شو میں شریک افراد سے پوچھ تاچھ، ماہم میںواقع مکان کی تلاشی بھی لی گئی۔
EPAPER
Updated: April 02, 2025, 1:55 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai
شو میں شریک افراد سے پوچھ تاچھ، ماہم میںواقع مکان کی تلاشی بھی لی گئی۔
اسٹینڈاپ کامیڈین کنال کامرا کے ذریعہ مبینہ طور پر نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے پر طنز کرنے کا معاملہ اب اتنا طول پکڑگیا ہے کہ ممبئی پولیس کسی بھی صورت میں کنال کامرا کو گرفتار کرنا چاہتی ہے یا پھر انہیں ہراساں کرنا چاہتی ہے لیکن وہ ہاتھ نہیں آرہے ہیں۔ چونکہ وہ پڈوچیری، تمل ناڈو میں مقیم ہیں اس لئے ممبئی پولیس چاہ کر بھی بہت کچھ نہیں کرپارہی ہے۔اسی لئے پولیس نے اس شو میں شریک ہونے والے سامعین سے پوچھ تاچھ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سے قبل پیر کو ممبئی کرائم برانچ نے کنال کامرا کی ماہم میں واقع ان کی رہائش گاہ کی تلاشی لی تھی ۔ یہ رہائش گاہ خالی تھی کیوں کہ کنال کامرا گزشتہ ۱۰؍ سال سے وہاں نہیں رہتے۔ اس معاملے میں ناکامی کے بعد پولیس نے پروگرام میں شرکت کرنے والوں سے پوچھ تاچھ کرنے اور ان کا بیا ن ریکارڈ کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: مالونی: سڑک کے ایک ہی طرف عید کی نماز ادا کرکے مثبت پیغام دینے کی کوشش
۲۳؍ مارچ کو کنال کامرا نے اپنے یوٹیوب چینل پر ’نیا بھارت‘ کے نام سے منعقد کیا گیا اپ لوڈ کیا تھا ۔ اس شو کے دوران کنال کامرا نے موجودہ ریاستی حکومت، وزیر اعلیٰ کے علاوہ نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کا نام لئے بغیر گہرا لیکن معنی خیز طنز کیا تھاجس کے بعد ان کے خلاف ممبئی کےکھار پولیس اسٹیشن کے علاوہ ریاست کے دیگر کئی پولیس اسٹیشنوں میں کیس درج کرلیا گیا تھا لیکن کامرا نے بھی مدراس ہائی کورٹ سےپیشگی ضمانت حاصل کرلی ہے۔
ممبئی پولیس جب کنال کامرا کے گھر پہنچی تو انہوں نے ٹویٹ کرکے اطلاع دی کہ وہ گزشتہ ۱۰؍ برسوں سے مستقل طور پرپانڈیچری میں مقیم ہیں۔ انہیں وہاں کچھ نہیں ملے گا۔ پولیس کی اس کارروائی پرکامرا نے کہا کہ جس رہائش گاہ کو میں ۱۰؍ سال قبل چھوڑ چکا ہوں ، وہاں مجھے تلاش کرکے پولیس اپنا وقت کیوں ضائع کررہی ہے۔مجھے پولیس پر ترس آرہا ہے کہ وہ اپنے آقائوں کو خوش کرنے کے لئے کیسے کیسے کام کررہی ہے۔ بعد ازیں ممبئی کرائم برانچ نے اس شو میں شامل ہونے والوں سے پوچھ تاچھ کا سلسلہ شروع کیا ہے ۔ پولیس نے اس سلسلہ میں شومیں شامل ہونے والے کئی لوگوں کو طلب کیا ہے اور ان کے بیانات درج کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ اس پر شو میں شامل ہونے والے افراد کا تو ردعمل سامنے نہیں آسکا لیکن ذرائع کا کہنا ہے کہ ان میں سے بہت سے افراد نےبیان تو درج کرادیا ہےلیکن وہ پولیس کے طریق کار سے سخت نالاں ہیں کیوں کہ ان لوگوں نے ٹکٹ خرید کر صرف شو دیکھا تھا لیکن پولیس کا رویہ انہیں ہراساں کرنے والا محسوس ہو رہا ہے۔