حراست میں لے گیاہے۔ راجیش شاہ کا بیٹا مہیر شاہ (۲۴؍ سال) فرار ہے۔ یہ حادثہ علی الصباح ساڑھے ۵؍ بجے پیش آیا۔ پردیپ اوراس کی اہلیہ یومیہ کاروبار کیلئے مچھلی خریدنے جارہے تھےکہ راستے میں انہیں بی ایم ڈبلیو کار نے ٹکر ماردی۔ غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق کار شندے سینا کے لیڈر کا ۲۴؍ سالہ بیٹا مہیر چلا رہا تھا۔ تاہم پولیس نے ابھی اس کی تصدیق نہیں کی۔ پولیس نے کار اور اسکوٹر اپنی تحویل میں لے لی ہے۔ راجیش شاہ کے ساتھ ہی کار کے ڈرائیور کو بھی حراست میں لے کر پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔ 

ورلی پولیس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق حادثہ کا شکار ہونے والا متاثرہ جوڑا جو ورلی کولی واڑہ کے علاقے میں رہتا ہے، صبح ساڑھے ۵؍ بجے ساسون ڈاک پر مچھلی خریدنے گیا تھا اور وہاں سے لوٹ رہا تھا کہ اچانک پالگھر سے شندے سینا کے ڈپٹی لیڈر راجیش کا بیٹا اور اس کا ڈرائیور انتہائی لاپروائی سے بی ایم ڈبلیو کار چلاتے ہوئےاٹریا مال کے قریب بائیک پر سوار جوڑے کو کچل دیا تھا۔ مذکورہ بالا حادثہ میں ہونے والی موت پر ڈپٹی کمشنر آف پولیس کرشنا کانت اپادھیائے نے بتایا کہ ’’ ابتدائی تفتیش کے بعد تیز رفتار اور لاپروائی سے گاڑی چلانے، ایک فرد کی موت کا سبب بننے اور ایک کو شدید زخمی کرنے کے تحت کیس درج کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی گاڑی میں موجود برجیش بداوت اور لیڈر راجیش شاہ کو حراست میں لے کر پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔ ‘‘ انہوں نے لیڈر کے بیٹے مہیر کے کار چلانے کی ضمن میں پوچھے گئے سوال پر تفتیش جاری ہونے اور دو لوگوں سے پوچھ تاچھ کرنے کے علاوہ سی سی ٹی وی کیمرہ کا جائزہ لئے جانے کے ساتھ ہی تفتیش جاری ہونے کا عذر پیش کیا۔ وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے حادثے پر اپنے ردعمل میں  کہا کہ ’’کسی کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائے گی شفافیت کے ساتھ جانچ ہوگی۔ ‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK