• Sat, 23 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ممبئی : جون میں بارش کم ہوئی مگر جولائی کی بارش نے تلافی کردی

Updated: July 15, 2024, 10:57 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

نصف جولائی تک ہی ایک ہزار ملی میٹر بارش کا نشانہ پار ہوگیا جو گزشتہ سال ۲۱؍ جولائی کو پار ہوا تھا۔

A student enjoys the rain in Mumbai. Photo: INN
ممبئی میں ایک طالب علم بارش سے لطف ا ندوز ہورہاہے۔ تصویر : آئی این این

ممبئی میں جون میں بارش بہت کم ہوئی لیکن جولائی میں  ہونے والی بارش نے اس کی تلافی کردی ہے۔ شہر میں ۱۴؍ جولائی تک ایک ہزار ملی میٹر سے زیادہ بارش ہو چکی ہے۔ گزشتہ برس ۲۱؍ جولائی کو ایک ہزار ملی میٹر بارش کا نشانہ پار ہوا تھا۔ اس دوران محکمہ موسمیات نے پیر کیلئے ممبئی اور تھانے کیلئے بارش کی وارننگ کی شدت میں کمی کردی ہے افسران کا اندازہ ہے کہ پیر کو بارش میں کمی آئے گی۔ 

یہ بھی پڑھئے: ’مطلقہ مسلم خواتین کے نان ونفقہ سے متعلق عدالتی فیصلہ ناقابل قبول‘

محکمہ موسمیات کے ریکارڈ کے مطابق سنیچر کو صبح ۸؍ بجے سے اتوار کو صبح ساڑھے ۵؍ بجے تک شہر و مضافات میں اچھی بارش ہوئی لیکن اتوار کو صبح ساڑھے ۸؍ سے شام ساڑھے ۵؍ بجے تک معمولی بارش ریکارڈ کی گئی۔ ممبئی کے علاوہ کوکن خطے میں   شدید بارش ریکارڈ کی جارہی ہے۔ عروس البلاد میں   ہونے والی بارش کے جو اعدادوشمارجاری کئے گئے ہیں  ان کے مطابق سنیچر کو صبح ساڑھے ۸؍ بجے سے اتوار کوصبح ساڑھے ۵؍ بجے تک قلابہ میں ۷۷ء۴؍ ملی میٹر اور سانتا کروز میں ۱۳۱ء۲؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ مختلف مقامات پر نصب پیمائش کے آلات میں دہیسر میں ۱۷۱ء۵؍ ملی میٹر، رام مندر میں ۱۵۱ء۵، وکھرولی میں ۱۳۱ء۵، بائیکلہ میں ۶۵ء۵، سائن میں ۸۱ء۲؍ اور ماٹونگا میں ۷۱ء۵؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس کے مقابلے اتوار کو صبح سے شام ساڑھے ۶؍ بجے کے درمیان قلابہ میں ۵ء۸؍ اور سانتا کروز میں محض ۲؍ ملی میٹر بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق قلابہ میں واقع مشاہدہ گاہ میں اس سال اب تک ایک ہزار ۷۴ء۶؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جاچکی ہے اور سانتا کروز میں ایک ہزار ۸۹ء۲۱؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جاچکی ہے۔ گزشتہ برس ان مقامات پر ۲۱؍ جولائی کو ایک ہزار ملی میٹر بارش کا نشانہ پار ہوا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK